مہاراشٹر کے ۱۸؍ مقامات کا انتخاب۔ تاراپور، بی اے آر سی، قلابہ، کف پریڈ،ورلی اور سی ایس ایم ٹی شامل۔ شام ۴؍ سے ۸؍ کے بیچ ہندوستانی فضائیہ کے سائرن سے ڈرل کا آغاز ہوگا
EPAPER
Updated: May 06, 2025, 11:42 PM IST | New Delhi
مہاراشٹر کے ۱۸؍ مقامات کا انتخاب۔ تاراپور، بی اے آر سی، قلابہ، کف پریڈ،ورلی اور سی ایس ایم ٹی شامل۔ شام ۴؍ سے ۸؍ کے بیچ ہندوستانی فضائیہ کے سائرن سے ڈرل کا آغاز ہوگا
مرکزی وزارت داخلہ نے پاکستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے بیچ جنگی صورتحال سے نمٹنے کی ملک کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے آج (بدھ کو) ملک کے کم وبیش ۲۵۹؍ مقامات میں ’’ماک ڈرل‘‘ (مشق) کا اعلان کیا ہے۔ ۱۹۷۱ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان میں اس طرح کی مشق کی جارہی ہے۔ مشق کیلئے مہاراشٹر کے ۱۸؍ مقامات کا انتخاب کیاگیاہے ۔ان میں سے ۶؍ ممبئی میں ہیں۔ شہریوں، پارٹی لیڈروں ، کارکنوں اور طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آگے آئیں اور اس میں رضاکارانہ طو رپر حصہ لیں۔
سوِل ڈیفنس کی مشق (ڈرل)میں کیا ہوگا
ڈرل کا آغاز انڈین ایئر فورس کی جانب سے بجنے والے سائرن سے ہوگا۔اس کے بعد فائرا ور ہنگامہ خدمات کے عملے متحرک ہو جائیں گے اور تمام اضلاع میں سائرن بجائے جائیں گے۔یہ تاثر دیتے ہوئےکہ جیسے جنگی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، سول ڈیفنس کے کارکن بچاؤ کام میں جٹ جائیں گے۔اس کیلئے پولیس فائر بریگیڈ،طبی شعبہ کے اہلکار اور ہنگامی خدمات فراہم کرنےوالے دیگر اداروں کے ذمہ دار شہریوں کو بچانے کی مشق کریں گے۔ مہاراشٹر میں اس مشق کو ’’ابھیاس‘‘ کا نام دیاگیاہے جو ۴؍ بجے سے ۸؍ بجے کے درمیان مختلف مقامات پر ہوگی۔ اس کے ذریعہ اس بات کا جائزہ لیا جائےگا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ملک کا ڈھانچہ کس حد تک تیار ہے۔ مختلف اداروں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور ساتھ مل کر کام کرنے کی کتنی صلاحیت ہےاور دہشت گردانہ حملے یا جنگ کی صورت میں عوام کو ذہنی طور پر کہاں تک تیار رکھا جا سکاہے۔
حساس مقامات کا انتخاب
ذرائع کے مطابق ممبئی میں جن حساس مقامات کی شناخت کی گئی ہےوہ بی اے آر سی، تاراپور اور جنوبی ممبئی کے قلابہ،کف پریڈ ، ورلی اور سی ایس ٹی ہیں۔ مہاراشٹر میں ممبئی کے علاوہ پونے،تھانے،ناسک، پمپری چنچواڑ، اورنگ آباد، بھساول، رائے گڑھ، رتنا گیری اور سندھودرگ کےحساس مقامات کا ڈرل کیلئے انتخاب کیا گیا ہے۔
آج اور کل سرحدوں پر فوج کی مشق
ایک طرف جہاں ۷؍ مئی کو پورے ملک میں ’ماک ڈرل‘ ہوگی وہیں سرحد پر ۷؍ اور ۸؍ مئی کو فوج کی جانب سے فضائی مشق بھی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ہندوستان نے ’نوٹس ٹو ایئر مین‘یعنی ’نوٹیم‘جا ری کر دیا ہے۔ نوٹیم کا مطلب طیاروںکے پائلٹ کو دی گئی معلومات ہے۔اس مشق میں ہندوستانی فضائیہ راجستھان میں سرحد کے قریب اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ یہ فضائی مشق ہندوستانی فضائیہ کو تیار کرنے کیلئے کی جارہی ہے۔