Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنگ کے سائے میں عالم اسلام میں عید منائی گئی

Updated: March 21, 2026, 1:29 AM IST | Riyadh

روایتی جوش و خروش کیساتھ تہوار کا اہتمام ،مسجدالحرام اور مسجد نبویؐ میں عید کے روح پرور اجتماعات ، یورپ اور امریکہ میںبھی عید منائی گئی ، برصغیر میں آج نمازِ عید الفطر

Mayor Zahran Mamdani also performed Eid al-Fitr prayers with ordinary Muslims in New York.
میئر ظہران ممدانی نے بھی نیو یارک میں عام مسلمانوں کے ساتھ نماز عید الفطر ادا کی

 سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ اور دیگر کئی ممالک میں  جمعہ کو عیدالفطر کا تہوار مذہبی اور روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔  حالانکہ اس مرتبہ کی عید پر جنگ کے سائے منڈلارہے ہیں اور پوری دنیا میں تشویش پائی جارہی ہے لیکن مسلمانوں نے پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اس اہم تہوار کو نہ صرف منایا بلکہ دوسروں کو ترغیب بھی دی۔ سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات مسجدحرام اور مسجد نبویؐ میں ہوئے، جہاں لاکھوں  افرادنے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر امت مسلمہ کیلئے امن واستحکام کی دعائیں کی گئیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام عید میں عالمی امن و استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
  اس کے علاوہ فلسطین، ترکی، لبنان، یمن، عمان، قطر اور عراق میں بھی عید منائی گئی۔ آسٹریلیا میں بھی عید منائی گئی ۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز سڈنی کی مسجد گئے، جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تہوار میں شریک ہوکر انہیں مبارکباد دی۔ اس  کے علاوہ یورپ  کے بیشتر ممالک ، افریقی ممالک ، امریکہ، سنگاپور اور مشرق بعید کے بہت سے ممالک  میں بھی مسلم برادری نے عیدالفطر کا تہوار منایا۔برطانیہ میں حسب روایت مسلم برادری  نے جوش و خروش کے ساتھ عید منائی ۔ یاد رہے کہ   افغانستان میں گزشتہ روز ہی عیدالفطر منائی گئی اور وہ ایسا کرنے والا واحد ملک تھا  جبکہ  ہندوستان، پاکستان  بنگلہ دیش، انڈونیشیا اورملائیشیا میں چاند کی شہادتیں موصول نہ ہونے کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر کا تہوارسنیچر ۲۱؍مارچ کو منایا جائے گا۔ ہندوستان کی جنوبی ریاستوں کیرالا اور تمل ناڈو میں بھی  جمعہ کو ہی عید منالی گئی  جبکہ ملک کے دیگر حصوںمیں سنیچر کو لوگ عید کی نماز ادا کریں گے ۔کشمیر میں چونکہ چاند نظر نہیں آیا تھا اس لئے عید سنیچر کو منائی جائے گی۔ عام طور پر کشمیر میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منالی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا اور عید کا اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 تمل ناڈو اور کیرالہ میں مقامی مسلمانوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ  نمازادا کی۔ جنوبی ہند کی ان ریاستوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات دیکھنے میں آئے، جہاں لوگوں نے رمضان المبارک کے اختتام پر اجتماعی عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کیا۔تمل ناڈو کے شہر مدورئی میں تمکم میدان میں خصوصی نماز عید کا اہتمام کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اسی طرح کوئمبٹور کے کنیاموتھور علاقے میں عائشہ محل میں بھی نماز عید ادا کی گئی، جس میں مقامی مسلمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ان اجتماعات میں لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا۔کیرالہ میں بھی عیدالفطر کے موقع پر بڑے پیمانے پر نماز کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ترواننت پورم کے چندرشیکھرن نائر اسٹیڈیم میں پالیام جمعہ مسجد میںنماز عید ادا کی گئی، جبکہ کوچی میں کلور عیدگاہ میں بھی ہزاروں افراد نے نماز ادا کی۔ ان مواقع پر امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے  لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔  

iran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK