Inquilab Logo Happiest Places to Work

شوپیاں میں تصادم، لشکر طیبہ سے وابستہ تین جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ

Updated: May 13, 2025, 10:58 PM IST | Jammu

دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ،گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کر نے کی بات بھی کہی گئی ہے

Security forces personnel on standby after an encounter in Shopian (Photo: PTI)
شوپیاں میں انکاؤنٹر کے بعدمستعد سیکوریٹی فورسیز کے جوان (تصویر: پی ٹی آئی)

جنوبی ضلع شوپیاں کے  جنگلی علاقے میں سیکوریٹی فورسیزکے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین جنگجوؤں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق  دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔دریں اثنا دعویٰ کیا گیا ہے کہ پہلگام  دہشت گرد حملے کے بعد جنوبی ضلع شوپیاں میں منگل کو ہونے والی پہلی مسلح جھڑپ میںجو تینوں  مارے گئے ہیں، وہ لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ہیں۔
  ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکوریٹی فورسیز نے جوں ہی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا توسامنے سے جنگجوؤں نے فائرنگ شروع کردی۔انہوں نے کہاکہ سیکوریٹی فورسیز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس  میںتین جنگجومارے گئے۔ بعد میں ان میں سے۲؍ کی شناخت شاہد کٹے اور عدنان شفیع ڈار طور پر کی گئی ہے جبکہ تیسرے جنگجو کی شناخت تا حال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
   اس تصادم کی اطلاع فوج کی چنار کور نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ دی۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ۱۳؍ مئی کو راشٹریہ رائفلز کو مخصوص انٹیلی جنس سے اطلاع ملی کہ شوپیاں کےجنگلی علاقے میں جنگجو موجود ہیں، جس کے بعد فوج نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق جنگجو شاہد کٹے نے۸؍مارچ۲۰۲۳ء کو لشکرطیبہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شاہد کٹے نے۸؍ اپریل۲۰۲۴ء کو۲؍ جرمن سیاحوں پر فائرنگ کی تھی اور مئی۲۰۲۴ء کو ہر پورہ شوپیاں میں بی جے پی سرپنچ کے قتل میں بھی وہ ملوث رہا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق عدنان شفیع ڈار، جس نے ۱۸؍ اکتوبر۲۰۲۴ء کو لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی تھی، بھی مطلوب جنگجوتھا۔ وہ اکتوبر۲۰۲۴ء میں ایک غیر مقامی مزدور کے قتل میں ملوث تھا۔
 ذرائع کے مطابق پہلگام حملے کے بعد سیکوریٹی فورسیز کی جانب سے سرگرم جنگجوؤں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے دوران شاہد کٹے اور عدنان شفیع ڈار کے گھروں کو بھی منہدم کردیا گیا۔
 واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد وادی کشمیر میں سرگرم جنگجوؤں اوران کے حامیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔  شوپیاں تصادم سے چند گھنٹے قبل ہی جنوبی کشمیر  میں پہلگام حملے میں مطلوب تین دہشت گردوں کے پوسٹر چسپاں کئے گئے، جن میں مدد کرنےوالوں کیلئے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK