بی ایم سی کی جانب سے ایک دن میں سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی فاسٹ ٹریک سروس بھی شروع۔چند وارڈمیں سنیچر اور اتوار کوبھی درخواست دی جاسکتی ہے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2025, 5:05 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
بی ایم سی کی جانب سے ایک دن میں سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی فاسٹ ٹریک سروس بھی شروع۔چند وارڈمیں سنیچر اور اتوار کوبھی درخواست دی جاسکتی ہے۔
ممبئی کے شہریوں کو میریج سرٹیفکیٹ جاری کرنےمیں آسانی پیدا کرنے کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے آن لائن درخواست دینےکی سہولت مہیا کرائی ہے۔ یہ خدمات ہفتہ میں کام کاج کے دنوں پیر تا جمعہ کے علاوہ اب سنیچر اور اتوار(ویک اینڈ میریج رجسٹریشن سروس) کو بھی جاری رہے گی۔ فی الحال یہ سہولت چنندہ وارڈوں میں شروع کی گئی ہے۔ شہریوں کی مزید آسانی کیلئے بی ایم سی نے پیر تا جمعہ ( کام کاج کے دنوں میں )میریج سرٹیفکیٹ ایک دن میں جاری کرنے والی فاسٹ ٹریک سروس بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کیلئے سرٹیفکیٹ کے حصول کی معمول کی فیس کےعلاوہ ڈھائی ہزار روپے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔ اس سہولت کیلئے پہلے سے اپوائنٹ منٹ لینا ہوگا۔ بی ایم سی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا وہ کیو آر کوڈ کے ساتھ ہوگا اور یہ جلد ہی ’ڈیجی لاکر ‘پر بھی دستیاب ہوگا۔ بی ایم سی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بی ایم سی ملک کی پہلی میونسپل کارپوریشن ہے جس نے ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ ساتھ شادی کے رجسٹریشن کی تتکال سروس شروع کی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ شادی کے رجسٹریشن کے عمل کو تیز تر، جدید اور آسان بنانے سے ممبئی کے شہریوں کو سہولت ہوگی۔
واضح رہے کہ شہریوں کو ٹیکنالوجی دوست اور وقت بچانے والی سہولیات فراہم کرتے ہوئے، برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر / ایڈمنسٹریٹربھوشن گگرانی نے آن لائن سہولیات میں تسلسل برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ بی ایم سی نے پہلے ہی ۲۱؍ ستمبر سے ہفتہ وار تعطیلات، یعنی سنیچر اور اتوار(ہفتے کے آخر میں )، عام تعطیلات کو چھوڑ کر شادی کی رجسٹریشن سروس اور فاسٹ ٹریک شادی رجسٹریشن سروس دفتری کام کے دنوں (پیر سے جمعہ) پر شروع کر دی ہے۔
شادی کی رجسٹریشن سروس کی اہم خصوصیات
۱) ہفتہ وار چھٹی اور تیز رجسٹریشن:شہری اب سنیچر اور اتوار کو شادی کی رجسٹریشن کیلئے منصوبہ بندی کر سکیں گے۔ فوری ضرورتوں کیلئے شادی کے رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ اسی دن حاصل کرنے کیلئے یہ سروس مفید ہوگی۔ دفتری کام کے دنوں میں (پیر سے جمعہ) شادی کی رجسٹریشن سروس کا۲۰؍ فیصدفاسٹ ٹریک کے طور پر محفوظ کیا جائے گا۔
۲) آن لائن درخواست کا عمل شروع : فوری رجسٹریشن اور ہفتہ وار چھٹیوں میں شادی کے رجسٹریشن کا آن لائن سسٹم اب مکمل ہو چکا ہے۔ درخواست دہندگان میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ سے مکمل طور پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ شہری بی ایم سی کی ویب سائٹ portal.mcgm.gov.in پر فار سٹیزن میں جاکر ’اپلائی‘ آئیکون کے نیچے اسکرول کر کے ’رجسٹریشن۔ میریج‘ پر کلک کر کے درخواست دے سکتے ہیں۔ وہ شہری جو سنیچر اور اتوار کو شادی کے اندراج کیلئے وقت حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ ایک روز قبل شام۵؍بجے تک درخواست کر سکتے ہیں۔ اس وقت کے بعد جمع کرائی گئی درخواستوں پر اس ہفتہ کیلئے غور نہیں کیا جائے گا۔ فوری شادی کے رجسٹریشن کیلئے درخواستیں اسی دن کارروائی کیلئے آن لائن جمع کی جا سکتی ہیں۔
فیس
شادی ہونے کے بعد سے ۹۰؍ دنوں کے اندر عام طریقے سے میریج سرٹیفکیٹ بنوانے کی فیس: ۵۰؍ روپے، ۹۰؍ دنوں تا ایک سال فیس : ۱۵۰؍ روپے، ایک سال کے بعد فیس : ۲۵۰؍ روپے۔ ہفتہ واری چھٹی اور شادی رجسٹریشن کی تتکال سروس کیلئے باقاعدہ فیس کے علاوہ اضافی فیس ۲۵۰۰؍روپے ادا کرنے ہوں گے۔ یہ فیس میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ سے آن لائن ادا کی جا سکتی ہے۔
میاں بیوی میں سے کوئی بھی ممبئی میں رہتا ہوتو میریج سرٹیفکیٹ کی درخواست کر سکتا ہے
شادی کا رجسٹریشن صرف اسی صورت میں کیا جا سکتا ہے جب شادی کی جگہ مہاراشٹر میں ہو۔ تاہم اب یہ شرط ختم کردی گئی ہے۔ اب دنیا میں کہیں بھی شادی ہوئی ہو اگر جوڑے میں سے کوئی بھی اپنی بی ایم سی کے کسی وارڈ میں رہتا ہے تووہ اس وارڈ سے میریج سرٹیفکیٹ کیلئے درخواست کر سکتا ہے۔
مذہبی زمرہ میں توسیع
قبل ازیں کارپوریشن کے دفتر میں ہندو، مسلم، بدھ، سکھ، جین جوڑوں کی شادی کا رجسٹریشن کیاجاتا تھا۔ تاہم اب شادی کے رجسٹریشن کی سہولت تمام مذاہب جیسے عیسائی، یہودی اور پارسی جوڑوں کو بھی دی گئی ہے۔ سکھ جوڑوں کیلئے مندرجہ بالا اختیارات کے علاوہ، آنند میرج ایکٹ، ۱۹۰۹ء کے تحت رجسٹریشن کی سہولت اب میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ شادی کے تمام رجسٹریشن کیلئےدرخواست دینے اور دستاویزات کی تصدیق کے بعد، شادی کے رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ متعلقہ کے ای میل پر بھیج دیا جائے گا۔
ڈی جی لاکر کی سہولت شامل کی جائے گی
شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کو اب کیو آر کوڈ کے ساتھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ چونکہ یہ فوری تصدیق کیلئے دستیاب ہے، اس لئے اسے مستقبل میں ڈی جی لاکر میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
درخواست دہندگان کیلئے اہم اطلاع
۱)تتکال رجسٹریشن اسکیم کے تحت رجسٹرڈ شادیوں کو اسی دن رجسٹریشن سرٹیفکیٹ دیا جائے گا اور دستاویزات تصدیق بھی اسی دن کی جائے گی۔ ۲)آن لائن سسٹم کے مکمل آغاز کے ساتھ ہی میونسپل وارڈ آفیس میں دستی طور پر درخواستیں جمع کرانے کا عمل عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ۳) سنیچر اور اتوار کو کون کون سے وارڈوں میں میریج سرٹیفکیٹ کی سہولت ہوگی : ہر سنیچر کو بی ایم سی کے ان ۱۳؍ وارڈوں میں شادی کی رجسٹریشن کی خدمات فراہم کی جائیں گی: اے، سی، ای، ایف/ ساؤتھ، جی /ساؤتھ، ایچ/ ایسٹ، کے/ ایسٹ، پی/ ساؤتھ، پی/ نارتھ، آر/ سینٹرل، ایل، ایم/ ویسٹ اور ایس جبکہ ہر اتوار کو میونسپل کارپوریشن کے ان ۱۲؍ وارڈآفس میں شادی کی رجسٹریشن کی جا سکے گی:بی، ڈی، ایف/ نارتھ، جی /نارتھ، ایچ/ ویسٹ، کے /ویسٹ، پی /ایسٹ، آر/ ساؤتھ، آر /نارتھ، این، ایم /ایسٹ اور ٹی وارڈ۔