Inquilab Logo Happiest Places to Work

الیکٹرک گاڑیوں کی چارج کی ہوئی بیٹری کے۳۱؍ اسٹیشنوں کا قیام، گاڑی مالکان کیلئے راحت بخش خبر

Updated: June 04, 2025, 5:31 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ہونڈا کی بیٹری استعمال کرنے والی دواور تین پہیہ گاڑیوں کیلئے مونو اور میٹرو ریل اسٹیشنوں پر ’ای وی سوائپ اسٹیشن‘ قائم کئے جارہے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

الیکٹرک گاڑی مالکان کو مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے ’مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ‘ (ایم ایم ایم او سی ایل) اور ’ہونڈا پاور پیک اینرجی انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کمپنی کے اشتراک سے میٹرو اور مونو ریل کے ۳۱؍ اسٹیشنوں پر ’ای سوائپ بیٹری اسٹیشن‘ شروع کئے جارہے ہیں۔ ان مقامات پر الیکٹرک گاڑیوں کی استعمال شدہ بیٹری کو رکھ کر چارج کی ہوئی بیٹری گاڑی میں لگا کر سفر جاری رکھا جاسکتا ہے، یہاں بیٹری چارج کرنے کیلئے ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ 
 انتظامیہ کے مطابق ان اسٹیشنوں پر دو اور تین پہیہ گاڑیوں میں استعمال ہونے والی ’ہونڈا موبائل پاور پیک ای۔بیٹری‘ کو تبدیل کیا جاسکے گا۔ یہاں آکر لوگ اپنی استعمال شدہ بیٹری مخصوص خانوں میں رکھ کر پوری طرح چارج کی ہوئی بیٹری اپنی گاڑیوں میں لگا سکیں گے اور یہ عمل محض ۲؍ منٹ میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔مہا ممبئی میٹرو کے مطابق یہ اقدام اس لئے کیا جارہا ہے تاکہ ماحولیات کو کم نقصان پہنچانے والی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ ہو اور لوگ دیگر ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کااستعمال کم کردیں۔ اسکے ساتھ ہی ممبئی ملک کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں  مونواور میٹرو اسٹیشنوں کو ای وی بیٹری سوائپنگ سے جوڑا جارہا ہے۔میٹرو کے ممبئی میں ہریالی میں اضافہ کی کوششوں میں شامل میٹرو ریل کے ۲۵؍ اسٹیشنوں اور مونو ریل کے ۶؍ اسٹیشنوں پر ’ہونڈا ایڈوانسڈ بیٹری سواپنگ ٹیکنالوجی‘ سے لیس بیٹری سوائپنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔  میٹرو لائن ۷؍ پر دیگر نجی کمپنیاں بھی اس طرح کے سوائپنگ اسٹیشن قائم کرسکتی ہیں۔

ای وی بیٹری اسٹیشن کہاں کہاں ہیں؟
-میٹرو لائن ۷ (ریڈ لائن) کے گُنداولی، موگرا، جوگیشوری (مشرق)، گوریگائوں (مشرق)، آرے، ڈنڈوشی، کُرار، آکُرلی، پوئسر، دیوی پاڑہ اور راشٹریہ اُدیان شامل ہیں۔
-میٹرو لائن ۲؍ اے (یلو لائن) کے دہیسر (مشرق)، آنند نگر، کندار پاڑہ، ایکسر، بوریولی (مغرب)، شمپولی، کاندیولی (مغرب)، دہانوکر واڑی، ملاڈ (مغرب)، لوور ملاڈ، بانگور نگر، اوشیوارہ، لوور اوشیوارہ اور اندھیر (مغرب)۔
-مونو ریل کے سنت گاڈگے مہاراج چوک، منٹ کالونی، نائیگائوں، وڈالا، فرٹیلائزرٹائون شپ اور چمبور میں واقع ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK