Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر خارجہ جے شنکراقوام متحدہ کے اجلاس کیلئے نیو یارک پہنچے

Updated: September 25, 2023, 12:59 PM IST | Agency | New York

کہا: دنیا میں مشرقی مغربی پولرائزیشن جاری ہے اور شمالی اور جنوبی ممالک کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی گئی ہے۔

External Affairs Minister S Jaishankar speaking at an event called `India-UN for Global South` held in New York. Photo: INN
وزیرخارجہ ایس جے شنکر نیویارک میں منعقدہ’انڈیا-یو این فار گلوبل ساؤتھ‘ نامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

وزیرخارجہ جے شنکر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ۷۸؍ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک گئے ہوئےہیں۔ یو این جی اے کے صدر ڈینس فرانسس نےسنیچرکوکہا کہ ہندوستان نےافریقی یونین کو جی ۲۰؍ کے مستقل رکن کےطور پر شامل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ فرانسس نیویارک میں ’انڈیا-یو این فار گلوبل ساؤتھ: ڈیلیورنگ فار ڈیولپمنٹ‘تقریب سےخطاب کر رہے تھے۔ اس میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی شرکت کی۔جے شنکر نے کہا’’جی۲۰؍کی صدارت کرنا کافی چیلنجنگ تھا۔ اس وقت دنیا میں مشرقی مغربی پولرائزیشن جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی شمالی اور جنوبی ممالک کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی گئی ہے۔ ایسے میں سب کو اکٹھا کرنا اور ایک ایجنڈے پر بات کرنا آسان نہیں تھا۔
 اس دوران انہوں نے’ساؤتھ رائزنگ: پارٹنرشپ، انسٹی ٹیوشنز اور آئیڈیاز‘ سے بھی خطاب کیا۔ جے شنکر نے کہا’’یہ اب بھی دہرے معیار کی دنیا ہے۔ طاقت کے حامل ممالک تبدیلی کے لیے تیار نہیں ہیں ، اور تاریخی اثر و رسوخ کےحامل ممالک نے اپنی بہت سی صلاحیتوں کو ہتھیار بنا لیا ہے۔‘‘
ہندوستان نے جی۲۰؍کےایجنڈے کواچھی طرح پورا کیا
نیو یارک میں ’انڈیا-یو این فار گلوبل ساؤتھ کانفرنس‘میں اپنی تقریر کے دوران، جے شنکر نے کہا – آپ کی موجودگی ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ یہ ان جذبات کا بھی اظہار کرتا ہے جو آپ ہندوستان کے لیے محسوس کرتے ہیں ۔جے شنکر نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی جی ۲۰؍صدارت کا بنیادی ایجنڈا عالمی ترقی تھا اور ہم نے اسے اچھی طرح سے انجام دیا۔
جے شنکر۲۶؍ستمبر کوجنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے
وزارت خارجہ کےایک سرکاری بیان کے مطابق، وزیر خارجہ جے شنکر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے)اجلاس میں ہندوستانی وفد کی قیادت کرنےنیویارک میں ہیں ، جہاں وہ۲۶؍ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ نیویارک کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ واشنگٹن جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK