Inquilab Logo

سابق فوجی بھی مظاہرہ میں کسانوں کے شانہ بشانہ، وزیراعظم پرسخت برہمی کا اظہار

Updated: January 13, 2021, 10:05 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

جوانوں کو کسانوں کاہی حصہ قراردیا اور کہا کہ حکومت نے سرمایہ داروں کا چشمہ لگارکھا ہے اورعوام کو بھی اُسی چشمے سے یہ قوانین دکھانے کی کوشش کررہی ہے

Farmers Protest - Pic : PTI
کسانوں کا احتجاج ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج میں سماج کے ہرطبقے کے افراد شامل ہورہے ہیں۔ ان میں ڈاکٹر بھی  ہیں، ایڈوکیٹ بھی ہیں  اور سابق فوجی بھی ہیں۔  ان  سابق فوجیوں میں  شامل ریٹائرڈ صوبے دار گرچرن سنگھ کاالزام ہےکہ حکومت دھیرے دھیرے سب بیچ رہی ہے، اب کھیتی رہ گئی تھی تو اس کو بھی بیچنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ 
 انہوں نے بتایا کہ ’’میں سابق فوجی اور موجودہ کسان ہوں۔ یہ قوانین ہماری کھیتی کیلئے موت کا فرمان ہیں۔ ‘‘ اس سوال پر حکومت کا تو کہنا ہے کہ مظاہرہ میں شامل افراد خالصتانی، نکسلی اور چینی ایجنٹ ہیں، گرچرن سنگھ نے اپنے میڈل دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت اپنے نمائندوں کوبھیجے اور دیکھے کہ یہ میڈل ہندوستانی ہیں یا چینی۔‘‘  
 ہرویندر سنگھ رانا جو سابق فوجیوں کی کئی تنظیموں سے  وابستہ ہیں، نے  اس بات پر زور دیا کہ جوان بھی کسان کا ہی حصہ ہے۔ ان کے مطابق’’جب ہم نے دیکھا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ تاناشاہی کا مظاہرہ کررہی ہےتوہم ان کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔کسانوں کی مانگیںجائز ہیں۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’سرکار نے پونجی واد کا چشمہ لگارکھا ہے اوراسی چشمے سے عوام کو بھی یہ قوانین دیکھنے پر مجبور کرنا چاہتی ہے۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’یہ قوانین سرکار نے نہیں بلکہ سرمایہ داروں  نے بنائے ہیں، حکومت توانہیں  صرف لاگو کررہی ہے ۔‘‘ انہوں  نے اقتدار میں تبدیلی کے بجائے اب نظام میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایسے نظام کی ضرورت پر زور دیا جس کے مطابق حکومت کام کرے  نہ کہ حکومت کی منشا کےمطابق نظام چلے۔ کسانوںکی اموات پر حکومت کی چپی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں نے نیشنل دستک نامی ایک یوٹیوب چینل سے گفتگو  کے دوران ان اموات کیلئے وزیراعظم مودی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ 

 مودی سرکار کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے معمر سابق فوجی گرچرن سنگھ  نے الزام لگایا کہ ’’ انہوں نے سارا ملک بیچ دیا، ریلوے بیچ دی اب بچا کیا ہے،کھیتی بچی تھی، اسے بھی  بیچنے کی کوشش کررہی ہے۔‘‘ فوج کے سابق صوبیدار نے الزام  لگایا کہ ’’مودی نے ملک کی جمہوریت کا قتل کیا ہے۔‘‘اس کی تائید کرتے ہوئے ہرویندر رانا نے کہا کہ ’’ان کا رویہ تانا شاہوں جیسا ہے۔‘‘مظاہرہ میں موجود ایک کسان نے  نام بتائے بغیر کہا کہ ’’ہم نے بھی مودی کو ووٹ دیا ہے‘‘ الزا م لگایا کہ’’آپ نے راشٹرواد کے نام پرپورے ملک کو بے وقوف بنایا ہے۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’میں مودی کاشکریہ ادا کروںگا کہ ان قوانین کےذریعہ انہوں نے ہندو،مسلم  اورسکھ سب کو ایک کردیا ہے۔‘‘مظاہرہ میں موجود سابق فوجی اُپادھیائے  نے زور دیا کہ موجودہ مظاہرے ملک میں بدلاؤ کی شروعات ہیں جو ملک کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوںگے۔ انہوں نے مودی کے ’’میں  چوکیدار ہوں‘‘ کے نعرے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ’’اصلی چوکیدار وہ ہیں جو سرحد پر کھڑے ہیں۔‘‘ اُپادھیائے نے الزام لگایا کہ مودی چوکیدارتوہیں مگر اڈانی اورامبانی کے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK