نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان ، اپنے کارپوریٹروں کو ہوٹل منتقل کرنے پر صفائی پیش کی کہ ذہن سازی اور رہنمائی کیلئے انہیں ایک جگہ جمع کیا گیا ہے
EPAPER
Updated: January 19, 2026, 11:38 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان ، اپنے کارپوریٹروں کو ہوٹل منتقل کرنے پر صفائی پیش کی کہ ذہن سازی اور رہنمائی کیلئے انہیں ایک جگہ جمع کیا گیا ہے
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)کے انتخابات کے نتائج آکر ۴؍ دن گزر چکے ہیں لیکن اب بھی ممبئی میں میئر کس کا ہوگا؟ اس بارے میں رسہ کشی جاری ہے۔ایکناتھ شندے نے شیو سینا کے سبھی ۲۹؍ نو منتخبہ کارپوریٹرو ں کو پانچ ستارہ ہوٹل میں ہی رکھا ہوا ہے اور یہ کہہ رہے ہیں کہ میئر کی گتھی وزیر اعلیٰ دیویندرفرنویس کے دائوس (سوئزر لینڈ) دورہ سے لوٹنے کے بعد ہی سلجھے گی۔ اس دوران بی جے پی نے بھی اپنے سبھی منتخب کارپوریٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے ۸؍ دنوں تک شہر چھوڑ کر نہ جائیں۔
اس ضمن میں شیوسینا ( شندے) کے سربراہ اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پیر کو وضاحت کی ہے کہ ’’بی ایم سی میں منتخب ہونے والے اپنے تمام کارپوریٹروںکی ذہن سازی اور رہنمائی کے لئے ہی انہیں ہوٹل میں بلایا گیا ہے۔ یہاں پرتجربہ کار عوامی نمائندے سابق رکن پارلیمان راہل شیوالے جو بی ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور مَیں خود ان کی رہنمائی کر رہے ہیں کہ وہ بی ایم سی ہائوس میں کس طرح کوئی تجویز پیش کر سکتے ہیںاور اپنے علاقے کی ترقی کیلئے فنڈ اور اسکیمیں کیسے لا سکتے ہیں۔ انہیں یہ بتایا جارہا ہے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے کس طرح پورے کر سکتے ہیں۔‘‘
ایک ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نےیہ بھی بتایاکہ وزیر اعلیٰ فرنویس دائوس میں ۵؍ روزہ ورلڈ اکنامک فورم ۲۰۲۶ء میں شرکت کیلئے گئے ہیں۔ وہاں سے لوٹنے کےبعد ہم دونوں (مَیں دیویندر فرنویس )ممبئی میں میئر بنانے کے بارے میں بات چیت کریں گے اور تب جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے سبھی کو آگاہ کردیا جائے گا