Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی اور قرب وجوار کے علاقوں میں عیدالفطر جوش وخروش سے منائی گئی

Updated: March 23, 2026, 11:49 AM IST | Inquilab Desk | Mumbra

نماز بعدخصوصی دعائیں کی گئیں۔ جنگ کے سبب خلیجی ممالک کے ایئرپورٹ بند ہونے سے کئی افراد ہندوستان آکراہل خانہ کے ساتھ عیدنہیں مناسکے۔ پولیس نے نماز کے بعد لوگوں کو پھول پیش کرکے عید کی مبارکباد دی۔

Police officers offer roses to people after Eid prayers in Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈی میں عید کی نماز کے بعد پولیس افسران لوگوں کوگلاب پیش کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں عید حسب روایت جوش وخروش سے منائی گئی ۔ جنگ کے سبب خلیج ممالک کے ایئر پورٹ بند ہونے کی وجہ سے بیرون ملک برسر روزگار بہت سے افراد چھٹی ملنے کے باوجود ہندوستان عید منانے نہیں آسکے جس کی وجہ سے ان کے اہلِ خانہ کی عید پھیکی پڑ گئی۔ 
عید کی خوشیوں میں مسلمان اپنے مرحومین کو نہیں بھولے اور دور دراز علاقوں سے بھی قبرستان پہنچ کر اپنے رشتہ داروں کی قبروں کی زیارت کی۔ سنیچر کو مرین لائنس پر واقع بڑا قبرستان، گھڑپ دیو پر واقع چھوٹا قبرستان اور شہر و مضافات میں واقع دیگر قبرستانوں پر دن بھر مسلمانوں کا قبروں کی زیارت کا سلسلہ جاری رہا۔ 
مالونی 
نماز عیدالفطر اور مبارکبادمالونی میں حسب سابق انجمن جامع مسجد کی جانب سے مسجد کے اندرونی حصے، بالائی منزل کے ساتھ روڈ کی ایک جانب نماز ادا کی گئی۔ اسی طرح مسجد حضرت علی میں اور سویرا ہائٹس کے احاطے میں مصلیان نے کثیر تعداد میں جمع ہوکر نماز عید ادا کی اور مسلمانوں اور ملک کی سلامتی اور خوش حالی کیلئے خصوصی دعا کی اور اہل فلسطین کو بھی یاد کرنے کے ساتھ عالم اسلام کے احوال کی بہتری اور خیر و عافیت کی دعا کی۔ 
ممبرا 
ممبرا میں تزک و احتشام کے ساتھ عید الفطر منائی گئی۔ متعدد علاقوں میں بچوں کی تفریح کیلئے میلے لگا ئے گئے تھے۔ پولیس افسران کی جانب سے سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی دارالفلاح مسجد و ایکورڈ میں نماز ِعید ادا کرنے والے افراد میں گلاب تقسیم کیا گیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی گئی۔ ممبرا کے ڈی سی پی سبھاش بورسے، اے سی پی پریہ دمالے اور ممبرا کے سینئر پولیس انسپکٹر انل شندے نے نے نمازیوں کو گلاب تقسیم کیا۔ 
متعدد شہریوں نےعید کے دن امرت نگر، کوسہ اور ایم ایم ویلی قبرستان میں جاکر اپنے مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: بی ایم سی نے عدالت کی ہدایت کردہ رقم ور لی اسپورٹس کلب کو ادا کردی

بھیونڈی
بھیونڈی شہر اور مضافاتی علاقوں میں عیدالفطر تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ شہر کی اہم مساجد پر نمازِ عید کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ حساس علاقوں میں خصوصی نگرانی، ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے تلاشی اور مسلسل گشت کے انتظامات کئے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد جب نمازی مساجد سے باہر نکلے تو پولیس اہلکاروں نے انہیں گلاب کے پھول پیش کر کے عید کی مبارکباد دی۔ کوٹرگیٹ مسجد کے مقام پر ڈی سی پی ششی کانت بوراڈے سمیت دیگر افسران خود موجود رہے اور انہوں نے نمازیوں سے ملاقات کر کے گلاب کے پھول پیش کئے۔ 
نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی ۔ عیدالفطر کے اس موقع پر بھیونڈی میں ایک طرف مثالی نظم و ضبط اور سیکوریٹی دیکھنے کو ملی تو دوسری جانب پھولوں کے ذریعے محبت اور امن کا پیغام بھی عام ہوا۔ 
پنویل 
پنویل میں بھی عید الفطر جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔ مختلف مسجدوں کے علاوہ عید گاہ میں بڑی تعداد میں فرزندانِ توحید نے نماز ادا کی۔ نماز کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مسلمانوں نے میں اتحاد و اتفاق کیلئے دعا کی گئی ہے۔ پولیس کی طرف سے بھی مسلمانوں کو گلاب پیش کیا گیا جبکہ مسجد صفہ کے باہر حلیمہ بائی جھولے والا ٹرسٹ کے صدر حنیف کچھی کی جانب سے شیر خرمہ تقسیم کیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK