Inquilab Logo

شہرومضافات کے ۱۱؍وارڈوں کوکورونا ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا

Updated: June 03, 2022, 9:33 AM IST | saadat khan | Mumbai

گرانٹ روڈ،قلابہ ،پریل ،کرلا، چمبور، باندرہ ،کھار اور اندھیری شامل ۔ شہری انتظامیہ فکرمند ۔میونسپل کمشنر کی اسپتالوںاو ر کووڈکیئر سینٹروں کو علاج کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

The coronavirus vaccine is being given at Naira Hospital
نائراسپتال میں کوروناوائرس سے تحفظ کا ٹیکہ دیا جارہا ہے۔ (تصویر: آشیش راجے)

 ممبئی  اور ریاست کےدیگر اضلاع میں ایک مرتبہ پھر کوروناوائرس کےمعاملات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ شہرومضافات میں کئی ایسے علاقے ہیں جہاں اس وبا کےمریض زیادہ مل رہے ہیں ۔ بی ایم سی کےمطابق ۱۱؍وارڈز ان دنوںکورونا ہاٹ اسپاٹ بنےہوئےہیںجن میں گرانٹ روڈ،قلابہ ،پریل ،کرلا، چمبور، باندرہ ، کھار اور اندھیری وغیرہ شامل ہیں۔ ان دنوں روزانہ ملنے والے کورونا مریضوں میں سے ۸۰؍تا ۹۰؍فیصد مریضوں کاتعلق ان وارڈوں سےہے ۔ میونسپل کمشنر نے بھی تمام اسپتالوں اور کووڈکیئر سینٹروںکو کورونامریضوں کے علاج کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہےکہ ممبئی میں گزشتہ ۲؍ہفتوں سے کوروناکے معاملات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہےجس کے پیش نظر بی ایم سی نے مذکورہ وارڈوں میں نگرانی بڑھا دی ہے۔
 میونسپل محکمۂ صحت کےایک افسر نے بتایا ہے کہ ان میں کچھ ایسے وارڈز ہیں جہاں بیرون ِ ریاست سےآنےوالےافرادکی تعداد زیادہ ہے۔ اس لئے ان وارڈوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ان علاقوںمیں بی ایم سی نے اسکریننگ اور کووڈ ٹیسٹ بڑھا دیا ہے۔
 میونسپل محکمۂ صحت کی رپورٹ کےمطابق اے وارڈ قلابہ، ڈی وارڈ گرانٹ روڈ ، ایف سائوتھ وارڈ پریل، جی سائوتھ وارڈ پربھادیوی، ایچ ویسٹ وارڈ باندرہ، ایچ ایسٹ وارڈکھار، کے ویسٹ وارڈ اندھیری، ایف نارتھ وارڈ ماٹونگا، پی سائوتھ وارڈ گوریگائوں ،ایم ویسٹ وارڈ چمبور اور ایل وارڈ کرلا وغیرہ میں کوروناکے زیادہ مریض مل رہےہیں۔ ان علاقوںمیں کورونا مریضو ں کا ہفتہ وار اوسط ۰ء۰۲۸تا ۰ء۰۵۲؍فیصد ہے جبکہ ممبئی کاہفتہ وار اوسط ۰ء۰۲۶؍فیصد ہے۔
 کووڈ۱۹؍ کےمریضوںکی تعدادمیں تیزی سے اضافہ توہورہاہے مگر  اموات کی شرح قابو میں ہے۔ کووڈ ڈیتھ آڈٹ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر اویناش سوپے نےبتایاکہ ٹیکہ کاری سے کورونا  وائر س کی شدت کم ہوگئی ہے۔ اس لئے اس وبا سے ہونے والی اموات کی شرح کم ہوئی ہے۔کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے بی ایم سی نے ضروری اقدامات کرنے شروع کردیئے ہیں۔ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے کووڈ۱۹؍ کی جانچ اور زیادہ سےزیادہ لوگوںکو ٹیکہ لگانے کی ہدایت جاری کی ہے ساتھ ہی تمام جمبوکووڈ کیئرسینٹروںکو تیار رہنے کیلئے کہاہے۔ انہوںنےیہ بھی کہاہےکہ بی ایم سی کورونا مریضوںکے علاج کیلئےکووڈ کئیر سینٹروں میں ۲۰؍ہزار سے زائد بیڈکے ساتھ تیار ہے۔
  ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر میونسپل افسر نے بتایاکہ ’’ گزشتہ ۲؍ہفتوں سے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تواتر سےاضافہ ہورہاہے۔ منگل کو اس وباکے ۵۰۶؍ کیس سامنے آئے تھے جن میں سے صرف ۱۷؍مریضوںکو علاج کیلئے اسپتال داخل کیاگیاہے۔ حالانکہ کورونا کے مشتبہ مریضوںکی تعداد زیادہ ہے، اس کےباوجود بی ایم سی کوروناکے معاملات کو بڑھنے کا کوئی موقع نہیں دیناچاہتی ہے۔ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے کورونا کےبڑھتے معاملات کی وجہ سے ایڈیشنل میونسپل کمشنر ، ڈپٹی میونسپل کمشنر اور نجی اسپتالوں کے نمائندوںکی منگل کوایک میٹنگ طلب کی تھی جس میں انہوںنے کہاہےکہ مانسون قریب ہے، ایسے میں کورونا کےمریضوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے اس لئے کورونا کی جانچ بڑھائی جائے ۔ اس کی جانچ کرنےوالی لیباریٹری کو سبھی اسٹاف کے ساتھ تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ساتھ ہی کووڈ جمبو سینٹروںکو بھی تمام تیاریاں رکھنےکیلئے کہاگیاہے۔ ان دنوں بی کے سی ، سائن ، بائیکلہ ، ملنڈ اور ورلی کووڈ جمبوسینٹر میں کورونا کے ۲؍ہزار ۹۷۰؍ مریض زیر علاج ہیں جن میں سے ۳؍ مریضوں کی حالت ناز ک بتائی گئی ہے۔
  نجی اسپتالوں کےرابطہ کار ڈاکٹر گوتم بھنسالی نے بتایاکہ ’’میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے نجی اسپتالوںمیں بھی زیادہ سے زیاد ہ مریضوںکی کووڈ کی جانچ اور کووڈ کےمریضوںکا علاج کرنےکیلئے تیار رہنے کیلئے کہاہے۔ فی الحال نجی اسپتالوں میں کووڈ کے مریضوںکیلئے ۲؍ہزار ۶۰۰؍بیڈ مختص ہیں جبکہ نجی اسپتالوںمیں کووڈ کے زیر علاج مریضوں کی تعداد ۱۲؍ہے۔ حالانکہ ہمیں ایسا محسوس ہورہاکہ کورونامریض نجی اسپتالوںمیں زیادہ نہیں آئیں گے ، اس کے باوجود ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےاور کووڈ کے مریضوں کے علاج کی تیاری کررکھی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK