Inquilab Logo

شب برأت میں عبادات میں مشغول رہنے اورخرافات سے بچنے کی تلقین

Updated: March 07, 2023, 2:12 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

علماء اور ائمہ مساجد نے کہا کہ اس رات کی قدر کریں ، ہنگامہ آرائی اور دھینگا مشتی سے بچیں۔پولیس حفاظتی انتظامات میں مصروف ۔ مساجد اور قبرستانوں کے ٹرسٹیان کےہمرا ہ میٹنگیں

A scene of a meeting of trustees of mosques with the police in Maloney.
مالونی میں پولیس کے ہمراہ مساجد کے ٹرسٹیان کی میٹنگ کا منظر۔

 شب برأت میں ملی تنظیموں ،علماء اور ائمہ مساجد کی جانب سے امت مسلمہ بالخصوص نوجوانوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اس رات کی اہمیت کو سمجھیں، اس کی قدر کریں، ہنگامہ آرائی اور دھینگا مشتی سے پوری طرح گریز کریں۔ شب برأت اور ہولی ایک ساتھ آنے کے سبب پولیس کی جانب سے شہرو مضافات میںحفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت قبرستان اور مساجد کے ٹرسٹیان کی میٹنگوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں پولیس کی جانب سے یہ ہدایت دی جارہی ہے کہ مل جل کر نگرانی کی جائے تاکہ کسی قسم کی گڑبڑ کا اندیشہ نہ رہے‌۔  خاص طور پر افواہوں پر دھیان نہ دینے کے تعلق سے پیغام دیا جارہا ہے۔
’’اپنے رب کو راضی کرنے والی رات ہے‘‘
 شب برأت کے پیش نظر علماء اور ائمہ نے یہ پیغام   دیا ہے کہ یہ مانگنے والی رات ہے، اپنے رب کو راضی کرنے والی رات ہے اور گناہوں سے توبہ کرکے اعمال صالحہ کیلئے ازسر نو تیار کرنے کی رات ہے۔اس لئے اسے ضائع نہ کریں اور نہ ہی ایسی حرکت کریں جس سے کسی کو لب کشائی کا موقع ملے۔ائمہ مساجد نے اس موقع پر یہ کہتے ہوئے بھی نوجوانوں کو متوجہ کیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں اس سے قانونی کارروائی کے ساتھ حادثات کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔
 صابو صدیق میں گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں ڈی سی پی نے کہا کہ ’’مجھے میرے علاقے میں کوئی گڑ بڑ نہیں چاہئے۔ آپ لوگ افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دیں کیونکہ افواہوں سے چنگاری شعلے میں بدل سکتی ہے۔ اگر کوئی اطلاع ملے تو فورا بتائیں تاکہ وقت رہتے اس کا ازالہ کیا جاسکے۔
پولیس نے کن باتوں پر توجہ دلائی 
 قبرستان کے گیٹ پر گاڑیاں نہ کھڑی کی جائیں۔ ڈور فریم میٹل ڈٹیکٹر لگایا جائے۔ سامان کی تلاشی لی جائے۔ بھکاریوں کو گیٹ سے دور رکھا جائے۔ مشتبہ شخص یا سامان کی فوراً جانچ کی جائے اور پولیس کو مطلع کیا جائے۔ 
 ٹرسٹیان نے کیا کہا؟
 بڑا قبرستان مرین لائنس کے ٹرسٹی شعیب خطیب کے مطابق پولیس کے ہمراہ ایک سے زائد مرتبہ ہونے والی بات چیت میں یہ طے پایا ہے کہ پولیس اور ٹرسٹیان دونوں مل کر اپنی اپنی ذمہ داری ادا کریں گے اور ایک دوسرے کا تعاون کریں گے تاکہ حفاظتی انتظامات بہتر ہوں اور زائرین کو بھی آسانی ہو۔ اس کے علاوہ زائرین کی رہنمائی کے لئے جگہ جگہ بینر بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔
  ناریل واڑی قبرستان کے ٹرسٹی محمد سلیم خان نے کہا کہ تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ خاص طور پر چھوٹا گیٹ داخلے کیلئے مکمل بند رکھا جائے گا،  صرف اس گیٹ سے عقیدت مند اور زائرین باہر نکل سکیں گے۔ یہ نظم اس لئے کیا جارہا ہے تاکہ بدنظمی نہ ہو۔اس کے ساتھ ہی ٹریفک پولیس نے اس دن ٹریفک نظام میں تبدیلی کی ہے، کچھ راستوں کو وقتی طور پر بند رکھا جائے گا ۔اس کے علاوہ جہاں پارکنگ کی جگہ مختص کی گئی ہے وہیں گاڑیا کھڑی کریں تاکہ دیگر لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔ 
 باندرہ  کے نوپاڑہ قبرستان کے ٹرسٹی عرفان پوار نے کہا کہ ڈی سی پی اور سینئر انسپکٹر نے قبرستان کا جائزہ لیا اور کچھ ہدایات دیں، اس کی تیاری کی جارہی ہے۔
 حاجی علی درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر محمد احمد طاہر نے کہا کہ پولیس کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔ درگاہ انتظامیہ نے پہلے سے ہی تمام‌ تیاری کررکھی ہے۔ ہر طرح سے نگرانی کی جائے گی اور رضاکاروں کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگاہ رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ پولیس کے جوان اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔
 اس بارے میں مالونی جامع مسجد کے صدر اجمل خان نے کہا کہ اس رات مغرب بعد سے شب میں ڈھائی ۳؍ بجے تک کافی رش ہوتا ہے، اس لئے ان اوقات میں نگرانی بڑھائی جائے۔ 

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK