متعلقہ ویب سائٹ کی سست روی سے طلبہ ووالدین پریشان ، پہلے دن ۳؍لاکھ سےزائدطلبہ نے رجسٹریشن کرایا،فیس کی ادائیگی میں مشکل
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 11:10 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
متعلقہ ویب سائٹ کی سست روی سے طلبہ ووالدین پریشان ، پہلے دن ۳؍لاکھ سےزائدطلبہ نے رجسٹریشن کرایا،فیس کی ادائیگی میں مشکل
گیارہویں میں داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کاباقاعدہ عمل پیر ۲۶؍مئی سے جاری ہے۔آن لائن رجسٹریشن کےپہلے دن تکنیکی دشواریوں کے باوجود ۳؍ لاکھ۲۷؍ہزار ۸۴۲؍ طلبہ نے اپنے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا ہے ۔ حالانکہ دوسرے دن بھی تکنیکی پیچیدگیاں برقراررہیں،اس کے باوجود تمام دقتوں کے ساتھ طلبہ نے اپنا رجسٹریشن کروانےکی ہر ممکن کوشش کی ۔ منگل کوبھی متعدد سینٹروںاور سائبر کیفے پر متعلقہ ویب سائٹ کی سست روی اور اوپن نہ ہونےکی شکایتیں سامنے آئیں۔
جونیئر کالج میں داخلے کے متمنی طلبہ کو آن لائن طریقہ کار سے رجسٹریشن کرانا ہوگا
واضح رہےکہ دسویں جماعت کے نتائج کےبعد ریاست کے ۱۵۔۱۶؍لاکھ طلبہ آگے کی پڑھائی کیلئےجونیئر کالج میں داخلہ کےمتمنی ہیں۔ تعلیمی سال ۲۶۔۲۰۲۵ءکیلئے ۱۱؍ویں میں داخلے کے عمل کیلئے آن لائن رجسٹریشن کاعمل جاری ہے ،پہلے ہی دن ریاست میں۳؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار ۸۴۲؍ طلبہ نے اپنےرجسٹریشن کا عمل مکمل کیا۔ جن طلبہ نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرایا ہے، وہ فوری طور پر رجسٹریشن کرائیں۔ ۱۱؍ویں میں داخلہ کیلئے ریاست میں۹؍ہزار ۳۳۹؍ رجسٹرڈ کالج ہیں،جن میں مرکزی داخلہ کارروائی کے تحت۱۸؍لاکھ ۷۵؍ ہزار ۹۷؍ اور سرکاری کوٹے کی۲؍لاکھ ۳؍ہزار ۳۷۳؍ نشستیں موجود ہیں،چنانچہ مجموعی طورپر ۲۰؍لاکھ ۸۸؍ہزار ۴۷۰؍ طلبہ کے داخلے کی گنجائش ہے۔
دوسرے دن بھی تکنیکی پیچیدگیاں برقرار رہیں
گیارہویںمیں داخلہ کیلئےجاری آن لائن رجسٹریشن کا عمل دوسرے دن بھی مشکل بھرارہا۔فرسٹ پارٹ پُرکرنےوالی ویب سائٹ سست روی کا شکاررہی ساتھ ہی کچھ مخصو ص کالم تک پہنچ کر آگے کی کارروائی پوری کرنےمیں آنےوالی رکائوٹوں سے طلبہ اور فارم پُر کرنے والےرضاکار پریشان رہے۔
کرلامیں گرلز اسلامک آرگنائزیشن کی جانب سے صرف طالبات کیلئے مفت فارم پُرکرنےکی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ یہاں کی انچارج نےانقلاب کوبتایاکہ ’’فی الحال پہلا پارٹ پُر کرنے کا عمل جاری ہے لیکن متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری اور ’کالج پریفرینس‘ کے کالم میں سرچ آپشن کے نہ ہونے سے بڑی پریشانی ہورہی ہے۔جس کی وجہ سے پسندیدہ کالج تلاش کرنےمیں کافی وقت ضائع ہو رہا ہے ۔ علاوہ ازیں رجسٹریشن فیس کی ادائیگی کےمعاملہ میں بھی دقت آرہی ہے ۔
’’فیس ادا کرنے کے باوجود رسید موصول نہیں ہوئی‘‘
ایک طالبہ نے۱۰۰؍روپے ادا کئے ،اس کےباوجود اس کی رسید موصول نہیں ہوئی ۔خاصہ وقت گزر جانےکےبعد مجبوراً اس نے نئے سرے سے رجسٹریشن کیااور ۱۰۰؍روپے دو بارہ اداکئے تب اس کے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوا۔ایک طالبہ کےرجسٹریشن پر کم ازکم ایک گھنٹہ کاوقت صرف ہورہاہے۔‘‘
جنوبی ممبئی کے ایک سائبر کیفے کے مالک نے نمائندہ انقلاب سے بات چیت میں بتایاکہ ’’ منگل کو دوپہر ایک بجے تک متعلقہ ویب سائٹ انتہائی سست روی سےجاری رہی ،جس کی وجہ سے کافی وقت ضائع ہوا۔ علاوہ ازیں رجسٹریشن فیس کی ادائیگی میں بڑا مسئلہ درپیش ہے۔ فیس کی ادائیگی کے باوجود ،اس کی رسیدنہیں مل رہی ہے،جس کی وجہ سے ۴؍طلبہ نے دوبارہ ۱۰۰؍روپے فیس اداکئے تب انہیں ان کی رسیدملی ۔ ‘‘
تکنیکی مشکلات اور رہنمائی کیلئےرابطہ کریں
دریں اثناءاس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کے دفتر کی جانب سے ایک تربیتی پروگرام منعقد کرنےکااعلان کیاگیاہے تاکہ طلباء کو فارم پُر کرنے میں مدد ملے ۔ داخلہ کی مکمل معلومات کا کتابچہ آن لائن پورٹل پر دستیاب ہے۔ داخلے کے عمل کے دوران پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہر ڈویژنل، ضلع اور تعلقہ کی سطح پر رہنمائی اور مدد کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔‘‘
ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن ڈاکٹرمہیش پالکر نے طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی تکنیکی مشکلات درپیش ہونے یا دیگر رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن نمبر: 8530955564 یا
ای میل: support@mahafyjcadmissions.in
پر رابطہ کرسکتےہیں۔