Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیٹ پیپر سے متعلق مقدموں کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام

Updated: July 25, 2026, 12:06 PM IST | New Delhi

بامبے ہائی کورٹ نے اورنگ آباد بینچ اور ناگپور بینچ کے تحت فاسٹ ٹریک عدالتوں میں ججوں کی تقرری کا اعلان کیا۔

Important decision of Bombay High Court, relief for students. Photo: INN
بامبے ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ، طلبہ کو راحت۔ تصویر: آئی این این

نیٹ پیپر لیک کےمعاملے میں ملک بھر میں طلبہ کا احتجاج جاری ہے۔ اسی دوران بمبئی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز اورنگ آباد اور ناگپور میں دو خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں نامزد کر دی ہیں، جو امتحانی بدعنوانی سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گی۔ ہائی کورٹ نے اورنگ آباد میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ایس وی پوار اور ناگپور میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گلشن آر کولٹے کو پبلک ایگزامینیشن (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ، ۲۰۲۴ء کے تحت مقدمات کی سماعت کیلئے خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتوں کے طور پر نامزد کیا ہے۔
 ہائی کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ دونوں عدالتیں بھارتیہ نیائے سنہتا، ۲۰۲۳ء اور ۱۹۸۲ء کی متعلقہ دفعات کے تحت بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ  اور ناگپور بینچ کے حلقے میں آنے والے اضلاع سے متعلق امتحانی بدعنوانی کے مقدمات کی بھی سماعت کریں گی۔یہ اقدام مرکزی وزارتِ قانون کی ہدایات کے بعد کیا گیا ہے، جب مرکزی حکومت نے پیپر لیک کے مقدمات کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
  اطلاع کے مطابق ایسے مقدمات کا فیصلہ تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ممبئی، ناگپور اور ملک کے دیگر حصوں میں طلبہ نیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ ناگپور کی خصوصی عدالت کو امتحانی بدعنوانی سے متعلق کم از کم ۱۱؍ زیر التوا مقدمات سونپے گئے ہیں ۔ان میں نیٹ پیپر لیک سے متعلق مقدمات بھی شامل ہیں۔ ۲۰۲۶ء کے اس معاملے میں مہاراشٹر سے گرفتار کئے گئے بعض ملزمین اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں۔حکام نے بتایا کہ اگر اس قانون کے تحت دیگر عدالتی اضلاع میں بھی مقدمات زیر التوا ہوئے تو وہاں بھی اسی نوعیت کی خصوصی عدالتیں قائم کی جا سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ نیٹ پیپر کے بعد کئی طلبہ نے توقع سے کم مارکس ملنے اور امتحان میں بد انتظامی کے تعلق سے عدالت میںمقدمے دائر کئے تھے جن کی سماعت زیر التواء ہے۔ عدالت نے اسی بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے ان فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام عمل میں لایا ہے ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK