• Sat, 13 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گڈ چرولی میں ۱۱؍ کٹر ماؤنوازوں نے ہتھیار ڈال دئیے

Updated: December 10, 2025, 10:52 PM IST | Nagpur

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رشمی شکلااور دیگر افسران کی موجودگی میں انہوں نے خودسپردگی کی اورتشدد کا راستہ چھوڑنے کا اعلان کیا

The valley can be seen while surrendering.
خودسپردگی کرتے ہوئے ماؤ وادی دیکھے جاسکتے ہیں

 ڈویژنل کمیٹی، پلاٹون کمیٹی اور ایریا کمیٹی اراکین سمیت ۱۱؍ ماؤوادیوں نے ۱۰؍دسمبر کو ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رشمی شکلا کیسامنے اپنے ہتھیاروں سمیت خودسپردگی کی ہے۔ ان سب پر ۸۲ لاکھ روپے کا انعام تھا۔گڈچرولی ضلع میں نکسلی تحریک مسلسل کمزور ہوتی جا رہی ہے اور مالّوجُولا وینو گوپال عرف بھوپتی نے ماہ اکتوبر میں اپنے ۶۰؍ ساتھیوں کے ساتھ وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے سامنے خودسپردگی کی تھی۔ اُس وقت وزیر اعلیٰ نے پیشگوئی کی تھی کہ مستقبل میں مزید ماؤوادی ہتھیار ڈال کر خودسپردگی کریں گے۔
 بدھ کو ہتھیار ڈالنے والے نکسلیوں میں اعلیٰ کمان ماؤوادی جن ڈویژنل کمیٹی، پلاٹون کمیٹی، ایریا کمیٹی اراکین شامل ہیں۔ ان سب پر تقریباً ۸۲؍لاکھ روپے کا انعام ریاستی  حکومت نے رکھا تھا۔ اس موقع پر رشمی شکلا نے سی-۶۰ ٹیم کی بہادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کا راستہ چھوڑ کر قومی دھارے میں آنا ماؤ نوازوں کے لئے زندگی کی ایک نئی شروعات ہے۔ اسلئے انہوں نے کہا کہ باقی ماؤوادیوں کو بھی اپنے ہتھیار ڈال کر امن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جن نکسلیوں نے بدھ کو خودسپردگی کی ان میں چار ماؤوادی اپنے ہتھیاروں کے ساتھ پوری وردی میں خودسپردگی کیلئے آئے تھے۔ اسلئے خودسپردگی کی تقریب میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس خودسپردگی سے ماؤنواز تحریک کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔ ہتھیار ڈالنے والے ماؤوادیوں میں رمیش عرف بھیما عرف باجو لیکامی، بھیما عرف سیتو عرف کرن ہڈما کووسی، پوریے عرف لکی اڈما گوٹا، رتن عرف سنّا ماسو اویام، کملا عرف راگو ایریا ویلادی، پوریا عرف کماری بھیما ویلادی، رام جی عرف مورا لچھو پونگاٹی، سونو پوڈیام عرف اجئے، پرکاش عرف پانڈو پونگاٹی، سیتا عرف جینی توندے پالّو، سائی ناتھ شنکر میڈے شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی پی رشمی شکلا کے ساتھ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر شیرنگ دورجے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل انکیت گوئل، سی آر پی ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اجئے کمار شرما، پولیس سپرنٹنڈنٹ نیلوتپل، اے ایس پی ایم رمیش، سائی کارتک، انیکیت ہرڈے اور دیگرموجود تھے۔

nashik Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK