Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایلون مسک کا اظہارِ افسوس: "گزشتہ ہفتے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے متعلق کچھ پوسٹس پر افسوس ہے"

Updated: June 11, 2025, 6:06 PM IST | Washington

ٹرمپ اور مسک کے درمیان گزشتہ دنوں ہوئی لفظی جنگ اور کشیدہ تعلقات کے باوجود لاس اینجلس میں ابھرتی احتجاجی تحریکوں پر دونوں نے سوشل میڈیا پر مشترکہ موقف کا اظہار کیا جہاں مظاہرین امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے غیر دستاویزی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کی مخالفت میں سڑکوں پر اتر آئے تھے۔

Donald Trump and Elon Musk. Photo: INN
ڈونالڈ ٹرمپ اور ایلون مسک۔ تصویر: آئی این این

امریکی ارب پتی اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے بدھ کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی لفظی جنگ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مسک نے بدھ کو ایکس پر لکھا، "گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ کے متعلق کچھ پوسٹس پر مجھے افسوس ہے۔ وہ کچھ زیادہ ہوگیا تھا۔"

واضح رہے کہ ٹرمپ اور مسک کے درمیان تنازع ٹرمپ کے "عظیم، خوبصورت بل" ٹیکس اور اخراجات کے قانون پر شروع ہوا جس کی مسک نے سخت مخالفت کی تھی۔ یہ لڑائی گزشتہ ہفتے ۶ جون کو اس وقت شدت اختیار کر گئی جب دونوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ٹروتھ سوشل اور ایکس، پر ایک دوسرے پر ذاتی نوعیت کے حملے کئے اور سنگین الزامات لگائے۔ مسک نے ٹرمپ پر الزام لگایا تھا کہ صدر کا نام جنسی مجرم جیفری ایپسٹائن کے کیس سے جڑی فائلز میں موجود ہے اور اسی وجہ سے ان فائلز کو عام نہیں کیا جارہا ہے۔ اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ مسک "پاگل" ہو گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مسک سے اپنا مشیرانہ کردار چھوڑنے کو کہا تھا، جسے مسک نے "جھوٹ" قرار دیا۔ ٹرمپ نے مسک کی اسپیس ایکس سمیت دیگر کمپنیوں کے ساتھ سرکاری معاہدوں کو ختم کرنے کی دھمکی بھی دی۔ اسپیس ایکس امریکی خلائی مشنز کیلئے وفاقی فنڈز پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ جواب میں، مسک نے اسپیس ایکس کے ڈریگن خلائی جہاز کی خدمات کو بند کرنے کی دھمکی دی، جو ناسا کے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن مہمات میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایلون مسک وہائٹ ہاؤس منشیات لاتے تھے یا نہیں، معلوم نہیں : ٹرمپ

ایل اے فسادات پر مشترکہ موقف

ٹرمپ اور مسک کے درمیان گزشتہ دنوں ہوئی لفظی جنگ اور کشیدہ تعلقات کے باوجود دونوں نے سوشل میڈیا پر امریکہ کی مغربی ریاست کیلیفورنیا کی راجدھانی لاس اینجلس (ایل اے) میں ابھرتی احتجاجی تحریکوں پر مشترکہ موقف کا اظہار کیا جہاں مظاہرین امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے غیر دستاویزی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کی مخالفت میں سڑکوں پر اتر آئے تھے۔ پیر کو مسک نے ٹرمپ کی ایک پوسٹ کو ری ٹویٹ کیا جس میں کہا گیا تھا: "کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم اور "میئر" باس کو ایل اے کے لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ انہوں نے بہت خراب کام کیا ہے اور اس میں حالیہ ایل اے فسادات بھی شامل ہیں۔ یہ مظاہرین نہیں، پریشانی پھیلانے والے اور بغاوت کرنے والے افراد ہیں۔ یاد رکھیں، کوئی ماسک نہیں!" مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کے احتجاج کے جواب کی حمایت میں کئی پوسٹس شیئر کیں۔ انہوں نے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت کارروائی کی حمایت کی۔ اس سے پہلے، مسک نے ایک پوسٹ ڈیلیٹ کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ ایپسٹائن فائلز میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK