Inquilab Logo

کووڈ۱۹؍ کی ڈیوٹی جوائن نہ کرنے پر وجہ بتائو نوٹس سے اساتذہ میں بے چینی

Updated: December 28, 2021, 8:11 AM IST | saadat khan | Mumbai

اس بارے میں ایجوکیشن افسران اور اسکول انتظامیہ متواتر کئی مہینوں سے میونسپل کمشنر سے کورونا اور بی ایل او کی ڈیوٹی سے ٹیچروںکو آزادکرنےکی اپیل کررہےہیں ۔ اس کے بجائے شہر ومضافات کے کچھ وارڈوں کےاسسٹنٹ میونسپل کمشنر نئے اساتذہ کو بھی کووڈ۱۹؍ کی ڈیوٹی دے رہےہیں

The shortage of teachers in schools due to covid duty is causing educational loss to the children. (File photo)
کووڈڈیوٹی کی وجہ سے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہونے سے بچوں کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے۔ (فائل فوٹو)

ایک طرف ایجوکیشن افسران اور اسکول انتظامیہ متواتر کئی مہینوں سے میونسپل کمشنر اوربی ایم سی سے کووڈ۱۹؍ اور بی ایل او کی ڈیوٹی کرنےوالے اساتذہ کو اس سے آزادکرنےکی اپیل کررہےہیں تو دوسری جانب شہر و مضافات کے کچھ وارڈوں کےاسسٹنٹ میونسپل کمشنر اس کے بجائے ان ٹیچروں کو  نئے سرے سے کوروناکی ڈیوٹی دے رہے ہیں جس سے ایجوکیشن افسران اور ٹیچروں میںبے چینی پائی جارہی ہے ۔ اس ضمن میںکے ایسٹ وارڈ (اندھیری ) کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنرنےٹیچروں کی طرف سے کووڈ۱۹؍ ڈیوٹی جوائن نہ کرنے پرمیونسپل محکمہ تعلیم کے ایڈمنسٹریٹیوآفیسر( اے او)کو وجہ بتائو نوٹس جاری کیاہے۔ واضح رہےکہ جب سے  وبا شہرومضافات میں پھیلی ہے ، اساتذہ کو کووڈ۱۹؍ کی ڈیوٹی دی جارہی ہے۔ اسپتالوںکے علاوہ کوارینٹائن سینٹروں، ریلوے اسٹیشنوں، راشن کی دکانوں، ٹول ناکوںاور اس طر ح کے دیگر کئی مقاما ت پر ممبئی ہی نہیں پوری ریاست کے ٹیچروں سے کووڈ۱۹؍  کی ڈیوٹی کروائی گئی ہے ۔ 
 کووڈ ۱۹؍سے پیدا شدہ حالات کو  تقریباً ۲؍سال ہوگئے ہیں۔ کورو ناکی شکایت میں کمی آنے کے  باوجود ابھی تک متعدد مقاما ت پر اساتذ ہ یہ ڈیوئی کرنے پر مجبور  ہیں۔اس وبا کی دوسری لہر ختم ہونےاو رلاک ڈائون میں نرمی کے بعدجہاں بازار ، دکانیں ،ہوٹل ،شاپنگ مال اور دیگر کاروبارکو مشروط طورپر شروع کرنےکی اجازت دی گئی تھی وہیں شہروںاور دیہی علاقوںمیں کوروناکی صورتحال کا جائزہ لینے کےبعد مقامی انتظامیہ کو اسکول شروع کرنےکی اجازت دی گئی تھی ۔ کئی علاقوں میں اسکول شروع کئے جانےکےبعد تعلیمی تنظیمیں اور محکمہ ٔ  تعلیم، میونسپل انتظامیہ اور میونسپل کمشنر سے ٹیچروںکو کووڈ۱۹؍ کی ڈیوٹی سے آزاد کرنےکی اپیل کررہےہیںتاکہ  ایسے  اساتذہ اپنی تدریسی خدمات انجام دےسکیں مگر متعدد اساتذہ کو ابھی تک کووڈ ڈیوٹی سے آزاد نہیں کیاگیاہے ۔ 
  شہرو مضافات میں ۱۵؍ دسمبر  سے اوّل تا ساتویں جماعت  بھی شروع کردی گئی ہیں لیکن کووڈڈیوٹی پر مامور اساتذہ کے اسکول میں نہ ہونے سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہورہاہے۔ ان ٹیچروں کو کووڈ ڈیوٹی سے آزاد کرنے کی متواتر اپیل کی جارہی ہےمگر متعدد وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ان ٹیچروںکو کووڈ کی ڈیوٹی سےآزادکرنےکے بجائے نئے سرے سے  انہیں کووڈ ڈیوٹی دے رہےہیں۔ جوٹیچرکووڈ ڈیوٹی جوائن نہیں کررہےہیں ،  انہیںکارروائی کی دھمکی دی جارہی ہے۔
 اطلاع کےمطابق اندھیری کے ایسٹ وار ڈ کے اے او کو حال ہی میں اس تعلق سے وجہ بتائو نوٹس جاری کیاگیاہے۔ یہاں کےاسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے کچھ ٹیچروںکو نئے سرے سےوار روم کی ڈیوٹی سونپی ہے مگر ان کے ڈیوٹی  جوائن نہ کرنےکی صورت میں یہاں کے اے او کو وجہ بتائونوٹس جاری کیاہے  جس سے ٹیچروںاور ایجوکیشن افسران میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ یہاں کے اے او نے اس تعلق سے اعلیٰ ایجوکیشن افسران سے رابطہ قائم کیاہے ۔ اسکول شروع ہونےکے بعد اسکول میں اساتذہ کم ہونے سے طلبہ کی پڑھائی کا نقصان ہورہا ہے ۔ تعلیمی نقصان کی بھرپائی کیلئے جو ٹیچر فی الوقت کووڈ ڈیوٹی کررہےہیں ،انہیں اس ڈیوٹی سے آزادکرنےکی ضرورت ہے تاکہ وہ اسکولوںمیں اپنی خدمات پیش کرسکیں مگر انہیں آزادکر نے کے بجائےنئے ٹیچروںکو کووڈ ڈیوٹی دی جارہی ہے۔ 
  بی ایم سی کے ایک ایجوکیشن آفیسر نےبتایاکہ ’’ اساتذہ اب کووڈ۱۹؍ کی ڈیوٹی نہیں کرناچاہتےہیں۔ وہ تدریسی ذمہ داری ادا کرنےمیں دلچسپی رکھتےہیںلیکن ان سے زبردستی کووڈ کی ڈیوٹی کروائی جارہی ہے  جوان کے ساتھ  ناانصافی ہے ۔ کووڈ کی ڈیوٹی دیگر ڈپارٹمنٹ کے لوگو ں سے بھی کروائی جاسکتی ہے تو پھر یہ ڈیوٹی صرف ٹیچروںکو کیوں دی جارہی ہے۔

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK