Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید الاضحی کی بھی نماز عید گاہ میں نہیں ادا کی جائے گی

Updated: July 18, 2021, 1:02 AM IST | Kanpur

کانپور قاضیٔ شہر کے اعلان پرعیدگاہ ابھی نہیں کھولی جائیں گی ۔مرکزی عیدگاہ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد بینا جھابرعیدگاہ میں صفائی کا کام بند، دیگر کمیٹیوں کا بھی عید گاہ میں نماز ادانہ کرانے کافیصلہ ۔ باغپت میں جمعیت کے وفد سے ڈی ایم نے کہا:’’ امسال بھی عید الاضحی کی نماز عید گاہ میں نہیں ادا کی جائے گی۔‘‘

Doors closed after stopping cleaning at the main Eidgah in Benajhabar.Picture:Inquilab
بیناجھابر میںواقع مرکزی عیدگاہ میں صفائی کا کام روکنے کے بعد بند دروازے۔( تصویر: انقلاب)

 اتر پر دیش کے کانپور اور باغپت ضلع میں اس مرتبہ بھی گھروں اور مسجدوں  ہی میں  عید الاضحی کی نمازادا  کی جائے گی ۔ انتظامیہ اور علماء کی میٹنگ کے بعد   عید الفطر کی طرح عید الاضحی  کی بھی نماز عید گاہ میں  نہ  پڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 
  کانپور شہر میں حکومت کی گائیڈ لائن  کے مطابق  باہمی دوری   پر عمل مشکل ہونے اور کورونا کی تیسری لہر کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے   عید گاہ میں نما ز ادا نہیں کی جائے گی ۔ اس سے پہلے  قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے عیدگاہوں میں عید الاضحی کی  نمازا دا کرنے کااعلان کیا تھا۔ بعدازاں قاضی شہر کی تجویز  اورمشورہ پر غور وخوض کیلئے مرکزی عیدگاہ کمیٹی کے عہدیداران کی  ہنگامی میٹنگ ہوئی جس میں اتفاق رائے سے مرکزی عیدگاہ میں عید الاضحی کی نماز ادا کرانے کا فیصلہ منسوخ کرکے صفائی ستھرائی کا کام بند کرا دیا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کی دیگر عیدگاہوں کے ذمہ داران نے بھی اپنے یہاں عید الاضحی کی نماز نہ کرانے کا اعلان کیا ہے۔  اسی دوران سبھی مکتب فکر کے قاضیان شہر نے میٹنگیں کرکے عیدگاہ میں نماز نہ اداکرنے کا اعلان کرنےکے ساتھ ساتھ عامۃ المسلمین سے بھی عید الفطر کی طرح عید الاضحی کی بھی نماز محلے کی مساجد میں ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ 
   جمعہ کی نماز میں بھی ائمہ مساجد نے بھی عیدگاہ میں نماز نہ ہونے کی  اطلاع دی اور عید الفطر کی طرح عید الاضحی کی نماز بھی محلے  ہی کی  مساجد میں ادا کرنے کی تلقین کی۔ 
 واضح  رہےکہ گزشتہ پیر کوپولیس کمشنر اسیم ارون جی سے قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے ملاقات کر  کے اس مرتبہ عیدگاہوں میں عیدالاضحی کی نماز اداکرنے کا اعلان کیا  تھاجس کے بعد عیدگاہ کمیٹی کے وفد نے بھی پولیس کمشنر سے ملاقات کی اور اجازت ملنے پر پیر کو جنگی پیمانے پر عیدگاہ کی صفائی کا کام شروع ہو گیا۔ اسی دوران قاضی شہر کی طرف سے کورونا کی تیسری لہر روکنے کیلئے عیدگاہوں میں نمازاداکرنے کا فیصلہ منسوخ  کیا گیا جس کے بعد عیدگاہ کمیٹی کی میٹنگ  ہوئی۔بعدا زاں ان کی جانب سے بھی عید گاہ میں نما ز نہ  اداکرنے کی اطلاع دی گئی ۔  
  اس سلسلے میں عید گاہ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری محمد عمران نے  ایک بیان جاری کرکے   بتایا کہ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ صرف ۵۰؍افراد کو  باہمی دوری کے اصول کی پاسداری کیساتھ نماز ادا کرنے کی اجازت ملی ہے۔ نیز کورونا کی تیسری لہر کا خطرہ بھی ہے۔ ایسے میں کمیٹی کیلئے عیدگاہ میں ۵۰؍ ا فراد کی تخصیص کرنا مشکل ہے،اس لئے کمیٹی نے عید الاضحی کی نماز عیدگاہ میں کرانے کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔
  ادھر باغپت ضلع میں بھی عید گاہ میں عید الاضحی کی نماز ادا کرنے  سے متعلق لوگ تذبذب میں مبتلا تھے ۔اس بارے میں  عوام ضلع  انتظامیہ کی گائڈ لائن کا انتظا کر رہے تھے ۔  یہاں بھی تیاریاں کی جارہی تھیں ۔ عید گاہ کی صاف صفائی کی جارہی تھی  لیکن ضلع انتظامیہ نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جس سے اب لوگ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی گھروں اور محلے کی مساجد میں عید الاضحی کی نماز اد اکریں گے۔  
  اس سلسلے میں  جمعیۃ علماء کے وفد  نے ڈی ایم راج کمل یادو سے ملاقات  کی جس میں انہوں نے صاف طور پر کہا کہ امسال بھی عید الاضحی کی نماز عید گاہ میں نہیں ادا کی جائے گی اور لوگ اپنے گھروں  اورمسجدوں ہی میں  نماز ادا کرکے تیوہار منائیںگے۔ڈی ایم نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلانہیں ہے اور ضلع کے عوام کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر  ڈی ایم راج کمل یادو  نے  عوام کو یہ ہدایت بھی دی کہ کھلے میں لوگ قربانی نہ کریں اور صاف صفائی کا  پورا خیال رکھیں۔ 
  ا س سلسلے میں مفتی شاہ عالم مظاہری نے بتایا کہ انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ عیدالاضحی کی نماز لوگ کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں اور مسجدوں ہی میں ادا کریں۔  بیدار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ضلع کے عوام انتظامیہ کا تعاون کریں اور کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے امن و اتحاد کے ساتھ تیوہار منائیں۔
  دوسری جانب قاضیٔ شہر قاری حبیب الرحمٰن نے ضلع کے عوام کے نام جاری پیغام میں کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے گھروں اور مسجدوں میں عید الاضحی کی نماز ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اس پر عمل کریں۔ انہوں نے بھی صاف صفائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قربانی کرتے ہوئے صفائی کا  خاص خیال رکھا جائے اور کسی بھی ممنوعہ جانور کی قربانی نہ کی جائے۔ قاضیٔ شہر    نے یہ بھی کہا کہ عید الاضحی کا تیوہار حق کے راستے پر چلنے کا سبق د یتا ہے۔ یہ   اپنی برائیوں کو ختم کرنے اور اتحاد کا پیغام دینے والا تیوہار ہے ۔ اس میں لوگوں کو چاہئے کہ آپس میں مل جل کر اپنی خوشیاں منائیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق قربانی کرکے اپنا فرض ادا کریں۔  

eid gah Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK