Inquilab Logo

راؤت اگر بے قصور ہیں تو انہیں ڈرنےکی ضرورت نہیں: شندے

Updated: August 01, 2022, 12:25 PM IST | Agency | Aurangabad/Mumbai

اورنگ آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شندے نے کہا’’ راؤت کا کہنا ہےکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے، اگر ایسا ہی ہے تو تحقیقات سےکیا ڈرنا؟ تحقیقات ہونے دو ، کچھ کیا ہی نہیں ہےکہ تو ڈر کیوں؟‘‘اجیت پوار نے تعجب کا اظہار کیا کہ ای ڈی راؤت سے تفتیش کیوں کرنا چاہتی ہے ؟

 Shiv Sena workers raise slogans against ED action in Pune.Picture:PTI
پونے میں شیوسینا کارکنان ای ڈی کی کارروائی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مہاراشٹر کے  وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اتوار کو کہا کہ اگر شیوسینا لیڈر سنجے راؤت بے قصور ہیں تو انہیں  انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کارروائی اور تفتیش سے  خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اورنگ آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شندے نے کہا’’ راؤت نے  بتایا ہےکہ   انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ اگر ایسا ہی ہے تو  تحقیقات سےکیا ڈرنا؟ تحقیقات ہونے دو ۔ کچھ کیا ہی نہیں ہےکہ تو ڈر کیوں؟‘‘ واضح رہےکہ ای ڈی نے اتوار کو منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ممبئی میں راؤت کی رہائش گاہ کی تلاشی لی۔جب  ایجنسی  ان کی رہائش گاہ کی تلاشی لے رہی تھی  تو اس کے بعدراؤت نے  ایک ٹویٹ کیا تھاجس میں انہوں نے آنجہانی بال ٹھاکرے کی قسم کھاکرکہا تھا کہ ان کا کسی گھوٹالے سے کوئی لینا دینا نہیں  ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز شیو سینا لیڈر ارجن کھوتکر نے شندے خیمہ میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔  اس تعلق سے انہوں نے بیان بھی دیا تھا کہ وہ باغی سینا کیمپ میں شامل ہوئے کیونکہ وہ حالات سے مجبور تھے اور اس بارے میں انہوں نےادھو ٹھاکرے ا ورسنجے راؤت سے بھی گفتگو کی تھی۔ ارجن کھوتکر نے کہا تھا ’’  میں نے ان کے سامنے اپنی مجبوریاں رکھیں اور  انہیں بتایاکہ میں اور میری فیملی کن حالات سے گزررہے ہیں۔‘‘   اس معاملہ کے سامنے آنے پروزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےنے کہا ’’کیا ہم نے انہیں  دعو ت دی تھی؟  ای ڈی کے خوف سے  ہمارے پاس یا بی جےپی میں نہ آئیں، نہ کسی دوسرے دباؤ کے تحت۔‘‘
راؤت سینا کارکنان کو مشتعل کررہے ہیں: گریش مہاجن 
  اس دوران مہاراشٹر میں  بی جے پی کے  لیڈروں نے یہ بھی کہا کہ راؤت نے اگر کچھ غلط نہیں کیا ہےکہ تو  انہیں ای ڈی کی کارروائی سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔سابق وزیر گریش مہاجن نے کہا’’سنجے راؤت غیر ضروری طور پر آنجہانی بال ٹھاکرے کو کا نام لے رہے ہیں اور سینا کے کارکنوں کو مرکزی حکومت کے خلاف مشتعل کر رہے ہیں۔ اگر انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے تو انہیں کسی چیز سے نہیں ڈرنا چاہئے۔مجھے سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ وہ ٹویٹ کرکےآنجہانی بال ٹھاکرے کو کیوں یاد کر رہے ہیں۔ لوگوں کو حکومت اور عدلیہ پر بھروسہ کرنا چاہیے۔‘‘
 بی جے پی کے ایک اور لیڈر اور سابق ایم پی کریٹ سومیا نے کہا کہ راؤت کا معاملہ فی الحال زیر تفتیش ہے اور ان کے خلاف کوئی الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ انہیں ابھی کوئی سیاسی تبصرہ نہیں کرنا چاہیے، اگر وہ کسی بے ضابطگی میں ملوث پائے جاتے ہیں تو انہیں کارروائی کا سامنا کرنا چا ہئے۔‘‘
 مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں  اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے اتوار کو اس معاملے پر تعجب کا اظہار کیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) بار بار شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت  سے تفتیش کیوں کرنا چا ہتی ہے۔ کانگریس کے ترجمان سچن ساونت نے کہا کہ ای ڈی نے ممبئی میں راؤت کی رہائش گاہ کی تلاشی لی ہے جو جمہوریت کی ’افسوسناک تصویر ‘ سامنے لاتی ہے  ۔ انہوں نے  الزام لگایا کہ بی جے پی تما م اپوزیشن جماعتوں کو خاموش کرنا چاہتی ہے۔ اجیت پوار نے مہاراشٹر میں سیلاب  متاثرہ علاقوں  کےدورہ کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا’’ کئی لیڈروں کو  انکم ٹیکس، ای ڈی اور مرکزی تفتیشی بیورو سے نوٹس ملے ہیں۔ صرف راؤت ہی یہ بتا سکیں گے کہ تحقیقاتی ایجنسی (ای ڈی) ان سے بار بار تفتیش کیوں کرنا چاہتی ہے۔‘‘ سپریہ سلے نے یقین ظاہر کیا کہ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور راؤت تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں گے۔سپریہ سلے نے ا س معاملے کو  پارلیمنٹ میں اٹھانے کا بھی اشارہ دیا ہے۔
جب ثبوت ہیں تو چارج شیٹ کیوں داخل نہیں کی جاتی: کانگریس 
  سنجے راؤت کے گھر ای ڈی کی چھاپہ ماری کے تعلق سے کانگریس کے ریاستی چیف ترجمان اتل لونڈے نےکہا کہ ’’ ای ڈی ، سی بی آئی  اب ملک کی ایجنسیاں نہیں بلکہ بی جےپی کے ہاتھ کی کٹھ پتلی بن گئی ہیں۔اسی کے تحت اتوار کو رکن پارلیمان سنجے راؤت کے گھر پر چھاپہ ماری کی گئی ہے ۔‘‘ انہوںنے مزید کہاکہ’’ مجھے ایک بات سمجھ میں نہیں آرہی  ہےکہ جب تمہارے پاس بھی دستاویزات ہیں اور یہ دعویٰ بھی کیاجارہا ہے کہ رقم کا  غیر قانونی طریقے سے لین دین ہوا  ہےتو اس معاملے میں سیدھے چارج شیٹ کیوں نہیں داخل کرتے ۔ بار بار انکوائری  کے لئے  بلانا  اور چھاپہ ماری کر کے ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔  ان سب کا مقصد ایک ہی نظر آرہا ہے کہ آپ ہماری پارٹی  میںشمولیت اختیار کر لو ورنہ جیل میں جانے کیلئے تیار ہو جاؤ ۔ ایسے حالات میں جو اپوزیشن لیڈر ہے وہ  مظاہرہ کریں گے  اور جدوجہد کریں گے ۔‘‘

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK