مہینے بھر میں نتیش کمار دوسری بارکانگریس صدر سے ملنے پہنچے، ملاقات کے بعد کھرگے نے اعلان کیا کہ ’’ملک اب متحد ہوگا، اسے نیارُخ دینے کے عمل میں پیش رفت ہوئی ہے‘‘
EPAPER
Updated: May 23, 2023, 9:52 AM IST | new Delhi
مہینے بھر میں نتیش کمار دوسری بارکانگریس صدر سے ملنے پہنچے، ملاقات کے بعد کھرگے نے اعلان کیا کہ ’’ملک اب متحد ہوگا، اسے نیارُخ دینے کے عمل میں پیش رفت ہوئی ہے‘‘
پیر کوکانگریس صدر سے نتیش کمار کی مہینے بھر میں دوسری ملاقات کے بعد پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے پُریقین لہجے میں بتایا کہ بی جے پی کے خلاف وسیع تر اتحاد کیلئے اپوزیشن کی میٹنگ بہت جلد ہوگی جس میں لیڈروں کی ’’بڑی تعداد‘‘شریک ہوگی۔ قیاس ہے کہ یہ میٹنگ نتیش کمار پٹنہ میں منعقد کریں گے۔ اس سوال پر کہ میٹنگ کہاں اور کب ہوگی، وینو گوپال نے کہا کہ آئندہ ایک سے ۲؍ دن میں میٹنگ کا وقت اور جگہ طے کرلی جائے گی۔
ملک کو نیا رخ دینے کا عزم
اس سے قبل ملکارجن کھرگے نےبھی ٹویٹ کیا کہ ’’ملک بہت جلد متحد ہوگا۔ جمہوریت کو مضبوط کرنا ہی ہمارا پیغام ہے۔ میں نے اور راہل گاندھی نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ ملک کے موجودہ سیاسی حالات پر گفتگو کی اور ملک کو ایک نیا رخ دینے کیلئے پیش قدمی کافیصلہ کیا۔‘‘کھرگے اور راہل گاندھی سے ملاقات کے وقت نتیش کمار کے ساتھ جنتادل متحدہ کے صدر للن سنگھ بھی تھے۔یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد کیلئے گزشتہ ماہ ملکارجن کھرگے کے ساتھ میٹنگ کے بعد نتیش کمار کئی پارٹیوں کو ساتھ لانے کیلئے ان کے لیڈروں سے مل چکے ہیں۔ اتوار کو انہوں نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجروال سے بھی ملاقات کی اور افسران کے تبادلے اور تعیناتی کے معاملے میں مرکز کے خلاف ان کی لڑائی میں انہیں پوری حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
آرڈیننس :’ آپ ‘ کو کانگریس کی حمایت
نتیش کمار اور ملکارجن کھرگے کی ملاقات کے کچھ ہی دیر بعد کانگریس نے مرکزی حکومت کے اس آرڈیننس کے خلاف عام آدمی پارٹی کی حمایت کا اعلا ن کیا جس کے ذریعہ مودی سرکار دہلی حکومت کے اختیارات کو چھین رہی ہے۔ کانگریس کے اس موقف سے اپوزیشن کے اتحاد کی کوششوں کو اور بھی تقویت ملنے کی امید ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کو کیجریوال سے ملاقات کے بعد نتیش کمار نے اس آرڈیننس کو ’’آئین کے منافی‘‘ قراردیاتھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’منتخب حکومت کو دیئے گئے اختیارات اس طرح کیسے چھینے جاسکتےہیں؟‘‘
۱۱؍ جون کو عام آدمی پارٹی کی مہاریلی
عام آدمی پارٹی جو مودی سرکار کے آرڈیننس کے خلاف پورے اپوزیشن کی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے، نے ۱۱؍ جون کو مہار یلی کا اعلان کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی اس نے اس کے خلاف راجیہ سبھا میں بل کو متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی اپوزیشن سے حمایت کی اپیل کرتے ہوئے اس نے اسے اپوزیشن کی ’اگنی پریکشا‘ قرار دیاہے۔ آپ لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ ’’اس آرڈیننس کے خلاف تمام اپوزیشن پارٹیوں کو ایک ہوجانا چاہئے۔ یہ اگنی پریکشا وقت ہے۔ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ ہے، جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں بچی ہے۔