Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت ،جوش و خروش اور روحانی جذبے کے ساتھ منائی گئی

Updated: May 27, 2026, 11:19 PM IST | Riyadh

سعودی عرب میں سب سے بڑے اجتماعات ،ہندوستان سمیت برصغیر میں آج عید

Locals can be seen in a festive mood after Eid prayers in Cairo.
قاہرہ میں عید کی نماز کے بعد مقامی افراد کوپرجوش انداز میں دیکھا جاسکتا ہے

اسلام کا عظیم تہوار عید الاضحی مختلف ممالک میں مذہبی عقیدت، روایتی جوش و خروش اور روحانی جذبے کیساتھ منایا گیا۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشیا اور مصرسمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کرنے کے بعد سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔ اس دوران ہندوستان کے کچھ مقامات پر بھی عید  منائی گئی اور قربانی کی گئی ۔یورپی ممالک برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، فرانس، آسٹریلیا اور فلپائن میں بھی برادران اسلام نے عید مذہبی احترام کیساتھ منائی۔ 
 مختلف شہروں میں عیدگاہوں اور مساجد میں نمازِعید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں بندگانِ خدا نے امن، بھائی چارہ، امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں قیامِ امن  کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ نمازِعید کی ادائیگی کے فوراً بعد قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو۳؍ دن تک جاری رہے گا۔ شہروں اور دیہی علاقوں میں قربانی کیلئے لائے گئے جانوروں کی خریداری، ذبح اور گوشت کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ اس دوران فلاحی تنظیمیں اور نوجوان رضا کار بھی غریبوں اور مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں مصروف ہیں۔
 دوسری جانب فریضۂ حج کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ میں موجود ۱۷؍ لاکھ سے زائد حجاج کرام مزدلفہ میں پوری رات عبادت وریاضت میں گزارنے اور کنکریاں جمع کرنے کے بعد منیٰ پہنچے  جہاں وہ حج کے اہم رکن ’’رمی جمرات‘‘ کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ یادرہے کہ حجاج کرام بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد جانوروں کی قربانی دیتے ہیں اور پھر حلق کرواکر احرام کھول دیتے ہیں۔ دریں اثناءسعودی عرب کے ادارہ شماریات نے حج کے سرکاری اعداد و شمار جاری کر دئیے ہیں جن کے مطابق رواں برس حج میں ۱۷؍ لاکھ ۷؍ ہزار ۳۰۱؍عازمین نے فریضہ حج ادا کیا۔  بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد ۱۵؍ لاکھ ۴۶؍ ہزار ۶۵۵؍ ہے جبکہ اندرونِ ملک حجاج کی تعداد ایک لاکھ ۶۰؍ ہزار ۶۴۶؍ ریکارڈ کی گئی ہے۔امسال حج کرنے والوں میں  ۸؍لاکھ ۹۳؍ ہزار ۳۹۶؍ مرد اور ۸؍ لاکھ ۱۳؍ ہزار ۹۰۵؍ خواتین  ہیں۔۱۴؍لاکھ۸۵؍ ہزار ۷۲۹؍عازمین فضائی راستے سےسعودی عرب  پہنچے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK