Inquilab Logo

ایکناتھ کھڑسے بی جےپی سے الگ ، این سی پی میں شامل

Updated: October 24, 2020, 3:36 AM IST | Mumbai

سینئر لیڈر کے پارٹی کےساتھ گزشتہ کئی دنوں سے اختلافات چل رہے تھے،فی الحال کھڑسے کو کوئی عہدہ نہیں دیا گیا ۔

Eknath Khadse. Photo: INN
ایکناتھ کھڑسے۔ تصویر: آئی این این

شمالی مہاراشٹر کے بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے بیٹی روہنی کھڑسے کے ساتھ جمعہ کو شرد پوار کی موجود گی میں این سی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔کھڑسے کو فی الحال کوئی عہدہ نہیں دیا گیا ہے اور نہ ہی کابینہ میں کوئی ترمیم کی گئی ہے ۔ ۴۰؍ سال تک بی جے پی میں رہنے کے بعد اسے خیر باد کہنے پر بھگوا پارٹی کو شدید دھچکا لگا ہے۔کھڑسے کی این سی پی میں شمولیت کے موقع پر پارٹی کے کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔کھڑسےجمعرات کو اپنے اہل خانہ کے ساتھمکتائی نگر میں واقع مکتائی شوگر فیکٹری سے بذریعہ ہیلی کاپٹر ممبئی پہنچ گئے تھے۔
کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں : شرد پوار
 ایکناتھ کھڑسے کی این سی پی میں شمولیت کے اعلان کے بعد سے یہ چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں کہ این سی پی کے کابینی وزرا ءمیں رد و بدل ہو سکتا ہے اور اسی لئے متعدد وزیروں میں بے چینی پائی جارہی تھی لیکن جمعہ کو شرد پوار نے ان چہ میگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکناتھ کھڑسے کو فی الحال کوئی عہدہ نہیں دیاگیا ہے۔پوار نے کابینہ میں کسی طرح کی تبدیلی کے اندیشہ کو بھی خارج کیا ہے۔اسی دوران کھڑسے نےبھی کسی عہدہ کا مطالبہ نہ کرنے کا یقین دلایا ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ ’’ کھڑسے کی پارٹی میں شمولیت کے بعد کابینہ میں کوئی ترمیم نہیں کی جائے گی ،جو جس عہدہ پر فائز ہے،اسی پر برقرار رہے گا۔ کھڑسے کی شمولیت سے شمالی مہاراشٹر میں این سی پی کو کافی فائدہ ہوگا ۔کھڑسے جوکہتے ہیں اسے ضرور پورا کرتے ہیں ۔اس لئے اب فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ ‘‘کھڑسے کی پارٹی میں شمولیت سے اجیت پوار کے ناراض ہونے کی بھی خبر گشت کر رہی تھی۔ اس بارے میں شرد پوار نے کہا کہ ’’ اجیت پوار کے ناراض ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ البتہ کورونا کے تحت احتیاط برتتے ہوئے وہ گھر پر ہیں اور کوئی وجہ نہیں ۔‘‘شرد پوار نےیقین دلایا ہے کہ اگلے چند برسوں میں این سی پی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔   اس موقع پر این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کھڑسے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’کھڑسے کے ساتھ ساتھ جلگاؤں ، دھولیہ اورنندور بار میں ان کے حامی بھی این سی پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔‘‘
کون کتنی زمین ہڑپا ہے یہ بتا دیں گے : کھڑسے
 ایکناتھ کھڑسے نے این سی پی میں شمولیت کے بعد شوشہ چھوڑا ہے کہ کس نے کتنی زمین ہڑپی ہے اس کا مجھے علم ہے اور مَیں یہ بتادوں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انہیں ڈرانے اور دھمکانے یا انتقامی کارروائی کے طور پر انفورسٹمنٹ ڈائر یکٹو ریٹ ( ای ڈی) کو ان کے پیچھا لگایا گیاتو وہ سی ڈی جاری کردیں گے۔
 کھڑسے نے این سی میں شمولیت کے بعد کہا کہ مَیں نے کبھی پیٹھ میں خنجر نہیں گھونپا۔ میٹھا بول کر دھوکہ دینا مجھے نہیں آتا۔بی جے پی نے میرے سے ناانصافی کی۔۴۰؍ سال تک خدمت کرکے مجھے کیا ملا۔میرے الزامات پر بی جے پی نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا ۔مجھے ۴؍ سال گھر بٹھایا۔
 اسلم شیخ کی بی جے پی پر سخت تنقید
بی جے پی سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے کی این سی پی میں شمولیت کے موقع پر ممبئی کانگریس لیڈر اور کابینی وزیر اسلم شیخ نے بی جے پی پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے آج تک دوسری سیاسی پارٹیوں کو جو زہر دیا ہے اب اسی زہر کامزہ اُسے بھی چکھنا پڑے گا۔اُنہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ایکناتھ کھڑسے جیسے زمینی سطح کے لیڈر کو سائڈ لائن کرتے ہوئے دوسروں کو بی جے پی میں شامل کیا لہٰذا مستقبل میں ایکناتھ کھڑسے کی طرح کئی بی جے پی لیڈران بی جے پی کو چھوڑ کر دوسری سیاسی پارٹیوں میں چلے جائیں گے۔کابینی وزیر اسلم شیخ نے بی جے پی کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو اب اس زہر کا مزہ چکھنا ہوگا ہے جو اس نے دوسری سیاسی پارٹیوں کو دیا ہے ۔اسی دوران سب کی نظریں اس طرف ہیں کہ این سی پی میں شامل ہونے کے بعد ایکناتھ کھڑسے کو کیا ذمہ داری سونپی جائے گی۔ اس سے قبل یہ کہا جارہا تھا کہ کھڑسے کوکابینی وزیر برائے زراعت کا عہدہ دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK