جن سوراج پارٹی کے سربراہ کا نام مغربی بنگال اور بہار کی ووٹر لسٹ میں ،سہسرام کے ریٹرننگ آفیسر نے اس پرجواب مانگا
EPAPER
Updated: October 29, 2025, 12:17 AM IST | Patna
جن سوراج پارٹی کے سربراہ کا نام مغربی بنگال اور بہار کی ووٹر لسٹ میں ،سہسرام کے ریٹرننگ آفیسر نے اس پرجواب مانگا
بہار اسمبلی انتخابات کی ہلچل کے درمیان جن سوراج پارٹی کے سربراہ پرشانت کشور کے نام پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پرشانت کشور کا نام بہار اور مغربی بنگال دونوں کی ووٹر لسٹ میں درج ہے ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے سہسرام ریٹرننگ آفیسر نے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر۲۰۹؍کرگہر اسمبلی حلقہ (سہسرام) کی طرف سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ پرشانت کشور کا نام بہار کے علاوہ مغربی بنگال کی ووٹر لسٹ میں درج ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عوامی نمائندگی ایکٹ۱۹۵۰ء کے سیکشن۱۷؍ اور۱۸؍کی خلاف ورزی ہے جو کسی شخص کا نام بیک وقت دو حلقوں میں رجسٹر کرنے سے روکتا ہے ۔ نوٹس میں پرشانت کشور سے تین دن میں جواب طلب کیا گیا ہے اور خبردار کیا گیا ہے کہ جواب نہ دینے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انتخابی افسر نے یہ بھی نوٹ کیا کہ کشور کا ووٹر آئی ڈی نمبر(آئی یو جے۱۳۲۷۱۸)ہے اور وہ سہسرام کے کونار (کرگہر اسمبلی) حلقہ میں آتا ہے۔
پرشانت کی پارٹی کے کارکنان نے کیا کہا؟
پرشانت کی پارٹی کے ترجمان راجیو رنجن نے کہا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ پرشانت وہاں کام کرتے تھے تب انہوں نے اپنا نام بطور ووٹر درج کروایا تھا ۔ اس کے بعد جب وہ بہار واپس آئے تو انہوں نے وہاںسے نام نکالنے کی درخواست دے دی تھی ۔ یہ ایک عام عمل ہے۔ اب یہ الیکشن کمیشن کو دیکھنا چاہیے کہ ان کی درخواست پرکیا کارروائی کی گئی ۔ یہ اس کی ذمہ داری ہے۔ ایک چھوٹی سی بات ہے لیکن اس پر ہنگامہ آرائی کی جا رہی ہے۔ پرشانت کشور نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کیا ہے۔یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جن سوراج پارٹی پہلی بار بہار اسمبلی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ دو ریاستوں میں پارٹی کے سربراہ کے نام کے اندراج نے نہ صرف قانونی سوالات اٹھائے ہیں بلکہ انتخابی ماحول میں اس معاملے کو سیاسی رنگ بھی دیاجارہا ہے۔