• Sat, 06 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناسک: درختوں کی کٹائی کیخلاف احتجاج میں شدت

Updated: December 05, 2025, 11:55 PM IST | Nashik

ماحولیاتی تنظیموں ، کارکنوں اور شہریوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن پارٹیاں بھی ۱۸۰۰؍سے زائد درختوں کو بچانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں،مہایوتی میں شامل این سی پی (اجیت پوار) نے بھی حکومتی اقدام سے دوری اختیار کی ، اب شیوسینا (شندے) بھی احتجاج پر اتر آئی ہے

Social activists and ordinary citizens are continuously protesting in this part of Tapun.
تپون کے مذکورہ حصے میں سماجی کارکنان اور عام شہری اس طرح مسلسل احتجاج کررہے ہیں

ناسک کے تپون علاقے میں کمبھ میلے کیلئے۱۸۰۰؍درختوں کی کٹائی کا فیصلہ ریاستی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کررہا ہے۔ اس معاملے میں جہاں ماحولیاتی کارکن اور تنظیموں کے ساتھ اپوزیشن پارٹیاں احتجاج کررہی ہیں وہیں مہایوتی میں شامل این سی پی (اجیت پوار) کے بعد اب شیوسینا (شندے ) بھی مخالفت میں اتر آئی ہیں۔ 
معاملہ کیا ہے؟
 خیال رہے کہ ۲۰۲۷ء میں ناسک میں ہونے والےکمبھ میلے کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔ اسی کیلئے تپون نامی علاقے میں ’سادھوگرام ‘ بنایا جارہا ہے۔ اس کیلئے تقریباً۱۸۰۰؍ درختوں کی کٹائی کا مجوزہ منصوبہ  ہے۔ جس کی مخالفت عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدت سے کی جارہی ہے۔ سادھو اور مہنتوں کی عارضی رہائش کے لئے ۱۱۵۰؍ ایکڑ میں سادھوگرام تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ جس کیلئے تپون میں بڑے پیمانے پر درخت کی کٹائی کو ناگزیر بتایا جارہا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف شہری، ماحول دوست تنظیمیں، مقامی انجمنیں اور کئی فلمی شخصیات بھرپور مخالفت کر رہی ہیں۔ اداکار سیا جی شندے، اُدھو ٹھاکرے (شیو سینا ٹھاکرے گروپ) اور **راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نونرمان سینا نے بھی اس درخت کٹائی کی سخت مخالفت کی ہے۔
 اس معاملے پر برسراقتداراتحاد(مہایوتی) کی حلیف پارٹی این سی پی (اےپی ) کے سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی واضح طور پر درختوں کی کٹائی کی مخالفت کی تھی۔ اب ان کے بعد نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ  شندے کی قیادت والی شیو سینا نے بھی اس مسئلے پر جارحانہ پالیسی اپناتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
شیوسینا شندے کا احتجاج 
 تپون میں درختوں کی کٹائی کے خلاف جمعہ کو شیوسینا شندے کی مقامی یونٹ نے احتجاج کیا۔ یہ مظاہرہ جمعہ کی سہ پہر کیا گیا۔ اس طرح اب حزبِ اختلاف کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحاد میں شامل پارٹیاں بھی  درختوں کی کٹائی کو روکنے کیلئے سڑک پر اترگئی ہیں۔
 خیال رہے کہ تپون میں درختوں کی کٹائی کے سلسلے میں اجیت پوار نے ’ایکس‘  پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ اس مسئلے کا حل آپسی گفتگو اور سمجھوتے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ اداکار سَیّاجی شندے نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ ماحولیات کے مفاد میں ہے۔ ترقی کے ساتھ ساتھ ماحول کا توازن قائم رکھنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اگر ماحول زندہ رہے گا تو ہی آنے والی نسلیں محفوظ رہیں گی، یہ بات ہمیں ہمیشہ ذہن میں رکھنی چاہیے۔‘‘
ایم این ایس کا بھی احتجاجی مظاہرہ
 اے بی پی ماجھا کی رپورٹ کے مطابق تپون میں ۱۸۰۰؍درختوں کی کٹائی کے خلاف مہاراشٹر نو نرمان فلم ایمپلائز سینا(ایم این ایس)کی قیادت میں آج (سنیچر کو) ناسک میں ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد ہونے والا ہے۔سنیچر کی صبح۳۰:۹؍تپون کے کمان کے نزدیک،سمبھاجی نگر روڈپر ایم این ایس کارکنان احتجاج کریں گے۔ اس دوران ایم این ایس فلم ایمپلائز سینا کے صدر امیہ کھوپرے، شالینی ٹھاکرے اور ششانک ناگویکر بھی موجود رہیں گے۔ ایم این ایس نے درختوں سے محبت رکھنے والوں سے اس احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی ہے۔

nashik Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK