پولیس نے کینسر میں مبتلا ۶۰؍ سالہ خاتون کو کوپر اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا۔ وہ خود گھر سے چلی گئی تھیں: اہل خانہ کا دعویٰ
EPAPER
Updated: June 24, 2025, 2:36 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
پولیس نے کینسر میں مبتلا ۶۰؍ سالہ خاتون کو کوپر اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا۔ وہ خود گھر سے چلی گئی تھیں: اہل خانہ کا دعویٰ
گوریگائوں، آرے کالونی کے قریب سنیچر کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں کچرے کے ڈھیر میں پائی گئیں جلد کے کینسر میں مبتلا ایک عمر رسیدہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ ان کا پوتا انہیں کچرے کے ڈھیر میں مبینہ طورپر مرنے کیلئے چھوڑ کر فرارہو گیا ہے۔ مقامی پولیس نے معمر خاتون کو علاج کیلئے کوپر اسپتال میں داخل کرودیا تھا اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی تلاش کرلیا گیا ہے جنہوں نے معمر خاتون کے الزام کی تردید کی ہے۔
اطلاع کےمطابق آرے کالونی ،یونٹ نمبر ۳۲؍کی جانب جانےوالی سڑک پر کچرے کے ڈھیر میں سنیچر کی صبح ساڑھے ۸؍بجے ایک عمر رسیدہ خاتون کوبےہوش پڑی دیکھاگیا۔ اس کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کوملنےپر آرے پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرمذکورہ خاتون کو کچرے کےڈھیر سے نکالا۔ خاتون کے چہرے پر زخم تھے، جس کا علاج نہیں کیا گیا تھا، ممکنہ طور پروہ جلد کے کینسرمیں مبتلاہے ۔
پولیس افسران خاتون کی حالت دیکھ کر دنگ رہ گئے۔کانسٹیبل راٹھوڑ اور خاتون پولیس کانسٹیبل نکیتاکولیکر نے عمر رسیدہ خاتون کو فوری طور پر پولیس وین میں منتقل کیا اور انہیں جوگیشوری ٹراما کیئر اسپتال لے گئے،جہاں اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طورپر طبی سہولیات کی کمی کاحوالہ دے کر مریضہ کو داخل کرنے سےمنع کردیا۔بعدازیں ، انہیں کوپر اسپتال لے جایاگیا،وہاں بھی ڈاکٹر نے مریضہ کاکی سرسری جانچ کرنے کے بعد انہیں بہتر سہولیات سے آراستہ اسپتال جانےکامشور ہ دیا ۔ دیگر مقامی اسپتالوںمیں داخلہ نہ ملنےپر سینئر پولیس انسپکٹر رویندر پاٹل نے ذاتی طور پرکوپر اسپتال کے ذمہ داران سے بات چیت کرکے ۸؍ گھنٹے بعد شام ساڑھے ۵؍بجے انہیںکوپر اسپتال میں داخل کرایا۔
علاج شروع ہونے کےکچھ دیر بعد مریضہ نے اپنی شناخت یشودا گائیکواڑ (۶۰)کے طورپر کی اورپولیس کو بتایاکہ میرا پوتا مجھے کچرےکے ڈھیر میں چھوڑکر گیاتھا۔انہوںنے پولیس کو اپنے ۲؍گھروں کاپتہ بھی بتایا، پولیس کی ٹیموںنے دونوںمقامات کا دورہ کیالیکن ہمسایہ، مریضہ کی شناخت نہیں کرسکے۔پولیس نےان کے خاندان کا پتہ لگانے کیلئے، ان کی تصویر ممبئی کے تمام پولیس اسٹیشنوںمیں بھیج دی ہے۔پولیس افسران آرے کالونی کی ہر سڑک اور گلی سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اسکین کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انہیں اس مقام پر کیسے لایا گیالیکن کوڑے کے ڈھیر کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے کے نہ ہونے سے اس کی تصدیق نہیں ہوپارہی ہے۔
دریں اثناء پولیس نے پیر کو مذکورہ خاتون کے رشتہ داروںکا پتہ لگالیاہے۔ان کے رشتے داروںکا دعویٰ ہے کہ وہ گھر سے خود گئی تھیں اور انہیں وہاں کسی نے نہیں پھینکا تھا۔ ان لوگوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ پہلے بھی اس طرح گھر سےنکل کر جاچکی ہیں۔