Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیارہویں کی میرٹ لسٹ اچانک جاری ،طلبہ اور والدین پریشان

Updated: June 29, 2025, 8:49 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

محکمہ تعلیم کی بدنظمی کا سلسلہ برقرار ۔ پیر کے بجائے سنیچر کو ہی گیارہویں کی لسٹ جاری کردی۔طلبہ۳۰؍ جون سے ۷؍جولائی تک متعلقہ جونیئر کالج میں داخلہ کنفرم کرواسکتےہیں

Students and guardians check their names on the list at a cyber cafe after the sudden release of the merit list. (File photo)
اچانک میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد طلبہ اور سرپرست سائبر کیفے میں فہرست میں اپنا نام دیکھتے ہوئے۔(فائل فوٹو)

گیارہویں کے داخلے کے عمل میں پہلے دن سے پیدا ہونے والی افراتفری اورمبہم اطلاعات کے درمیان ڈائریکٹوریٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے سنیچر ۲۸؍جون کو اچانک ایک نیا سرکیولر جاری کرکےشام ۵؍بجےہی پہلی میرٹ لسٹ جاری کردی،جس سے ایک مرتبہ پھر محکمہ تعلیم کی بدنظمی کامعاملہ سامنا آیاہے کیونکہ متعددطلبہ اور والدین کو اچانک جاری کی جانےوالی میرٹ لسٹ کی اطلاع نہیں مل سکی۔پہلی میرٹ لسٹ میں ۶؍ لاکھ ۳۲؍ہزار ۱۹۴؍طلبہ کانام جاری کیاگیاہے۔ جن طلبہ کانام فہر ست میںشامل ہے وہ۳۰؍ جون سے ۷؍جولائی تک متعلقہ جونیئر کالج میں اپنا داخلہ کنفرم کرواسکتےہیں۔اسی طرح دوسرے راؤنڈ کیلئے خالی اسامیاں ۹؍جولائی کو ظاہر کی جائیں گی ۔
  واضح رہےکہ ۱۱؍ویںکے داخلےکےعمل میں متواتر ہونےوالی بدنظمیوں سے طلبہ اور والدین  شدید ناراض ہیں۔ دسویں کا امتحان ختم ہوئے ۳؍ مہینے گزرجانےکے باوجود طلبہ پڑھائی سے دور ہیں ۔ایڈمیشن کی کارروائی پوری ہونےمیں ابھی مزید ۲۔۳؍ مہینے لگ سکتےہیں ،ایسےمیں طلبہ کی پڑھائی کے نقصان کاذمہ دار کون ہوگا؟ والدین اس طرح کے سوالات اُٹھار ہے ہیں۔ متعدد تنظیموں نے بھی اس معاملہ میں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئےکہاہےکہ وزیر تعلیم اور ایجوکیشن کمشنر اس معاملہ پر توجہ کب دیں گے؟‘  یواسینا نام کی تنظیم نےموجودہ وزیر تعلیم اور ایجوکیشن کمشنر پرالزام لگایا ہےکہ ،ایسے حالات پیداکئے جارہےہیںکہ طلبہ مستقبل میں خودکشی کرنے پر مجبورہوں۔
 مورلینڈروڈ کی ایک طالبہ سے سوال کرنے پر اس نے میرٹ لسٹ جاری ہونے کی اطلاع پر لاعلمی کا اظہار کیا۔اس نےکہاہمیں بتایاگیاتھاکہ پیر کو پہلی میرٹ لسٹ جاری ہوگی ۔ اس لئے ہم خاموش بیٹھے تھے۔ میں نےاپنے فارم میں مہاراشٹر کالج کا نام پہلے نمبرپردرج کیاتھالیکن مجھے تیسرے نمبر کاکالج الاٹ کیاگیا ،جہاں میں داخلہ نہیں لیناچاہتی ہوں۔ اب مجھے مہاراشٹر کالج میں داخلہ کیلئے دوبارہ درخواست دینی ہوگی۔یہ بھی ایک طرح کی پریشانی ہے ۔ محکمہ تعلیم کو داخلہ کی کارروائی میں آسانی پیدا کرنی چاہئے نہ کہ پریشانی میں اضافہ ۔‘‘
 خیال ر ہےکہ محکمہ تعلیم نےپہلے ۲۶؍جون کو پہلی میرٹ لسٹ جاری کرنے کااعلان کیاتھا لیکن تکنیکی پیچیدگیوںکی وجہ سے اس روز میرٹ لسٹ کا اعلان نہیں ہو سکا،بعدازیں ۳۰؍جون کو میرٹ لسٹ جاری کرنےکی اطلاع دی گئی لیکن ۲۸؍ جون کو اچانک ایک نیاسرکیولر جاری کرکے اسی روز پہلی میرٹ لسٹ جار ی کردی گئی ۔طلبہ 
https://mahafyjcadmission.in
لنک  پر جاکراپنے درخواست نمبر کی مدد سے میرٹ لسٹ چیک کرسکتےہیں۔ سرکیولر میں یہ بھی واضح کیا گیا ہےکہ طلبہ مزید معلومات کیلئے ہیلپ لائن نمبر۸۵۳۰۹۵۵۵۶۴؍   پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
 پہلی میرٹ لسٹ میں ۶؍لاکھ ۳۲؍ہزار ۱۹۴؍طلبہ کو کالج الاٹ کئے گئےہیں۔اس میں آرٹس ،کامرس اور سائنس کےبالترتیب ایک لاکھ ۴۹؍ہزار ۷۹۱؍،ایک لاکھ ۳۹؍ہزار ۶۰۲؍ اور ۳؍ لاکھ ۴۲؍ہزار ۸۰۱؍ طلبہ شامل ہیں۔
 دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان ہوئے ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود طلبہ کو داخلہ نہیں دیا گیا ہے جس سے طلبہ اور والدین میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ایسےمیں محکمہ ثانوی تعلیم نے داخلے کےعمل میں آنےوالی تکنیکی دشواریوں کو دن رات کام کرکے دورکیااور پیر کےبجائے سنیچرکو ہی پہلی میرٹ لسٹ جاری کردی۔ داخلے کےپہلے راؤنڈ میں ۱۰؍لاکھ ۶۶؍ہزار ۵؍طلبہ نےدرخواستیں دی تھیں، جن میں سے آرٹس کے۲؍لاکھ ۳۱؍ہزار ۳۵۶؍، کامرس کے ۲؍لاکھ ۲۴؍ہزار ۹۳۱؍اور سائنس کے ۶؍لاکھ ۹؍ہزار ۷۱۸؍درخواستیں شامل تھیں۔ درخواست دینے والے۱۰ ؍ لاکھ ۶۶؍ ہزار ۵؍طلبہ میں سے ۶؍لاکھ ۳۲؍ہزار ۱۹۴؍ طلبہ کو ان کے دیئےگئے ترجیحی نمبرات کےمطابق پہلے راؤنڈ کیلئے کالج الاٹ کئے گئے ہیں۔
 طلبہ کواپنی ترجیحی ترتیب پُر کرنے کیلئے ۱۰؍ کالجوں کے نام درج کرنےکے اختیارات دستیاب تھے۔ اس کے مطابق ۴؍لاکھ ۵۷؍ہزار ۸۴۱؍طلبہ کو ان کی پہلی ترجیح کے مطابق داخلہ دیا گیا ہے جبکہ۷۷؍ہزار ۹۹؍طلبہ ان کی دوسری ترجیح کےمطابق داخلہ دیاگیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK