گجرات کے پاٹن ضلع میں ایک ۷۰؍ سالہ دلت بزرگ کو زندہ جلانے کا واقعہ پیش آیا، جس کی لاش زنانہ لباس میں پائی گئی۔
EPAPER
Updated: May 28, 2025, 8:01 PM IST | Gandhi Nagar
گجرات کے پاٹن ضلع میں ایک ۷۰؍ سالہ دلت بزرگ کو زندہ جلانے کا واقعہ پیش آیا، جس کی لاش زنانہ لباس میں پائی گئی۔
گجرات کے پاٹن ضلع کے سنتال پور تعلقہ میں واقع پیپلا گاؤں کے قریب جکھوٹا گاؤں میں ایک۷۰؍ سالہ دلت شخص، ہارجی بھائی دیوا بھائی سولنکی کو زندہ جلانے کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ کی لاش عورتوں کے کپڑوں اور پازیب پہنے ہوئے پائی گئی۔ دلت لیڈر اور واڈگام کے ایم ایل اے جگنیش میوانی نے پاٹن کے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے بات کرنے کے بعد واقعہ کی تصدیق کی۔ تاہم، پولیس نے اب تک واقعے کے محرکات کا انکشاف نہیں کیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ایم ایل اے میوانی نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ ’’ تمام تر ترقی کے دعووں کے باوجود، گجرات دلتوں کیلئے جہنم بنتا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کارکنوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلانےکیلئے پاٹن کے دھرپور سول اسپتال میں جمع ہوں۔ میوانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ دینا چاہیے اور ۲؍ ایکڑ زرعی زمین الاٹ کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: گجرات ماڈل میں روزانہ ذات پات کی وحشت : اے آئی آئی ایس سی اے
پاٹن پولیس کے مطابق قتل جکھوٹا گاؤں میں ہوا، اور لاش کو دھرپور سول اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا۔ انہوں نے مقامی افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے اور کشیدگی بڑھنے کے سبب علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ مقامی دلت برادری اور سماجی تنظیموں نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جکھوٹا اور پیپلا گاؤں میں کشیدگی اب بھی برقرار ہے۔ میوانی نے دلت برادری سے ظلم کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا،’’ہمیں بی جے پی حکومت کے دور میں ہونے والے حملوں، قتل اور اس طرح کے ہولناک واقعات کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے۔‘‘