ہندوستان کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے سے قبل پاکستان اپنی کمزوریوں اور طاقت کو پرکھنے کی کوشش کرےگا.
EPAPER
Updated: September 12, 2025, 1:05 PM IST | Agency | Dubai
ہندوستان کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے سے قبل پاکستان اپنی کمزوریوں اور طاقت کو پرکھنے کی کوشش کرےگا.
پاکستان ایشیا کپ میں اپنی مہم کی شروعات جمعہ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں عمان کے خلاف بڑی جیت کے ساتھ کرنا چاہے گا۔ متحدہ عرب امارات میں ٹی۔۲۰؍سہ فریقی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان جمعہ کو ٹورنامنٹ میں ایک مضبوط دعوے دار کے طور پر میدان پر ہوگا۔ پاکستان گروپ’ اے‘ میں اپنے پہلے میچ میں کمزور عمان کے خلاف اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی کوشش کرے گی۔
سلمان آغا کی قیادت میں ٹیم نے پچھلے ۶؍ ٹی۔۲۰؍میچوں میں صرف ایک بار شکست کا سامنا کیا ہے اور بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ عمان کے ساتھ مقابلہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے ہندوستان کے خلاف اہم میچ سے قبل اعتماد بڑھانے ، فارم برقرار رکھنے اور ایشیا کپ کیلئے اپنی تیاریوں کا جائزہ لینے کا اچھا موقع ہوگا۔گروپ’ اے‘ میں ہندوستان، پاکستان، عمان اور یو اے ای شامل ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ان دونوں ٹیموں کا سپر ۔۴؍اور فائنل میں بھی مقابلہ ہو سکتا ہے۔
ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے۔ اوپنر سائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان سے جارحانہ آغاز کی امید ہے، جبکہ مڈل آرڈر کے تجربہ کار فخر زمان اور سلمان آغا اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ نچلے درجے میں حسن نواز، محمد حارث، محمد نواز اور فہیم اشرف اپنی صلاحیت کے بوتے آخری اووروں میں تیز رفتاری سے رن بنا سکتے ہیں۔
پاکستان کے بولنگ اٹیک کی قیادت شاہین آفریدی کریں گے۔ آفریدی کی تیز رفتاری کے ساتھ ابرار احمد، فہیم اشرف، محمد نواز اور سفیان مقیم کا تعاون پاکستان کو دبئی کی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کا موقع دے گا۔ پچ کی اگر بات کی جائے تو یہ روایتی طور پر بلے بازوں کے لئے مددگار سمجھی جاتی ہے جس میں تیز آؤٹ فیلڈ ہے، البتہ اسپنرز درمیانی اوور میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ پچ خاص طور پر ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں کیلئے سازگار رہی ہے۔ پچھلے ۱۰؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں میں سے ۸؍ میں دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیم فاتح رہی ہے۔ پہلی اننگز کا اوسط اسکور تقریباً ۱۷۰؍رن ہے۔