Inquilab Logo

کوروناکی پابندیوں کے بعد پہلی عید، دنیا بھرمیں شادمانی

Updated: May 03, 2022, 2:39 AM IST | new Delhi

سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ملکوں  کے ساتھ ہی ترکی،برطانیہ، فرانس، امریکہ ، کینیڈا، ملائیشیا، برونائی اور تھائی لینڈ میں پیر کو عید منائی گئی، برصغیر میں آج منائی جائیگی

Children in Saudi Arabia celebrate Eid. (Photo: Saudi Agency)
سعودی عرب میں بچےعید کے موقع پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے۔ (تصویر: سعودی ایجنسی)

کورونا کی پابندیوں  کے خاتمے کے بعد امسال پوری دنیا میں عیدالفطر روایتی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی اور عید گاہوں  میں  نماز عیدکا اہتمام کیا گیا۔   واضح رہے  کہ کورونا کی لہر کی وجہ سے گزشتہ ۲؍ برسوں  سے   جو احتیاطی پروٹوکال نافذ تھےان کی وجہ سے عید کی خوشیاں سمٹ کررہ گئی تھیں۔ 
پیر کو کہاں کہاں عید منائی گئی
  سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اوردنیا کے مختلف ممالک میں پیر کو عیدالفطر منائی گئی ۔ مسجد الحرام اورمسجد نیویؐ میں نماز عید میں لاکھوں  افراد نے شرکت کی۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بھی مسجد الحرام میں عید کی نماز ادا کی۔ترکی ،متحدہ عرب امارات، برطانیہ، فرانس، امریکہ اورکینیڈا میں بھی  عیدالفطر  پیر کو ہی منائی گئی۔ ملائیشیا، برونائی اور تھائی لینڈ  نے بھی سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ عید منائی ۔   ہندوستان سمیت بر صغیر  میں عید الفطر منگل کو منائی جائے گی۔ دنیا بھر میں اس مرتبہ رمضان المبارک کا مہینہ عمومی طورپر ۳۰؍ دنوں کا رہا۔ افغانستان  ان ممالک میں شامل ہے جہاں  عید الفطر اتوار کو ہی منالی گئی۔  قندھار کی عید گاہ میں امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے بھی عید کی نماز ادا کی۔ افغانستان کے علاوہ   نائیجر، مالی  میں بھی  عید الفطر اتوار کو منائی گئی۔ ان ملکوں میں  ۲۹؍  رمضان کو ہی  چاند کی رویت ہوگئی تھی۔ 
 مہنگائی اور جنگ کے بیچ عید 
  ایک طرف جہاں اس مرتبہ عید  کے موقع پر دنیا کے مختلف علاقوں میں اس لئے جوش وخروش زیادہ ہے کہ یہ کورونا کی ۲؍ سال کی پابندیوں کے خاتمے کے بعد پہلی عید ہے تو دوسری جانب  یورپ  کے ملک یوکرین میں مسلمانوں نے جنگ  کے سائے میں عید منائی۔اس دوران یہاں  سے لاکھوں افراد نقل مکانی بھی کرچکے ہیںاور یہ لوگ دیار غیر میں عید منانے پر مجبور ہیں۔ اس کے ساتھ ہی رواں سال عید ایسے وقت میں منائی جارہی ہے  جب کورونا کی وبا کے بعد کے حالات کی وجہ سے نیز یوکرین جنگ کی وجہ سے مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کی وجہ سے عام آدمی کودشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے اوراس کیلئےنئے کپڑوں اور دیگر لوازمات کی شکل میں عید کی تیاری ایک کٹھن مرحلہ بن گیا ہے۔ 
 پریشانی کے باوجود جوش وخروش
 انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ  میں جنوب مشرقی ایشیاکی سب سے بڑی  مسجد، مسجد استقلال   میں پیر کو ہزاروں مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔ کورونا کی وجہ سے۲۰۲۰ء اور گزشتہ برس اس مسجد میں عید کی نماز نہیں ہوسکی تھی۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام اہل اسلام کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے  دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ تمام ممالک کو ہر برائی اور نقصان سے محفوظ رکھے۔تنظیم اسلامی کانفرنس  کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طہٰ نے یاد دلایا کہ اس وقت دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو کئی طرح کی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

 

EID Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK