’یوپی کا سنگھم‘ کہلانےوالے اجے پال شرما کا دھمکیوں والا ویڈیو بھی سامنےآیا
EPAPER
Updated: April 28, 2026, 11:40 PM IST | Kolkata
’یوپی کا سنگھم‘ کہلانےوالے اجے پال شرما کا دھمکیوں والا ویڈیو بھی سامنےآیا
مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ تعینات کئے گئے یو پی کے آئی پی ایس افسر اجے پال شرما کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ان پر ٹی ایم سی امیدوار جہانگیر خان کو نام لے کر دھمکیاں دینے اور بغیر وارنٹ کے رات کو چوبیس پرگنہ کے فالٹا علاقہ میں گھروں میں گھس کر ووٹرس کو دھمکانے اورخواتین پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔
فالٹا اسمبلی حلقہ سے ٹی ایم سی لیڈر جہانگیر خان الیکشن لڑ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو میں اجے پال سرعام جہانگیر خان کا نام لے کر دھمکیاں دے رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بنگال پولیس میں اجے پال شرما اور مرکزی فورسیز کے خلاف فالٹا میں رات کے وقت گھروں میں گھس کر خواتین پر حملہ کرنے کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔ شکایت کنندہ خاتون نے الزام لگایا ہےکہ ملزم آئی پی ایس افسر نےان پرمخصوص سیاسی جماعت کو ووٹ دینے کیلئے دباؤ ڈالا اور دھمکیاں دیں۔ الیکشن ڈیوٹی پر موجود اجے پال شرما کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
اجے پال شرما جو اتر پردیش کے ’سنگھم‘ کے نام سے مشہور ہیں، کو الیکشن کمیشن نے ۲۴؍ پرگنہ میں انتخابی مبصر کے طور پر بھیجا ہے۔ وہ۲۷؍ اپریل کی رات فالٹا کے علاقے میں پہنچے۔ ان کے دھمکی آمیز رویے کا نوٹس لیتے ہوئے بنگال پولیس نے ان کے خلاف شکایت درج کر لی ہے۔اس سے پہلے یوپی کیڈر کے آئی پی ایس افسر اور مبصر اجے پال شرما کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی۔