Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیشن ڈیزائنر نورعین شیخ کی چھوٹی عمر میں بڑی کامیابی

Updated: July 07, 2025, 11:48 PM IST | Mumbai

کرلاکی ۲۳؍سالہ فیشن ڈیزائنرنے قلیل وقفے میں اپنی فنی صلاحیتوں کالوہامنوا لیا ہے لیکن یہ ان کی منزل نہیں، انہیں ابھی بہت دور جانا ہے

Noor Ain Sheikh receiving the award for outstanding service in her field
اپنے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی نورعین شیخ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے

کرلا کے پاس کوہ نور سٹی کے پریمئر ریسڈنسی میں رہائش پزیر نورعین شیخ نے چھوٹی سی عمر میں بڑی کامیابی حاصل کرکے مسلم  لڑکیوںکیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔نورعین شیخ نے قلیل وقفے میں ممبئی کی سرزمین پر اپنی انتھک محنت اور کوششوں سے فیشن ڈیزائننگ کی دنیا میں جو انقلاب برپا کیاہے وہ ان کے مستقبل کے عزائم کی ترجمانی کرتاہے۔صرف ۲۳؍سال کی عمر میں بالخصوص عروسی ملبوسات کو نئے رنگ وروپ ، دلکش ڈیزائن ،عمدہ اور اعلیٰ قسم کے کپڑوں پر مخصوص زردوزی کی فنکاری سے سجا سنوار کرتیار کرنےکا ہنر نورعین کی فنی صلاحیتوں کا مظہر ہے اوران کی اعلیٰ اور منفرد فنکاری ان کی کامیابی کی ضامن ہے۔ 
  بطور فیشن ڈیزائنر انہوںنے ممبئی اور بیرون ِ ممبئی اپنا ایک مقام بنایاہے ۔ ان کی کامیابی کی دلیل، ان کے اپنے صارف ہیں جو ایک مرتبہ ان کے پاس آئے توپھر ہمیشہ کیلئے ان کے ہوگئے۔ انہوں نے کافی منظم طریقے سے  اپنے کاروبار کو سنبھالا ہے، جسے دیکھ کر کہاجاسکتا ہے کہ انہیں کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنےمیں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
 نور عین نےسانتاکروز کےسینٹ میری انگلش ہائی اسکول سے ایس ایس سی ،کے جے سومایاکالج سے ایچ ایس سی پاس کر کے جے ڈی انسٹی ٹیوٹ آ ف ڈیزائننگ، جوہو سےفیشن ڈیزائننگ کی سند حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بی ایم ایس کی ڈگری بھی لی ہے۔ ڈیزائننگ کے کورس کے دوران ہی نورعین نے ودیاوہار میںاپنا ورک شاپ شروع کر دیاتھا۔ کور س مکمل ہوتےہی انہوں نے کرلا کےفنکس مال کےسٹی پیراگان پلازہ میںمارچ ۲۰۲۲ء  میں ’نورعین ڈیزائنر ‘ کے نام سے اپنا بوٹک شروع کیا ۔ ورکشاپ اور بوٹک دونوں پر نورعین بھرپور توجہ دیتی ہیں۔سارا کام وہ اپنی نگرانی میں کرواتی ہیں۔ کپڑوںکے خریداری سے لے کر کپڑوںکی رنگائی ، ایمبرائڈری وغیرہ بڑی نفاست اور نزاکت کے ساتھ کی جاتی ہے۔نورعین صارف کے اطمینان کواپنی اولین کامیابی سمجھتی  ہیں۔
  نورعین کواسکول کے دور سے ڈرائنگ اور آرٹ کا شوق رہا۔ چونکہ نورعین کی والدہ حمیرہ شیخ اور نانی مہرالنساء بھی فیشن ڈیزائنر رہ چکی ہیں ،ا سلئے ان کےخون میں فیشن ڈیزائننگ کی خوبیاں موجود ہیں۔نورعین کی والدہ کابھی کسی زمانےمیں حاجی علی کے ہیراپنا شاپنگ سینٹر میں بیوٹک ہوا کرتاتھا۔ نورعین کی دادی ماں ، بدرالنساء شیخ نے بھی ہمیشہ اپنی پوتی کی حوصلہ افزائی کی اور ہر لمحہ آگے بڑھنےکی کوشش کرنےکی ترغیب دی۔ انہی اپنوں سے حوصلہ پاکر نورعین نے چھوٹی سی عمر میں عملی زندگی میں قدم رکھا،جو کامیابی کی جانب بہت تیزی کے ساتھ گامزن ہے۔
 ایک سوال کے جواب میں نورعین نے بتایاکہ ’’ میرے   والد عبدالقیوم شیخ نے ہر قدم پر میری حوصلہ افزائی کی۔  ان کے تعاون ہی سے  میں یہاں تک پہنچی ہوں ۔ ان کی ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ میں کسی کے بھروسے پر زندگی نہ گزاروں بلکہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوکرمستقبل سنواروں۔ ان کی حمایت کےبغیر میرے لئے ایک قدم بھی چلنامشکل تھا، انہوںنے ہر موڑپر میری سرپرستی، رہنمائی اور مدد کی ۔ میں ان کی پدرانہ شفقت کو فراموش نہیں کرسکتی۔ ‘‘
 کاروبار سےمتعلق دریافت کرنے پر نورعین نے بتایا کہ ’’ کاروبار شروع کئے ہوئے ابھی ۳؍سال ہوئے ہیں ، اس دوران جس طرح کی کامیابی ملی ہے، اس سے میں کافی مطمئن ہوں۔ ایک بار جو صارف میرے ڈیزائن کئے  ہوئے کپڑے استعمال کرتاہے ، وہ ہمارا مستقل گاہک ہو جاتا ہے ، ایسے کم وبیش ۵۰؍صارف ہیں، جوہر مہینے مجھے کپڑے سلائی کاآرڈر دیتے ہیں۔ ان میں سائوتھ انڈیا کی ایک فلم اداکارہ کے علاوہ بالی ووڈ ، ٹی وی سریلس ، بگ باس اور دیگر شعبوںسے تعلق رکھنےوالے صارف بھی شامل  ہیں۔ جنوبی ممبئی کیمیمن برادری، جوہواور ولے پارلے کی گجراتی خواتین اورمختلف پاس علاقوںکے گاہک اپنے کپڑے لاکر اس کی سلائی نورعین سے کرواتے ہیں۔ جنوبی ہند کی ایک ادارکار ، یوں ہی شاپنگ کیلئے فنکس مال آئی تھیں ، ہمارے شوروم سے انہوںنے کچھ کپڑے خریدے ،اس کےبعد وہ ہماری ریگولر صارف ہوگئیں۔ اب توان کی بیٹی بھی مجھ سے اپنے کپڑے ڈیزائن کرواتی ہے۔ اسی طرح دیگر صارف بھی ہیں جو مجھ سے ہی کپڑے ڈیزائن کرواتی ہیں۔ میری ڈیزائن کو پسند کرنےوالوں میں بیرون ِملک کے بھی چند صارف ہیں۔ ‘‘
 نورعین کے بقول’’ فی الحال میری پوری توجہ دلہن کے ڈریس پر مرکوز ہے، دلہن کا جوڑا بنانےکیلئے نئی ڈیزائنوں کو ترتیب دینےکی پوری کوشش ہوتی ہے،ساتھ ہی اس میں انفرادیت پیدا کرنےپر خاص توجہ ہوتی ہے۔ ان دنوں دلہن کیلئے جوشرارہ اورغرارہ بنایاجارہاہے ،اس میں بہت مسابقت ہے۔اس وجہ سے نئے پیٹرن اور ڈیزائن کو متعارف کروانےکی بھر پور کوشش کرتی ہوںتاکہ صارف کو پوری طرح مطمئن کرسکوں۔ علاوہ ازیں دیگر تقریبات کیلئے بھی خاص ڈریسزتیارکرنے کی کوشش جاری ہے ۔ ‘‘
  نورعین نے یہ بھی بتایاکہ ’’ ابھی تو میں نے عملی زندگی میں قدم رکھاہے لیکن جس طرح میں آگے بڑھ رہی ہوں اسے دیکھتے ہوئے کہہ سکتی ہوںکہ ان شاء اللہ میرا مستقبل روشن ہوگا۔ میرے ڈیزائن کردہ ملبوسات کی اپنی شناخت ہوگی۔ مجھے اس بات کا پورایقین ہے۔‘‘
  اپنی عمر کی لڑکیوںکو کیا پیغام دیناچاہیں گی ؟ اس سوال پر نورعین نےکہاکہ’’ والدین کو بالخصو ص اپنی بیٹیوں کو ہر ممکن تعاون دیناچاہئےکیونکہ لڑکیوںمیںبھی وہ ساری خوبیاں موجود ہیں جو لڑکوںمیں ہوتی ہیں۔ لڑکیاں بھی وہ سارے کام کرسکتی ہیں جو لڑکےکرتےہیںلیکن لڑکیوں سے بھی ایک درخواست ہےکہ وہ اپنے کریئر پر زیادہ توجہ دیں۔ پڑھائی پر فوکس کریں ساتھ ہی مستقبل کی منصوبہ بندی  اور اس پر منظم طریقہ سے عمل کریں ،کامیابی آپ کی ہوگی۔ خود اعتمادی اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھیں ،آپ بھی لڑکوںکی طرح اپنا مستقبل سنوارسکتی ہیں۔‘‘
 نورعین نے یہ بھی کہاکہ ’’ فی الحال میں اپنے کریئر کو سنوارنےکے مراحل سے گزررہی ہوں ۔ اس کےباوجود میری خواہش ہےکہ جیسے ہی زندگی میں موقع ملا ،میں اپنے معاشرہ کی لڑکیوںکیلئے فیشن ڈیزائنگ کورس کیلئے ایک انسٹی ٹیوٹ شروع کرنےکامنصوبہ رکھتی ہوںتاکہ غریب لڑکیوں کو اس ہنر سے آراستہ کیاجاسکے۔ علاوہ ازیں کرلا کے ساتھ جوہو، جنوبی ممبئی، تھانے اور نوی ممبئی میں اپنے شوروم کی شاخیں شروع کرنے کا ارادہ بھی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK