Inquilab Logo

آسام کے سلچر ضلع میں  سیلاب کی بنا پر حالات انتہائی ابتر

Updated: June 29, 2022, 10:05 AM IST | Silchar

پورا ضلع زائد از ایک ہفتے سے زیر آب ہے، مہلوکین کی آخری رسومات کی ادائیگی تک ممکن نہیں، اموات ۱۳۵؍ ہوگئیں

Assam Chief Minister Hemant Biswa Sharma inspecting the flood-hit area.
آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما سیلاب متاثرہ علاقے کا جائزہ لیتے ہوئے۔( پی ٹی آئی)

: آسام  جس کے ۳۶؍  میں  سے ۳۲؍ اضلاع کو سیلاب کا سامنا ہے، کے سلچر ضلع میں حالات ناقابل برداشت ہوتے جارہے ہیں۔ یہ ضلع زائد از ایک ہفتے سے زیر آب ہے جس کی وجہ سے جہاں عام آدمی کیلئے جینا مشکل ہوگیا ہے وہیں اس دوران  ہلاک ہونےو الے افراد کی آخری رسومات کی ادائیگی بھی بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ 
 آسام میں سیلاب  سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ۱۳۵؍ سے تجاوزکرچکی ہے۔اس بیچ جن لوگوں کے ہاں اموات ہوئی ہیں ان کیلئے لاشوں کو شمشان لے جانا بھی ممکن نہیں ہو پارہا ہے۔ اکثر شمشان  اور قبرستان  زیر آب ہیں۔ 
 سلچر کے چھتر سنگن گاؤں کے رہنے والے نرین داس ۲۴؍ جون کو چل بسے تھے مگر سیلاب  اور علاقے میں پانی بھرا ہونے کی وجہ سے ۲؍ دن تک ان کی آخری رسومات ادا نہیں کی جاسکیں۔  آخری رسومات اس وقت ادا ہوسکیں جب سماجی خدمت گار رامیندر داس مدد کیلئے پہنچے۔ انہوں نے ایک کشتی میں لاش اور اہل خانہ کو سوار کیا اور انہیں آخری رسومات کیلئے  لے کر روانہ ہوگئے۔ اس کیلئے انہیں ۱۵؍ کلو میٹر تک کشی میں ہی سفر کرنا پڑا۔ اس کے بعد کہیں  جاکر سوکھی زمین ملی اور پھر آخری رسومات ادا کی گئیں۔ آخری رسومات کی ادائیگی سلچر کے بیرونی علاقے بابو بازار  میں ہوئی۔ 
 اس سےقبل ایک ارتھی کو لے جاتے ہوئے تصویر بھی وائرل ہوچکی ہے جس میں ارتھی اٹھا کر چلنے والے افراد خود سینے تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے یہاں ایک قصبے میں ایک خاتون کی لاش پانی میں تیرتی ہوئی ملی۔  لاش کے ساتھ ایک خط بندھا ہواتھا جس میں تحریر تھا کہ جسے بھی یہ لاش ملے، وہ اگر ممکن ہوتواس کی آخری رسومات ادا کردے۔ خط لکھنے والا مہلوک خاتون کا بیٹا تھا جو اپنے علاقے  میں سطح آب بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنی ماں کی آخری رسومات ادا کرنے کے قابل نہیں تھا۔ اس نے مکتوب میں لکھا تھا کہ وہ رنگین کھری علاقے کا رہنے والا ہے جہاں   پانی اس قدر بھرا ہوا ہے کہ اس بات کی گنجائش ہی نہیں کہ کہیں چتا چلائی جاسکے۔ اس بیچ حکومت  نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ خود وزیراعلیٰ  نے چند  متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ 

assam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK