یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری وشوادیپ پڈول نے چیف الیکشن کمشنر پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں ’’غدار‘‘ اور ’’بی جے پی کی کٹھ پتلی‘‘ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: September 27, 2026, 10:42 AM IST | Ali Imran | Buldhana
یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری وشوادیپ پڈول نے چیف الیکشن کمشنر پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں ’’غدار‘‘ اور ’’بی جے پی کی کٹھ پتلی‘‘ قرار دیا۔
الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں جاری احتجاج کے سلسلے میں سنیچر کے روز بلڈانہ شہر میں بھی یوتھ کانگریس کی جانب سے الیکشن کمیشن کی علامتی ارتھی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شہر بلڈانہ میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے ضلع کانگریس بھون کے سامنے سے مرکزی الیکشن کمیشن کا علامتی جنازہ نکالنے کی کوشش کی۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو کچھ ہی فاصلے پر روک لیا اور متعدد کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کے دوران کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے اس کی آزادی اور غیر جانب داری کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے اندیشوں کا اظہار کیا۔
واضح رہےکہ ماضی میں پارلیمنٹ میں قائد ِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر کے طریقۂ کار پر مسلسل سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ اب الیکشن کمیشن کے دو کمشنروں کی جانب سے بھی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف اعتراضات سامنے آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ ان کی قیادت میں منعقد ہونے والے انتخابات کے طریقۂ کار سے حکمراں جماعت بی جےپی کو فائدہ پہنچا۔ پارٹی نے انتخابی عمل کی شفافیت اور الیکشن کمیشن کی غیر جانب داری پر سوال اٹھاتے ہوئے معاملے کی سنجیدہ جانچ اور ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی آزادی اور غیر جانب داری پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن میں اختلافات کے سبب نئے ووٹروں کا اندراج بھی تعطل کا شکار
احتجاج کی قیادت کر رہے یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری و ترجمان وشوادیپ پڈول نے چیف الیکشن کمشنر پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں ’’غدار‘‘ اور ’’بی جے پی کی کٹھ پتلی‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مواخذہ کی کارروائی کی جائے اور انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری و ترجمان وشوادیپ پڈول نے الیکشن کمیشن کے کام کاج پر شدید اعتراضات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں شفافیت اور غیر جانب داری پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف کارروائی اور انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں یوتھ کانگریس کے عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران پولیس کی جانب سے کارکنوں کو حراست میں لیے جانے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی پھیل گئی تھی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے موجودہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ہیں، جبکہ سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی الیکشن کمشنر ہیں، جنہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر عدم اعتماد اور بے ضابطگیو ں کا الزام لگایا ہے۔