Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ عید کااہتمام، ملک کی خوشحالی کی دعائیں کی گئیں

Updated: July 12, 2022, 10:20 AM IST | new Delhi

نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیراعظم مودی، اسپیکر اوم برلا، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کانگریس سربراہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی

Spiritual scenes of double prayers across the country are pictured at the Jama Masjid in Delhi
پورے ملک میںنماز دوگانہ کے روح پرور مناظر تصویر جامع مسجد دہلی کی ہے

(ایجنسی): عیدالاضحی کاپورے ملک میں نہایت جو ش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اِکا دُکا چھوٹی موٹی باتوںکے علاوہ کہیں سے بھی کسی قسم کے ناخوشگوار  واقعات کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ تمام تر خدشات کے باوجود پُر امن ماحول میں ہندوستانی مسلمانوں نے نماز دوگانہ ادا کی اور اپنی اپنی  بساط کے مطابق بارگاہ خدا میں قربانی کا نذرانہ پیش کیا ۔ اس موقع پر  نائب صدر، وزیراعظم، مرکزی وزرراء اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ کانگریس سربراہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے عید کی مبارکباد پیش کی۔
راجستھان میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا
 عید قرباں سے کچھ دن قبل راجستھان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی وجہ سے ماحول کچھ خراب تھا۔ اسی طرح مدھیہ پردیش  اور اترپردیش میں بھی سیاسی بیان بازیوں کی وجہ سے حالات اچھے نہیں تھے لیکن عید نہایت پُرسکون انداز میں گزرا۔ کہیں سے کوئی بری خبر نہیں آئی۔راجستھان کی راجدھانی جے پور سمیت صوبے کے مختلف جگہوں پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات  کے دوران نہ صرف نماز کی ادائیگی ہوئی بلکہ قربانیاں بھی ہوئیں۔  
مدھیہ پردیش میں سیکوریٹی کے معقول انتظامات
 اسی طرح مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں عیدالاضحی کی نماز پورے اہتمام کے ساتھ ادا کی گئی۔ بارش کے باوجود مسلمانوں کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔ یہاں کی تاریخی شاہجہانی عیدگاہ کے علاوہ شہر میں ۵۰؍ سے زائد  مقامات پر عیدالاضحی کی نماز سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اداکی گئی۔ شاہجہانی عیدگاہ میں شہرقاضی سید مشتاق علی ندوی کی امامت میں مصلیان نے نماز ادا کی۔ خاص بات یہ تھی کہ کورونا کی وجہ سے دو سال تک یہاں نماز نہیں ہوسکی تھی،اسلئے امسال مسلمانوں کا جو ش و خروش قابل دید تھا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان، سلامتی و خوشحالی سے متعلق خاص دعائیں کی گئیں۔
اترپردیش میں پُرامن ماحول میں نماز عید اور قربانی کا اہتمام
 سیاسی حالات کی وجہ سے اترپردیش کے تعلق سے بھی کچھ خدشات تھے لیکن یہاں بھی پرامن طریقے سے عید کا اہتمام کیا گیا اور نماز عید کے ساتھ مسلمانوں نے قربانیاں پیش کیں۔ ریاست کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تقریباً تمام اضلاع میں مسلمانوں نے نماز ادا کرکے  ایک دوسرے سے گلے مل کر آپسی بھائی چارے کے ساتھ عیدالاضحی کا تہوار منایا۔جونپور میں کووڈ کے دو سال بعد لوگوں نے عید الاضحی کی نماز جونپور کی شاہی عیدگاہ میں  ادا کی۔مین پوری میں مقامی مسلمانوں نے عیدگاہ میں نماز ادا کی۔ یہاں کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کملیش دکشت بھی لوگوں کے درمیان گئے اور سب کو عید کی مبارکباد دی اور پرامن طریقے سے اس تہوار کو منانے کیلئے سب کا شکریہ ادا کیا۔ کملیش دکشت نے کہا کہ ضلع کے مختلف مقامات پر تقریباً۲۶؍ عیدگاہوں اور۸۸؍ مساجد میں نماز ادا کی گئی۔ اس طرح پورے ضلع میں یہ تہوار پُرامن طریقے سے منایا گیا۔
 وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حلقہ گورکھپور میں بھی سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا۔ یہاں  پورے ڈویژن میں عقیدت و احترام کے ساتھ عید منائی گئی۔ ڈویژن کے تمام اضلاع میں   عیدگاہ سمیت تمام مساجد میں نماز دوگانہ ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکبادیاں پیش کیں۔ اس کے بعد قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مسلمانوں نے قربانیاں بھی پیش کیں۔
 دہلی اور ہریانہ میں کوئی تنازع نہیں ہوا
 دہلی، پنجاب ، ہریانہ اور دیگر ریاستوں میں بھی عید کے موقع پر حالات پوری طرح سے خوشگوار رہے۔  ہریانہ کے تمام اضلاع میں مسلمانوں نے قربانیاں پیش کیں اور جہاں کہیں ضرورت محسوس ہوئی، کھلے میں بھی آسانی کے ساتھ نماز کا اہتمام کیا۔ خیال رہے کہ یہاں گزشتہ کچھ ماہ سے نماز جمعہ کے موقع پر کھلے میں نماز کی مخالفت ہوتی رہی ہے لیکن عید کے موقع پر ایسی کوئی ناخوشگوار خبر سامنے نہیں آئی۔
کشمیر میں حضرت بل  میں سب سے بڑا اجتماع
 وادی کشمیر میں اتوار کوعیدالاضحی کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔  یہاں  نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شہر آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ وادی میں نماز عیدین کے اجتماعات میں خطباءوعلمائے کرام نے عید الاضحی کی اہمیت، فضیلت اور فضائل بیان کرنے کے ساتھ ہی مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔
مبارکبادیوں کا خوشگوار سلسلہ
 اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت کئی سیاست دانوں نے مبارکباد پیش کی۔ نائب صدر نے ٹویٹ کیا کہ ’’عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر میری دلی مبارکباد۔ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایاجانے والا عید الاضحی قربانی اور خدا کیلئے عقیدت کے جذبے کی علامت ہے۔ یہ بانٹنے اوردیکھ بھال کرنے اور ضرورت مندوں و غریبوں کے تئیں ہمدردی ظاہر کرنے کا موقع ہے۔وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’عید مبارک! عیدالاضحی کی مبارکباد۔ یہ تہوار ہمیں بنی نوع انسان کی بہتری کیلئے اجتماعی بہبود اور خوشحالی کے جذبے کو آگے بڑھانے کی سمت میں کام کرنے کی  ترغیب دیتا ہے۔‘‘
  کانگریس صدر سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی عید کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میںسونیا گاندھی  نے کہا کہ ’’عید الاضحی کا تہوار قربانی اور بھائی چارے کے جذبے کا جشن ہے، جو ہمیں بنی نوع انسان کی بہتری کیلئے تحریک دیتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ’’ عید مبارک! عید کا مقدس موقع اتحاد کے جذبے کا آغاز کرے اور سب کیلئے امن، خوشحالی اور خوشی لائے۔‘‘اسی طرح پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’آپ سب کو عید الاضحی کی بہت بہت مبارکباد۔ قربانی اور نیکی کا یہ تہوار آپ کی زندگی کو خوشیوں سے بھر دے۔‘‘

eid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK