’’ووٹ چوری‘‘ کے الزام پرچیف الیکشن کمشنر نےکہاکہ ۷؍ دنوں میں حلف نامہ نہیں دیا تو انہیں معافی مانگنی ہوگی۔
EPAPER
Updated: August 18, 2025, 10:35 AM IST | Ahmadullah Siddiqui | New Delhi
’’ووٹ چوری‘‘ کے الزام پرچیف الیکشن کمشنر نےکہاکہ ۷؍ دنوں میں حلف نامہ نہیں دیا تو انہیں معافی مانگنی ہوگی۔
اپوزیشن کے ذریعہ ملک میں بڑے پیمانے پر ووٹرلسٹ میں ہیرا پھیری، ووٹ چوری کے الزام اور بہار میں ووٹر ادھیکار یاتراکے پس منظر میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اتوار کو نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرکے راہل گاندھی سےاپنے الزامات کی توثیق کیلئے ۷؍دنوں کے اندر حلف نامہ دینے یا پھر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے دیگر دونوں الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی کے ساتھ پریس کانفرنس میں بہار میں ووٹرلسٹ کی خصوصی نظر ثانی مہم کے ذریعہ ووٹ چوری کی سازش کے اپوزیشن کے الزامات کی تردید کی۔ الیکشن کمیشن نےراہل گاندھی کے ذریعہ ایک پریس کانفرنس میں ووٹ چوری اور بی جےپی کے ساتھ ملی بھگت کے الزامات پر پہلی بار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اس کی نظر میں ہرسیاسی جماعت برابر ہے۔ راہل گاندھی کے ووٹ چوری کے الزام پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہاکہ’’ اس طرح کے الفاظ کااستعمال آئین کی توہین ہیں۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’انتخابی عمل اورووٹرلسٹ میں مقررہ وقت کے بعد غلطیوں کی نشاندہی کرنا صرف ایک سیاسی بیان سمجھا جا سکتا ہے۔‘‘
گیانیش کمار نے راہل گاندھی کے الزامات پر کہا کہ ’’انہوںنے حلف نامہ نہیں دیا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ جھوٹے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’لوگوں کے ذریعہ ۲؍بار ووٹ ڈالنے کے الزامات کے بارے میںکوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ ‘‘راہل گاندھی کا نام لیے بغیرگیانیش کمار نے کہاکہ پی پی ٹی پریزنٹیشن میں ووٹر ڈیٹا کاغلط تجزیہ دیکھایا گیا ہے۔