• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’علم، ٹیکنالوجی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے داوس کا دورہ‘‘

Updated: January 22, 2026, 10:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا دعویٰ ، تیسری ممبئی میں رائے گڑھ-پین گروتھ سینٹر کا اعلان، ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری لانے کا بھی دعویٰ کیا۔

In Davos, Chief Minister Farnaz also met with the Finnish Foreign Trade Minister. Picture: PTI
داوس میں وزیراعلیٰ فرنویس نے فن لینڈ کے فارین ٹریڈ وزیر سے بھی ملاقات کی۔ تصویر:پی ٹی آئی
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اس وقت ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس میں شرکت کیلئے ۵؍  روزہ داوس (سوئٹزرلینڈ )دورے پر ہیں۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ کے دفتر سے کہا گیا ہےکہ  داوس دورہ مہاراشٹر میں علم، ٹیکنالوجی اور غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ اپنے دورے کے دوسرے دن انہوںنے تیسری ممبئی میں رائے گڑھ۔ پین گروتھ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ۔  اس تعلق سے منترالیہ سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آج بنیادی طور پر اسٹریٹجک ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ جس میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، یونیورسٹی آف برکلے، ٹیکنیکل یونیورسٹی آف میونخ، اربن فیوچرز کلیکٹو-لندن، آئی سی سی آئی-اٹلی، ایلونگ ٹیوننگ انسٹی ٹیوٹ، نارویجن جیو ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ، سبانا جورونگ ان اربن پلاننگ سنگاپور کے ساتھ ٹیکنیکل ایم او یوز پر دستخط کئےگئے ہیں۔ اس سے نہ صرف سرمایہ کاری آئے گی بلکہ علم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بڑی تعداد میں صنعتیں بھی آئیں گی ۔ شہری منصوبہ بندی اور نقل و حمل سے متعلق معاہدوں سے ہر شہر میں نقل و حمل کی سہولیات کو اچھے انداز میں ترتیب دیا جا سکے گا۔
آخری شخص تک صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میڈٹیک تعاون
ریاست میں ہر شخص تک معیاری اور فوری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال داوس میں میڈیکل ٹیکنالوجی پر ایک سیشن میں اچھی اور مثبت بات چیت ہوئی تھی۔ اس سے ریاست میں صحت کی سہولیات کیلئے روڈ میپ کا تعین ہو گیا ہے۔ یہ ریاست میں میڈ ٹیک اسٹارٹ اپس کا ایک اچھا ماحولیاتی نظام بنانے کی کوشش ہے۔ اس کیلئے دنیا کی بہترین کمپنی کے ساتھ ایسی سہولت بنانے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
رائے گڑھ۔پین گروتھ سینٹر کا اعلان نئے کاروباری ضلع کی تشکیل
وزیر اعلیٰٰفرنویس نے کہا کہ رائے گڑھ ۔ پین گروتھ سینٹر نوی ممبئی ایئرپورٹ سے ۱۵؍سے ۲۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے داوس میں ایک اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے لئے پچھلے ۳۔۴؍برسوں سے اجازت نامے لئے جارہے تھے۔ انہیں موصول ہونے کے بعد تیسری ممبئی میں یہ پہلا شہر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے بقول یہاں، متعلقہ ادارے ’پلگ اینڈ پلے‘ کی بنیاد پر فوری طور پر کام شروع کر سکیں گے۔ یہ ملک کی پہلی کمپنی ہے، اس کے پاس پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ (پی پی پی) پروجیکٹ ہوگا۔ اس میں حکومت، ایم ایم آر ڈی اے اور نجی ادارے مل کر کام کریں گے۔ یہاں، اچھی تنخواہ والی نوکریوں کے ساتھ ساتھ عالمی صلاحیت کے مراکز اور فنٹیک کا ایکو سسٹم بنایا جائے گا۔ بی کے سی کی طرز پر یہاں ایک کاروباری ضلع قائم کیا جائے گا۔ اس شہر کے اعلان کے بعد تقریباً ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کیلئےمفاہمت ناموں پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ اس کیلئے عالمی سطح کی کمپنیوں نے بھی دلچسپی دکھائی ہے۔ ان میں جمہوریہ کوریا کا ہوانا گروپ، سوئٹزرلینڈ کا ایس ایس بی گروپ ، اینسر ، فیڈ ایکس،امریکی گروپ، فن لینڈ کا ریور ری سائیکل گروپ، دبئی کاایم جی ایس اے گروپ، سنگاپور کااسپیس ہولڈنگ میپل ٹری،انڈو اسپیس پارک  اور جنیویوتریبیکا ڈیولپرس گروپ شامل ہیں ۔ اس غیر ملکی سرمایہ کاری سے بہت اچھا شہر بنے گا۔ یہاں واک ٹو ورک کی سہولیات پیدا کی جائیں گی۔ اس طرح اب تیسری ممبئی میں پہلا شہر وجود میں آئے گا۔  اس دوران داوس میں بنایا گیا میگنیٹک مہاراشٹر پویلین توجہ کے مرکز کے طور پر دیکھا گیا۔ اس پویلین کا دورہ صنعتکاروں، مختلف شعبوں کے سرمایہ کاروں اور  معززین نے کیا۔ وزیر اعلیٰ فرنویس، وزیر صنعت ڈاکٹر ادے سامنت اور مہاراشٹر کے وفد نے تمام معززین کا خیر مقدم کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے مرکز وزیر ریلوے اشونی وشنو سے، جو داوس کے دورے پر تھے، انڈیا پویلین میں ملاقات کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ورلڈ بینک کے صدر بنگا سے بات چیت
وزیر اعلی ٰفرنویس نے ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے مہاراشٹر میں گرین انڈسٹریل کوریڈور کی ترقی کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ اس سے مہاراشٹر میں بڑی مقدار میں غیر ملکی سرمایہ کاری آسکتی ہے۔ یہ ایم ایس ایم ای سیکٹر میں مسابقتی ماحول فراہم کرے گا اور ساتھ ہی برآمدی صلاحیت کیلئے بھی بڑی گنجائش فراہم کرے گا۔ حکومت اور بینک کے درمیان تعاون کے ذریعے مہاراشٹر میں اسٹریٹجک اور موثر صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK