Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ووٹ چوری‘ کیخلاف آج اپوزیشن کا مارچ

Updated: August 11, 2025, 10:05 AM IST | Agency | New Delhi

’انڈیا‘ کے۳؍سو ایم پی پارلیمنٹ سےالیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹرزتک پیدل جائیںگے، کانگریس جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی کیلئے پُرعزم، ’ووٹ چوری‘ پورٹل کا اجراء کیا، عوامی حمایت کیلئے مسڈ کال کی مہم بھی شروع کی، آج دہلی میں  پارٹی کے جنرل سیکریٹریز کی میٹنگ

Congress had indicated in the `Voter Rights Rally` to be held in Bangalore that it would take this fight further. Photo: INN
کانگریس نےبنگلور میں ہونےوالی ’ووٹ ادھیکار ریلی‘ میں اشارہ دے دیاتھا کہ وہ اس لڑائی کو آگے تک لے جائے گی۔ تصویر: آئی این این

الیکشن کمیشن پر’’ووٹ چوری ‘‘ کا سنسنی خیز الزام عائد کرنے کے بعد کانگریس  اسے تحریک کی شکل دینے کی تیاری کررہی ہے۔اس ضمن میں اسے ’انڈیا‘ اتحاد کی بھر پور حمایت بھی مل رہی ہے جس کے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے  ۳۰۰؍ ایم پی پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹرز تک مارچ کریں گے۔ پارٹی نے عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے ’’ووٹ چوری‘‘ پورٹل کا اجراء کیا ہے جس   کے ذریعہ ووٹرکانگریس کی اس مہم  سے جڑسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مسڈ کال مہم بھی شروع کی گئی  ہے تاکہ جو لوگ ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف ہیں وہ مس کال دے کر اپنی حمایت درج کراسکیں۔ اس کے علاوہ آگے کی حکمت عملی کیلئے پیر کو  دہلی میں کانگریس  کے اعلیٰ عہدیداروں کی ایک میٹنگ بھی طلب کی گئی ہے۔ 
الیکشن کمیشن کے صدردفتر تک مارچ
 لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی کی قیادت میںاپوزیشن اتحاد کے ممبران پارلیمان  ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف پیر کو پارلیمنٹ  ہاؤس  سے الیکشن کمیشن تک مارچ کریں گے۔ اتحاد کے فلور لیڈرس بھی الیکشن کمشنرس سے ملاقات کر کے باضابطہ طور پر اپنے اعتراضات درج کرائیں گے۔ یہ مارچ صبح تقریباً ساڑھے ۱۱؍بجے پارلیمنٹ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ کانگریس نے بنگلور میں ’ووٹ ادھیکار ریلی‘ میں اس کا اعلان کیا تھا۔   پارٹی کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال  کےمطابق جس طرح باپو نے ہندوستان چھوڑو تحریک کے دوران  ’’کرو یا مرو‘‘ کا نعرہ دیا تھا، اسی طرح ہمیں جمہوریت کو بچانے کیلئے ’کرو یا مرو‘ کے مشن کا آغاز کرنا ہوگا۔
آج کانگریس کے ذمہ داران کی میٹنگ
 کے سی وینوگوپال نے اپنے ایکس پوسٹ میں  اعلان کیا ہے کہ ’’ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری اور انتخابی دھوکہ دہی کے خلاف  ملک گیر مہم پر تبادلۂ خیال کرنے کیلئے  آل انڈیا کانگریس کمیٹی  کے جنرل سکریٹریز، انچارج اور فرنٹل آرگنائزیشن کے سربراہوں کی ایک میٹنگ۱۱؍اگست کی شام ساڑھے چار بجے ۲۴؍ اکبر روڈ پر منعقد ہوگی۔‘‘  اس میٹنگ کی صدارت کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے کریں گے۔ 
 اس سے قبل ۹؍ اگست کو یعنی راہل گاندھی کے انکشاف کے ایک دن بعد ملک بھر کی پردیش کانگریس کمیٹیوں نے  اس انتخابی دھوکہ دہی میں بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنے کیلئے ریاستی ہیڈکوارٹرز میں راہل گاندھی کی تاریخی پریس کانفرنس کی نمائش کی۔
’ووٹ چوری ‘پورٹل مسڈ کال مہم
 کانگریس نے اسے عوامی تحریک میں  تبدیل کرنے کیلئےووٹ چوری ڈاٹ اِن کے نام سے ایک پورٹل بنایاہے جس میں عام شہری جا کر اپنی حمایت درج کراسکتے ہیں۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈجیٹل ووٹر لسٹ فراہم کرے۔ پورٹل میں مبینہ  ’’ووٹ چوری‘‘ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے  ہوئے  اس عزم کا بھی اظہار کیاگیا ہے کہ کانگریس  ’’اپنی پوری طاقت کے ساتھ جمہوریت کے تحفظ کی اس لڑائی کو انجام تک پہنچائے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK