امریکہ کے ساتھ جنگ بندی اور حالات نارمل پر آتے ہی ایران نے اپنے شہید سپریم لیڈرکی الوداعی تقریبات کا آغاز کردیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پورے ایران میں اس طرح بورڈ لگائے گئے ہیں-تصویر:آئی این این
امریکہ کے ساتھ جنگ بندی اور حالات نارمل پر آتے ہی ایران نے اپنے شہید سپریم لیڈرکی الوداعی تقریبات کا آغاز کردیا ہے۔ ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جمعرات ۲؍ جولائی کو ایران کے نیوز چینل سے گفتگو میں دیگر ملکوں کے اعلی حکام اور رہنماؤں کی جانب سے شہید رہبر انقلاب کو خراج عقیدت پیش کرنے اور الوداعی رسوم کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کا آخری دیدار، الوداعی رسوم اور جلوس جنازہ صرف ایرانی قوم کے لئے ہی نہیں بلکہ علاقے کے عوام، مسلمین عالم اور دنیا کے سبھی حریت پسندوں کے لئے بھی اہم ترین تاریخی روداد ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ شہید رہبرکو خراج عقیدت واحترام پیش کرنے، الوداعی رسوم اور جنازے میں بہت بڑی تعداد میں دیگر ملکوں کی اعلی شخصیات اورعوامی دستے بھی شرکت کریں گے۔ اسماعیل بقائی نے بتایا کہ دنیا کے ۱۰۰؍ ملکوں کے اعلی حکام لیڈران سمیت تقریباً ۲؍کروڑ افراد شہید رہبر کی الوداعی رسوم میں شرکت کے لئے تہران آرہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ ۳؍ جولائی کو صبح آٹھ بجے سے دنیا کے دیگر ملکوں کے اعلی حکام، اہم شخصیات اور رہنماؤں نیز عوامی دستوں کے ذریعے شہید رہبر کے جسد پاک کے آخری دیدار اور خراج عقیدت واحترام پیش کرنے کی رسوم شروع ہوجائیں گی جو۱۲؍ بجے تک جاری رہیں گی اور ایک وقفے کے بعد ڈیڑھ یا دو بجے سے یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔ اسماعیل بقائی نےبتایا کہ شہید رہبر کی الوداعی رسوم کے موقع پر مجموعی طور پر دنیا کے تقریبا ۱۰۰؍ ملکوں کی سربراہان، اعلیٰ حکام اور اہم شخصیات ہماری مہمان ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان اہم شخصیات میں، سربراہان مملکت، وزرائے اعظم، پارلیمانوں کے اسپیکر، وزرائے خارجہ اور حکومتوں کے خصوصی نمائندے شامل ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اعلی سطحی سرکای وفود کے علاوہ مختلف ملکوں کے عوامی دستے بھی شہید رہبر کے جسد پاک کے آخری دیدار، الوداعی رسوم اور جنازے میں شرکت کے لئے ایران پہنچ رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایرانی نیوز ایجنسی’ ارنا‘ کی رپورٹ کے مطابق جمعہ۳؍جولائی کو دنیا مختلف ملکوں کے سربراہان مملکت اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلی سطحی سرکاری وفود اور غیر ملکی عوام دستوں کی جانب سے، شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کے آخری دیدار اور خراج عقیدت پیش کرنے کی الوداعی رسوم کا پروگرام مندرجہ ذیل ہے۔