راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے مظفر پوراور دربھنگہ میں،امیت شاہ نے سمستی پور اور بیگو سرائے میں، یوگی آدتیہ ناتھ نے سیوان اور بکسرمیں ریلیوں سے خطاب کیا
EPAPER
Updated: October 30, 2025, 11:25 AM IST | Patna
راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے مظفر پوراور دربھنگہ میں،امیت شاہ نے سمستی پور اور بیگو سرائے میں، یوگی آدتیہ ناتھ نے سیوان اور بکسرمیں ریلیوں سے خطاب کیا
بہار اسمبلی انتخابات میں مجموعی طور پر دو اہم اتحاد این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان مقابلہ سخت ہوجاتا جارہا ہے۔ بدھ کو دونوں ہی اتحاد کے اہم لیڈروں نے پورے بہار میں کئی کئی انتخابی جلسوں سے خطاب کیا اور ریلیاں بھی کیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپنے آبائی ضلع نالندہ میں تین جلسوں سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے لوگوں کو نومبر ۲۰۰۵ء سے پہلے کے حالات یاد دلانے کے ساتھ ہی کہا کہ انہیں جب سے خدمت کا موقع ملا، انہوں نے ریاست میں قانو ن کا راج قائم کیا اور انصاف کے ساتھ ترقی کی۔ انہوں نے سماج کے سبھی فرقوں اور طبقوں کے لیے کام کیا ۔ وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر ہندومسلمانوں کے درمیان بھائی چارہ کے فروغ کی بات کہی۔
امیت شاہ بہار میں خیمہ زن
مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے دربھنگہ ، سمستی پور اور بیگو سرائے میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران ایک بار پھر رام مندر ، گھس پیٹھیے اور جنگل راج کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے دربھنگہ میں کہا کہ ’رام للا ساڑھے پانچ سو سال سے ٹینٹ میں بستے رہے اور ساڑھے پانچ سو سال سے لے کر آج تک یہ ساری پارٹیاں جے ڈی یو ، کانگریس ،ٹی ایم سی ، بی ایس پی ، ایس پی، کسی نے ایودھیا میں رام مندر نہیں بننے دیا۔مہاگٹھ بندھن کے ذریعے تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ کے عہدہ کا امیدوار بنانے پر طنز کرتےہوئے امیت شاہ نے دہرایا کہ سونیا گاندھی اپنے بیٹے کو وزیراعظم بنانا چاہتی ہیں اور لالو یادوجی اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتےہیں لیکن میںدونوں کو کہہ دینا چاہتا ہوں سی ایم یا پی ایم کی سیٹ خالی نہیں ہے، یہاں نتیش کمار جی ہیں اور وہاں مودی جی ہیں۔آپ کے لیے سیٹیں خالی نہیں ہیں۔اس سلسلے میں امیت شاہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس طنز میں تھوڑا سا اور اضافہ کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر کے متعلقہ حصے کو ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’’جب تک مودی جی اور نتیش جی ہیں، لالو یادو اور سونیا گاندھی اپنے بیٹوں کے لیے سی ایم اور پی ایم کی کرسی بھول جائیں ۔‘‘ وزیرداخلہ نے پاپو لر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی لگانے کا بھی ذکر کیا۔
راہل گاندھی کی پہلی ریلی
دریں اثناء کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور مہاگٹھ بندھن کے لیڈرتیجسوی یادو نے مظفرپور اور دربھنگہ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی پر ووٹ اور اپنے دوستوںاڈانی اورامبانی کے لیے کچھ بھی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ اگر آپ مودی جی سے کہیں گے کہ آپ بھاشن نہیں دیں ، آپ اسٹیج پر آکر ناچیں ، ہم آپ کو ووٹ دے دیں گے تو وہ آکر ناچ بھی لیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وہ ملک میں جہاں بھی گئے وہاں ان کو بہار کے لوگ ملے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگوں میں بہت صلاحیت ہے۔ وہ جب دہلی بنا سکتے ہیں، بنگلوربنا سکتے ہیں، دبئی اور دوسرے ملکوں کی ترقی میں اہم رول ادا کرسکتےہیں تو بہار کو آگے کیوں نہیں بڑھا سکتے؟ انہوں نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ آپ بہار کوآگے بڑھا سکتے ہیں اور بہار کو آگے بڑھانا ہی ہوگا۔
بہار کی ترقی کا روڈ میپ
راہل گاندھی نے کہا کہ ہمیں ایسا بہار بنانا ہے جہاں دوسری ریاستوں سے لوگ پڑھائی اور نوکری کے لیے آئیں۔ امریکہ کا نوجوان بھی پڑھنے کے لیے بہار آئے۔ راہل گاندھی نے سستا ڈیٹا دینے کے تعلق سے وزیراعظم کو گھیرا اور پوچھا کہ وہ ڈیٹا کون سی کمپنی دیتی ہے