Inquilab Logo

رمضان میں بھی گوونڈی کے نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ میں پانی کا شدید مسئلہ

Updated: May 02, 2021, 10:57 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

مکینوں کو بی ایم سی کے ذریعہ جو کچھ تھوڑا بہت پانی ملتا ہے ،وہ گندہ ،بدبو دار اور نہایت آلودہ ہوتا ہے، بی ایم سی کے ذریعے صاف پانی فراہم کرنے کی کوشش بے سود، لاک ڈاؤن کے دوران بے روزگار مکین پینے کیلئے۳۰؍ روپے کا ۲۰؍ لیٹر کین والا پانی استعمال کرنے اور دیگر ضروریات کیلئے ٹینکر سے پانی منگوانے پر مجبور

Tap connection status.PictureMidday
نل کنکشن کی صورتحال تصویر مڈڈے

س علاقے میں واقع نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ کی ۷؍ بلڈنگوں  کے سیکڑوں مکین رمضان کے مہینے میں بھی پانی  کے شدید مسئلے کا سامنا کررہے ہیں ۔ یہاں روزہ دار بھی   پانی کیلئے نہ صرف  ترس رہے ہیں بلکہ پینے کیلئے ۳۰؍ روپے میں ۲۰؍ لیٹر والے کین  کا پانی استعمال کرنے اور دیگر ضرورتوں کیلئے ٹینکر  سےپانی منگوانے پر مجبورہیں۔ 
 گوونڈی کے شیواجی نگر علاقے میں واقع  نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ کی بلڈنگ نمبر۲۹؍ بی  میں رام رحیم کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکریٹری دین محمد قریشی (۵۰)  نے نمائندہ ٔ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہاں پینے کے پانی کیلئے برسوں سے مکین پریشان ہیں ۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن  کے ذریعہ سپلائی کیا جانے والا پانی تھوڑا بہت آتا  ہے  لیکن  وہ بہت ہی گندہ ، بدبودار اور انتہائی آلودہ ہوتا ہے ۔ اسی وجہ سے یہاں کے مکین ۳۰؍ روپے میں ۲۰ ؍لیٹر والا کین پینے کیلئے خریدتے ہیں اوراکثر وبیشتر ہزاروں روپے  کےٹینکر کے ذریعہ پانی منگواکر   دیگر ضروریات کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔ 
 انہوں نےمزید کہا کہ اس بارے میں متعدد بار شکایت کرنے پر بی ایم سی نے عارضی طور پر ایک دوسری  پائپ لائن سے مکینوں کو کنکشن دے کر پانی پہنچانے کی کوشش کی تھی لیکن اس کنکشن کے بعد گھروں میں جو گندہ اور بدبودار پانی آتا تھا وہ بھی  بندہوگیا۔مکینوں کے کافی شور وغل  کے بعد گزشتہ جمعرات۲۹؍ اپریل کو ایک بار پھر ایم ایسٹ کے اہلکاروں  نے  پر انی پائپ لائن میں کنکشن واپس جوڑ دیا ۔
 نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ کی بلڈنگ ۲۹؍( اے) سدگرو کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر علی حسین نے کہا کہ ویسے تو پورے علاقے میں پانی کی تکلیف ہے لیکن نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ کی ۷؍ بلڈنگو ں میں پانی کا شدید مسئلہ ہے ۔  بلڈنگیں۷؍منزلہ ہیں اور ہر بلڈنگ میں ۹۶؍ فلیٹ  ہیں  اور   ان تمام فلیٹوں میں  سیکڑوںافراد رہائش پذیر ہیں ۔ یہاں پر برسوں سے پانی کی تکلیف تھی لیکن ادھر چند مہینوں سے  یہ تکلیف  بڑھ گئی ہے اور جو پانی کسی کسی گھروں میں تھوڑا بہت آتا ہے  ان میں چھوٹے چھوٹے کیڑے ہوتے ہیں۔شکایت کرنے پر علاقے کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور مقامی کارپوریٹر اختر قریشی نے میونسپل کارپوریشن کے ایم ایسٹ وارڈ کے متعلقہ افسران کے ساتھ علاقے کا جائزہ لیا ۔  علی حسین نے مزیدکہا کہ شیواجی نگرپولیس اسٹیشن کے قریب سے جانے والی پائپ لائن سے کنکشن دینے کے بجائے کافی دور سے گزرنے والی ایک دوسری پائپ لائن سے بی ایم سی  نے پانی  سپلائی کی کوشش کی تھی  لیکن جوگندہ اور بدبودار پانی آتا بھی تھا وہ بھی بند ہوگیا ۔ اس وجہ سےعلاقے میں پانی کیلئے ہاہاکار مچ گیا ۔ اس کی اطلاع اور شکایت ملنے کے بعد ایم ایسٹ وارڈ میں ایک بار پھر بات چیت ہونے کےبعداس کنکشن کو دوبارہ  پرانی پائپ لائن سے جوڑ دیا گیا ۔ نٹور سنگھ پاریکھ کمپاؤنڈ کی بلڈنگ نمبر ۲۹؍ سی کے صدر شمیم خان کہنا ہے کہ رمضان کا مہینہ ہے ۔ مسلمان اور روزہ داروں کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے  اور یہاں کے مکین زیادہ تر مزدوری کرکے اپنے بچوں کی پرورش کرتے ہیں ۔ دوسرے  لاک ڈاؤن  کی وجہ سے ایک بار پھر مکین  بے روزگار ہوگئے  ہیں ۔ان حالات میں مکینوں کو پینے کا پانی خرید کر اور دیگر ضروریات کیلئے ٹینکر سے پانی منگواکر استعمال کرنا بہت ہی دشوار کن ہے۔ بقول شمیم خان ایک بلڈنگ میں کم سے ۲؍ ٹینکر پانی کی ضرورت پڑتی ہے تب جاکر لوگوں کی ضروریات پوری ہوتی  ہیں ۔ 
 اس ضمن میں ایم ایسٹ وارڈ کے جونیئر انجینئرسچن بھگت  نےدعویٰ کیا کہ پانی کا مسئلہ تقریباً حل ہوگیاہے لیکن جب کانفرنسنگ کےذریعہ سوسائٹی کے ذمہ داروں سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے قریب سے گزرنے والی پائپ لائن میں کنکشن دے کرپانی کی دشواری ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس سلسلے میں مقامی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ نٹور پاریکھ کالونی میںکم او ر گندہ پانی ملنے کی شکایت ملی ہے ۔دوسری پائپ لائن ڈالنے کے تعلق سے میری بات چیت میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران سے چل رہی ہے۔اس کے باوجود پرانی پائپ لائن کے ذریعہ بھی فوری طور پر صفائی اورتکنیکی دشواریوں کو دور کر کے فوری طور پانی فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ 
 گوونڈی میں واقع نٹور پاریکھ کالونی  کے وارڈ نمبر ۱۳۹؍ مقامی کارپوریٹراختر قریشی نے کہا کہ پانی کی شکایت علاقے میں  ہے ۔ اس سے پہلے پانی سپلائی دوسرے ذریعہ سے بحال کرنےکی کوشش کی گئی تھی لیکن پانی کا آنا ہی بند ہوگیا تھا ۔ پانی کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے دوبارہ پہلے والی پائپ لائن میں ایک بار پھر کنکشن کرکے مکینوں کو پانی سپلائی کیاجارہا ہے  لیکن  پانی گندہ اور بدبودار ہے۔ اسےکھانے پینے میں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد دوسری پائپ لائن  کے ذریعہ   پانی سپلائی کا نظم کیا جائے۔ 

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK