Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے: ۱۱۱؍ افراد خلیجی ممالک سے بحفاظت واپس

Updated: March 06, 2026, 4:10 PM IST | Pune

مزید ۱۹؍ افراد دیگر فلائٹ سے آ رہے ہیں، ۵۴؍ سے رابطے کی کوشش جاری۔

 پونے لوٹنے والوں میں طلبہ کی تعداد زیادہ ہے ۔ تصویر: آئی این این
پونے لوٹنے والوں میں طلبہ کی تعداد زیادہ ہے ۔ تصویر: آئی این این

مشرق وسطیٰ کے بعض علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان دبئی میں پونے ضلع کے ۱۸۴؍ شہری  پھنسے ہوئے تھے جن  میں سے ۱یک سو ۱۱؍ افراد بحفاظت پونے واپس پہنچ گئے ہیں۔ یہ معلومات ضلع کلکٹر جتیندر دویدی نے دی ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق ۱۹؍ باشندوں کی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے جبکہ باقی ۵۴؍ افراد کو واپس لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ان افراد کی واپسی کے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پرہندوستان کا بالآخر اظہار تعزیت

 حکومت ہند اور مہاراشٹر حکومت کی ہدایات کے مطابق بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی سلامتی کیلئے اہم ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی حکام و ہندوستانی سفارت خانوں کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ 

یہ ایڈوائزری رملہ (فلسطین)، دوحہ (قطر) ، ریاض (سعودی عرب)، تل ابیب (اسرائیل)، تہران (ایران)، بغداد (عراق)، کویت، بحرین، مسقط (عمان)، اردن اور متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں مقیم ہندوستانی شہریوں کیلئے جاری کی گئی ہے، جس میں ابوظہبی بھی شامل ہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو متعلقہ ممالک میں قائم ہندوستانی سفارت خانوں کے۲۴؍ گھنٹے فعال ہیلپ لائن نمبروں پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سفارت خانے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت کے مطابق مدد فراہم کر رہے ہیں۔ مہاراشٹر حکومت نے بیرونِ ملک مقیم ریاستی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، صرف سرکاری معلومات پر اعتماد کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ہندوستانی سفارت خانوں سے رابطہ کریں۔ حکومتِ مہاراشٹر اس معاملے میں مرکزی حکومت اور متعلقہ سفارتی مشن کے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور بروقت واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھئے: اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد: بحث کے وقت اوم برلا اراکین کے درمیان بیٹھیں گے

 خلیجی ممالک میں پھنسےمالیگائوں کے باشندوں کے ناموں کا اندراج

 ناسک؍مالیگاؤں(مختار عدیل): ایران۔ اسرائیل و امریکہ جنگ کے سبب خلیجی ممالک میں پھسنے مقامی افراد کے ناموں اور دیگر تفصیلات کے اندراج کیلئے ضلع انتظامیہ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ۲؍ ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں: 
۹۷۶۷۶۴۹۵۵۵
 ۲۳۱۷۱۵۱۔۰۲۵۳
سعودی عرب کے علاوہ شارجہ، دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں مالیگاؤں کے باشندے مقیم ہیں۔ان میں وہ بھی ہیں جو امسال ماہِ مبارک میں بغرض عمرہ مکّہ المکرمہ اور مدینہ منورہ گئے ہیں۔جیوتی دیورے(تحصیلدار،مالیگاؤں) نے انقلاب کے استفسار پر کہا کہ ’’ جنگی صورتحال کے پیش نظر مقامی شہریوں کے تحفظ کیلئے مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ابتدائی مرحلے میں ایسے افراد کی فہرست سازی کی جا رہی ہے ہے جو عمرہ کی غرض سے گئے ہیں یا خلیجی ممالک میں سکونت رکھتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ اَب تک ایک ہزار افراد کے ناموں کا اندراج عمل میں آ چکا ہے۔مزید کام جاری ہے۔ ناموں کے اندراج سے براہِ راست بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔اوپر دی ہوئی ہیلپ لائن نمبر پر فون کرکے تفصیلات دی جاسکتی ہیں۔‘‘
ریسیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر روہیت کمار راجپوت ( ناسک ) نے کہا کہ ’’ حصولِ علم کیلئےاوربغرض ملازمت خلیجی ممالک میں مقیم ۱۷۸؍افراد کی نشان دہی ہوئی ہے۔ان سے متعلق تفصیلات ریاستی حکومت کودی جا رہی ہے۔پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کی معرفت گئے معتمرین کی معلومات ٹور آپریٹرس سے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ایسے افراد سے گزارش ہے جن کے رشتے دار،احباب و اقارب خلیجی ملکوں میں مقیم ہیں اُن سے متعلق اہم تفصیلات فراہم کریں تاکہ ہنگامی حالات میں اُن کی وطن واپسی کیلئے مناسب اقدامات کے انتظامات میں آسانیاں ہوں۔‘‘؎واضح رہے کہ یہ پوری کارروائیاں کلکٹر آیوش پرساد کی سربراہی میں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بہار: نتیش کمار وزارت اعلیٰ چھوڑیں گے، راجیہ سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی داخل

 خلیجی ممالک میں ناندیڑ کے ۵۹؍ باشندے محفوظ
ناندیڑ (زیڈ اے خان)ناندیڑ ضلع کے مجموعی طور پر ۵۹؍ شہری دبئی، شارجہ، قطر، بحرین اور سعودی عرب  وغیرہ میں موجود ہیں اور وہ تمام محفوظ ہیں۔ اس بات کی اطلاع جمعرات کو ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو موصول ہوئی ۔ان شہریوں کے درست مقام اور دیگر تفصیل حاصل کرنے کیلئے مہاراشٹر حکومت نے ’نوین سہایتا گلف‘ نامی لنک جاری کی ہے۔ خلیجی ممالک میںمقیم مہاراشٹر کے باشندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس لنک پر جا کر اپنی مکمل معلومات درج کریں۔نیز جن ۵۹؍ شہریوں نے پہلے گوگل شیٹ میں اپنی معلومات درج کی تھی وہ بھی اس نئی لنک پر دوبارہ اپنی تفصیلات بھر یں ۔  خلیجی ممالک میں موجود افراد کے رشتہ دار بھی یہ لنک متعلقہ افراد کو بھیجیں تاکہ ان کا درست مقام حکومت کو معلوم ہو سکے اوران کی فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ اگر کسی کو اس سلسلے میں کوئی شبہ یا سوال ہو تو وہ ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر، ضلع کلکٹر آفس ناندیڑ کے مندر جہ ذیل فون نمبر پر رابط کر سکتے ہیں: ۲۳۵۰۷۷۔۰۲۴۶۲ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK