دونوں شہروں میں جلوس کے دوران درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول کی صداؤں سے فضا معطر رہی، پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 10:59 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | kalyan
دونوں شہروں میں جلوس کے دوران درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول کی صداؤں سے فضا معطر رہی، پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔
عید میلادالنبیؐ کے بابرکت موقع پر کلیان اور الہاس نگر میں عاشقانِ رسولؐ نے انتہائی جوش و خروش اور عقیدت و محبت کے ساتھ جلوسِ محمدیؐ نکالا۔ دونوں شہروں میں جلوس کے دوران درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول کی صداؤں سے فضا معطر رہی جبکہ پولیس، انتظامیہ اور رضاکاروں کی جانب سے کئے گئے مؤثر انتظامات کے باعث جلوس پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے: تلوجہ: عید میلاد النبیؐ کا جلوس تزک و احتشام کے ساتھ نکالا گیا
کلیان میں جلوسِ محمدیؐ کا آغاز اے پی ایم سی مارکیٹ سے ہوا۔ جلوس بیل بازار، میمن مسجد، مچھلی بازار اور گھاس بازار سے ہوتا ہوا گووند واڑی کے ڈی ایم سی گراؤنڈ پہنچا جہاں علمائے کرام کی دعاؤں کے ساتھ جلوس کا پُرامن اختتام عمل میں آیا۔ راستے بھر شرکائے جلوس نے نعتیں پڑھتے ہوئے اور درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ جلوس کی قیادت مفتی مبشر رضا ازہری مصباحی نے کی جبکہ مولانا احمد رضا احمد، مولانا قمر رضا مصباحی، مولانا طفیل احمد، عبدل بھائی عرف باباجی، عید میلاد منڈل کے صدر حضور قریشی، مبارس خان، ضمیر شیخ، دانش مبارس سمیت دیگر عمائدین اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسولؐ شریک ہوئے۔ اس موقع پر الجامعۃ الرضویہ اسلامیہ یتیم خانہ کے مہتمم اعلیٰ مولانا مسعود رضا قادری کی قیادت میں ادارے کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ طلبہ قطار در قطار ہاتھوں میں سبز جھنڈیاں اور گلدستے لئے جلوس میں شریک ہوئےجس سے جلوس کی رونق دوبالا ہوگئی۔ جلوس کے راستوں پر عقیدت مندوں کا جوش دیدنی تھا اور مختلف مقامات پر شرکائے جلوس کا استقبال بھی کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے کامیاب اور پُرامن انعقاد پرمنتظمین نے کلیان پولیس انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی اور جلوس کو نظم و ضبط کے ساتھ اختتام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: مراٹھی سیکھنے کا نظم دوبارہ ہوگا لیکن مدت میں توسیع نہیں
دوسری جانب الہاس نگر میں بھی عید میلادالنبیؐ کے موقع پر جلوسِ محمدیؐ تزک و احتشام کے ساتھ برآمد ہوا۔ جلوس کا آغاز شہاڈ پھاٹک سے ہوا اور مختلف راستوں سے گزرنے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے نزدیک اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں بڑی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی اور نعت و درود کی صداؤں سے شہر کی فضا روح پرور ہوگئی۔ جلوس کے پیش نظر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ اہم راستوں پر پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ جلوس کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے میں رضاکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انتظامیہ اور منتظمین کی باہمی کوششوں کے نتیجے میں دونوں شہروں میں جلوسِ محمدیؐ مذہبی عقیدت اور پُرامن ماحول کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔