Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں شہری ترقی کیلئے انجینئروں کی تنظیم سرگرم

Updated: August 01, 2025, 11:16 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر سے ملاقات،وفد نے ٹریفک اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے تجاویز پیش کیں

A delegation from the Practicing Architects and Engineers Association of Bhiwandi presenting a memorandum to the Municipal Commissioner.
پریکٹسنگ آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز ایسوسی ایشن آف بھیونڈی کا وفد میونسپل کمشنر کو میمورنڈم دیتےہوئے

بھیونڈی کی تیزی سے بڑھتی آبادی، غیر منصوبہ بند شہری پھیلاؤ، گوداموں کی بھرمار اور بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے پیش نظر پریکٹسنگ آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز اسوسی ایشن آف بھیونڈی (پی اے ای اے) نے شہری ترقی اور ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے میونسپل کمشنر انمول ساگر سے ملاقات کی۔ وفد میں انجینئر شمیم دراج کامنکر ،انجینئر جلال الدین انصاری و دیگر انجینئروں اور معماروں کی قیادت پی اے ای اے کے جنرل سیکریٹری انجینئر جاوید اعظمی نے کی۔ وفد نے کمشنر کے ساتھ شہر کی تعمیرو ترقی کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی۔ وفد نے کمشنر کو میمورنڈم بھی پیش کیا ،جس کے ذریعہ کئی اہم نکات اور سفارشات پیش کیں۔
 رِنگ روڈ کو اولین ترجیح
  وفد نے بھیونڈی کے گرد رِنگ روڈ تعمیر کرنے کی تجویز کو فوری اہمیت دینے کا مطالبہ کیا تاکہ بھاری گاڑیوں کا بوجھ اندرونی سڑکوں سے ہٹایا جا سکے، شہر کی ٹریفک میں بہتری آئے اور لاجسٹک حب سے قومی شاہراہوں تک بہتر رسائی ملے۔ 
سڑکوں کی کشادگی، فلائی اوورز کا استعمال
  تنظیم نے ندی ناکہ تا انجور پھاٹا، دھامنکر ناکہ روڈ، ونجارپٹی ناکہ، پوگاؤں  اور بائی پاس جیسے مصروف علاقوں کی سڑکیں فوری کشادہ کرنے اور موجودہ فلائی اوورز کو ہلکی گاڑیوں کے لئے کھولنے کی سفارش کی۔ 
لاجسٹک زونز اور پارکنگ کا مؤثر انتظام
  شہر کے اندر گوداموں کی غیر منصوبہ بند تعمیر کو ٹریفک بگاڑ کا ایک بڑا سبب بتایا گیا۔ اس کا حل بتاتے ہوئے وفد نے رہائشی علاقوں سے باہر خصوصی لاجسٹک زون بنانے اور آٹو رکشوں کی غیر منظم پارکنگ کو قابو میں لانے کیلئے مخصوص رکشا اسٹینڈ اور سخت جرمانہ لگانے کی تجویز دی۔
 عوامی ٹرانسپورٹ اور میٹرو کنیکٹیویٹی کی بہتری
  میمورنڈم میں زور دیا گیا کہ مستقبل کی میٹرو اور بلٹ ٹرین منصوبوں کے پیشِ نظر بھیونڈی میں فیڈر سروسز، پارکنگ  اور بی آر ٹی ایس جیسی منی بسوں کی سہولتیں متعارف کرائی جائیں۔
 متاثرین کو معاوضہ اور بازآبادکاری کی یقین دہانی
  اگر سڑک کشادگی یا رِنگ روڈ منصوبے کے باعث کسی شہری کی زمین متاثر ہو، تو اسے مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے یا متبادل زمین یا روزگار فراہم کیا جائے۔
 مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ
  آخر میں تنظیم نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن،  ٹاؤن پلاننگ، پی اے ای اے، آر ٹی او ، سماجی ادارے اور شہری نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے جو بھیونڈی کے لئے ایک مرحلہ وار ماسٹر پلان تیار کرے، جو مہاراشٹر اسٹیٹ ویژن ۲۰۳۰ءسے ہم آہنگ ہو۔
 انجینئر جاوید اعظمی نے انقلاب کو بتایا کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں انجام پائی اور کمشنر انمول ساگر نے انجینئروں و معماروں کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنےکی یقین دہانی کرائی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK