Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کی تنگ گلیوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے الیکٹرک آٹو رکشا کا سہارا!

Updated: May 26, 2025, 11:04 AM IST | smear survey | Mumbai

بی ایم سی نے۶؍ ماہ کی مدت کیلئے ۶؍ الیکٹرک آٹو رکشے کرائے پر لینے کا منصوبہ بنایا ہے،ا یک گاڑی میں ۳۰۰؍ سے ۵۰۰؍ کلو کچرا آسکتا ہے۔

Small e-rickshaws will make it easier to collect garbage from narrow streets. File photo
چھوٹے ای ۔رکشا کے ذریعے تنگ گلیوں سے کچرا اٹھانے میں آسانی ہوگی۔ فائل فوٹو

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے فورٹ، قلابہ اور دھاراوی جیسے علاقوںکی تنگ گلیوں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کیلئے الیکٹرک آٹو رکشا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو یہ کام اگلے مہینے سے شروع ہو جائے گا۔ بی ایم سی نے۶؍ماہ کی مدت کیلئے ۶؍ الیکٹرک آٹو رکشا کرائے پر لینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ’ اے‘ وارڈ، جس میں فورٹ اور قلابہ شامل ہیں، کو ۳؍ ای۔آٹورکشا ملیں گے جبکہ ’جی‘ نارتھ وارڈ کو جو دھاراوی، ماہم اور دادر ایسٹ پر مشتمل ہےباقی ۳؍  دئیے جائیںگے۔ایک میونسپل عہدیدار نے بتایا ’’ان گاڑیوں کو تنگ گلیوں سے کچرا جمع کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ فی الحال، کچرا صرف مین روڈ سے جمع کیا جاتا ہے۔ اب تک، کارکنوں کو تنگ گلیوں سے کچرا اٹھا کر مین روڈ تک لانا پڑتا تھا۔ اب چونکہ گاڑیاں براہ راست گلیوں تک رسائی حاصل کر سکیںگی، اس لئے کارکنوں کو اب یہ کام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ممبئی میں مانسون کی مئی میں آمد کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے

عہدیدار نے مزید کہا’’ہر گاڑی کی گنجائش ۳۵۰؍سے ۵۰۰؍کلوگرام ہوگی۔ یہ ۲؍ شفٹوں میں کام کریں گی صبح  ساڑھے ۶؍بجے سے دوپہر  ڈھائی بجے تک اور دوپہر  ڈھائی بجے سے رات  ساڑھے۸؍بجے تک۔ توقع ہے کہ دھاراوی کے تقریباً۴۰؍سے ۵۰ز؍ہزاراور قلابہ، فورٹ کے ۱۰؍ سے ۲۰؍ ہزارباشندے اس اقدام سے مستفید ہوں  گے۔‘‘ اس وقت، بی ایم سی تنگ گلیوں سے کچرا جمع کرنے کے لئے منی ٹیمپو استعمال کرتی ہے۔ ان ٹیمپو کی گنجائش  ڈیڑھ ٹن ہے۔ تاہم، عہدیداروں نے نوٹ کیا کہ چھوٹی گاڑیاں ہونے کے باوجود، انہیں بہت تنگ گلیوں میں چلنے میں دشواری ہوتی ہے۔ عہدیدار نے کہا’’اگر ہم کسی منی ٹیمپو کو ایسی گلیوں میں لے جانے کی کوشش کرتے ہیں تو اس سے ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ نیز، ہم ریاستی حکومت کی جہاں تک ممکن ہو الیکٹرک گاڑیاں استعمال کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔‘‘
اس منصوبے کی لاگت ابھی تک طے نہیں کی گئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا’’ہم شفٹ کی بنیاد پر کاموں کے لئے ٹینڈر طلب کریں گے۔‘‘بی ایم سی نے سڑکوں کو دن میں ۲؍ بار صاف کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ایک بار صبح اور ایک بار شام کو۔ 
شہری انتظامیہ نے کچرے کو زیادہ موثر طریقے سے منتقل کرنے کیلئے ایک نیا سالڈ ویسٹ کمپیکٹر تجویز کیا ہے۔ اگرچہ بی ایم سی نے الیکٹرک وہیکل پالیسی اپنائی ہے، لیکن وہ اب بھی ڈیزل سے چلنے والے کمپیکٹر استعمال کرے گی۔ عہدیدار نے مزید کہا’’ان کمپیکٹرز کی گنجائش ۷؍ ٹن ہے۔ اس سائز کی الیکٹرک گاڑیاں فی الحال دستیاب نہیں ہیں۔ اس لئے ہمارے پاس کوئی  متبادل نہیں ہے لیکن ہم جہاں تک ممکن ہو الیکٹرک گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK