شاہ سلمان ،ولادیمیر پوتن، طیب اردگان سمیت دیگر نے مبارکباد پیش کی ، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز مبارکباد دینے کیلئے سڈنی کی مسجد پہنچے لیکن انہیں اپنے سابقہ متنازع موقف کے سبب احتجاج کا سامنا کرناپڑا
EPAPER
Updated: March 21, 2026, 2:02 AM IST | Riyadh
شاہ سلمان ،ولادیمیر پوتن، طیب اردگان سمیت دیگر نے مبارکباد پیش کی ، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز مبارکباد دینے کیلئے سڈنی کی مسجد پہنچے لیکن انہیں اپنے سابقہ متنازع موقف کے سبب احتجاج کا سامنا کرناپڑا
عید الفطر کے موقع پر عالمی لیڈران نے اپنے اپنے ملکوں کے ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی فرمانروا نے یہ پیغام دیا
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔سعودی فرمانروا کا یہ خصوصی پیغام وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے پڑھ کر سنایا۔شاہ سلمان نے دعا کی کہ’’ہم رب تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ رمضان المبارک کے تمام نیک اعمال اور عبادتوں کو قبول فرمائے اور ہمیں مزید بھلائی کے کام کرنے کی توفیق عطا کرے۔‘‘ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکتِ سعودی عرب اور پوری ملتِ اسلامیہ کو امن، سلامتی اور پائیدار استحکام کی دولت سے مالامال رکھے۔ شاہ سلمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب ہمیشہ عالمِ اسلام کی خدمت اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یگانگت کے فروغ کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
یہ مقدس تہوار ہمدردی کی علامت ہے:پوتن
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روس کے تمام مسلمان شہریوں کو عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ پوتن نے کہا کہ یہ مقدس تہوار اخلاقی رفعت، رحمت اور ہمدردی کی علامت ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں روسی صدر نے کہا کہ عید الفطر کا تہوار اسلامی اقدار اور روایات سے وابستگی کو مزید مضبوط بناتا ہے اور روس کے مسلمان اپنی تاریخی و روحانی میراث کو بہترین طریقے سے محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔ صدر پوتن نے عید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن بڑے خلوص اور عقیدت کیساتھ خاندانوں کے درمیان منایا جاتا ہے، جبکہ رمضان المبارک کے دوران فلاحی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا فروغ اب ایک قابلِ تحسین روایت بن چکا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بچوں کیلئے منعقد کی جانے والی تقاریب کو بھی اس مستقل روایت کا اہم حصہ قرار دیا۔ روسی صدر نے مسلم تنظیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں خاندانی نظام کے استحکام اور نوجوانوں کی بہتر تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس موقع پر صدر پوتن نے روسی مادرِ وطن کی آزادی اور دفاع کے لیے لڑنے والے مسلمان فوجیوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔
عید الفطر کا تہوار اتفاق و اخوت کا وسیلہ بنے:اردگان
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے جمعہ کے روز اتحاد اور یکجہتی کے پیغام کے ساتھ عید الفطر منائی اور ساتھ ہی مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا۔ترکیہ کے شمالی صوبے ریزے کے گونِی سو ضلع میں مرکزی مسجد میں نماز کے بعد، اردگان نے کہا کہ رمضان کے ختم ہونے اور عید کے آنے کو مسلم دنیا کے لیے تجدید کا موقع سمجھنا چاہیے۔اردگان نے مزید کہا اللہ کرے کہ عید الفطر عالم اسلام کیلئے نجات اور تجدید کا ذریعہ بنے” ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ترکی کے اندر اتحاد اور بھائی چارے کو مضبوط کرے گا۔ انہوں مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور اسے وقت ابلنے سے تعبیر قرار دیا ۔ اسرائیل کی طرف اشارہ کرتے ہوئےانہوںنے کہا کہ یہ صیہونی اسرائیل سینکڑوں اور ہزاروں افراد کو ہلاک کر چکا ہے،مجھے کوئی شک نہیں کہ اسے اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔ صدر نے اپنی گفتگو کا اختتام خیرخواہی کے پیغام کے ساتھ کیا۔ ’’اللہ ہمارا مددگار اور حامی ہو‘‘
آسٹریلیائی وزیراعظم انتھونی البانیز نے عید الفطر کی نماز کے دوران سڈنی کی لیکمبا مسجد کا دورہ کیا جہاں انہیں احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے ان کے خطاب میں خلل ڈالا اور غزہ میں اسرائیل کے جنگی اقدامات پر ان کی حکومت کے موقف پر تنقید کی۔اس واقعہ کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ منتظمین نے ہجوم کو پرسکون کرنے کی کوشش کی۔ مظاہرین کو ہٹانے کیلئے سیکوریٹی اہلکاروں نے مداخلت کی۔