پولیس نے نظم ونسق برقراررکھنے کیلئے مارکیٹ بندکروایا۔ دکانداروں، سیلزمین اوریومیہ مزدوروںکو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔اس مشہور مارکیٹ پر ہزاروںمظاہرین خیمہ زن ہیں
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 10:49 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
پولیس نے نظم ونسق برقراررکھنے کیلئے مارکیٹ بندکروایا۔ دکانداروں، سیلزمین اوریومیہ مزدوروںکو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔اس مشہور مارکیٹ پر ہزاروںمظاہرین خیمہ زن ہیں
مراٹھا ریزرویشن آندولن کے سبب گزشتہ ۴؍ دن سے فیشن اسٹریٹ پر کاروبار بند ہے جس سے دکاندار پریشان ہیں ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ آزاد میدان سےمتصل دیگر مارکیٹ کھلی ہیں،لیکن پولیس نےصرف فیشن اسٹریٹ بند کرایا ہے جس سے مالکان ،سیلزمین اوریومیہ مزدوروںکا مالی نقصان ہو رہا ہے ۔واضح رہے کہ ممبئی آنے والے سیاحوں کیلئے فیشن اسٹریٹ کافی کشش رکھتا ہے چونکہ یہاں کپڑے اور دیگر اشیاء سستے داموں دستیاب ہیں اس لئے یہاں خریداروں کا ہجوم رہتا ہے لیکن مراٹھا مورچہ کی وجہ سے یہ مارکیٹ بند ہے جس کی وجہ سےخریدار نہیں آرہے ہیں۔
ان دنوں آزاد میدان کے قریب مہاتما گاندھی مارگ پر واقع فیشن اسٹریٹ پر مراٹھا مظاہرین کا بڑا ہجوم ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ گزشتہ ۴؍ دن سے بند ہے جس سے دکانداروں کا لاکھوں روپےکانقصان ہورہاہے۔ ان دکانوں میں کام کرنے والے مزدور بھی اس احتجاج سے متاثر ہو رہے ہیں ۔ یہاں کے مزدوروں کا ۲؍ وقت کا کھانا، چائے پانی کا خرچ تقریباً ۳۰۰؍ روپے ہے لیکن دکانیں بند ہونے سے سیکڑوں یومیہ اجرت والے مزدور مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔
فیشن اسٹریٹ ویلفیئر اسوسی ایشن کے جہانگیر شیخ اور بابولال چند گپتا نے اس تعلق سے انقلاب کو بتایا کہ’’ مراٹھا مظاہرین گزشتہ ۴؍ دن سے فیشن اسٹریٹ پر خیمہ زن ہیں جس کی وجہ سے فورٹ اور میٹروسنیما کے درمیان والا راستہ جزوی طورپربندکردیاگیا ہے لیکن پورے راستے پر مظاہرین کا قبضہ ہے ۔ وہ یہا ں قیام کرنے کے علاوہ کھانا پکا رہے ہیں ، سڑک پر ہی غسل کر رہے ہیں ،فیشن اسٹریٹ فٹ پاتھ سے لگی سڑک پر عارضی بیت الخلاء کی طویل قطار میں گاڑیاں لگی ہیں، اگر غلطی سے کوئی بس والا اس راستے پر آرہا ہے تو زبردستی بس خالی کرواکر بس میں گھس کر اس سے ممبئی کی سیرکرانے کیلئے کہا جا رہاہے ۔ پوری سڑک اور فیشن اسٹریٹ کی فٹ پاتھ پر گندگی اور غلاظت کا انبار لگاہے۔ ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ یہیں پر کھانا پکانےکا منڈپ بندھا ہے ۔پورے علاقے کانقشہ بد ل گیا ہے ۔ ایسے میں دکانداروں اور مزدوروں میں خوف بھی پایا ہے۔ ‘‘
ایک سوال کے جواب میں جہانگیر شیخ نے بتایا کہ ’’ آزادمیدان پولیس اسٹیشن کے سینئر آفیسر نے ہمیں دکانیں بند رکھنے کی ہدایت دی ہے،اس بارے میں بات چیت کرنے کیلئے بابولال گپتا کے ساتھ میں جمعرات کی شب سینئر پولیس آفیسر سے ملاقات کرنے گیا تھا جس کے دوران سینئرپولیس آفیسر نے کہا کہ دراصل فیشن اسٹریٹ آزاد میدان سےمتصل ہے۔ آزاد میدان اور اطراف کے علاقوں میں مراٹھا مظاہرین بڑی تعداد میں اکٹھا ہوںگے، ایسے میں مارکیٹ کھلی رکھنے کی صورت میں لوٹ مارکا خدشہ ہے ساتھ ہی تشدد کابھی امکان ہے ،ا س لئے آپ لوگ دکانیں بندرکھیں توبہتر ہے ورنہ کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو اس کیلئے آپ لوگ ذمہ دار ہوں گے ۔ سینئر پولیس کے مشورہ پر ہم نے مارکیٹ بند رکھی ہے لیکن اس سے روزانہ لاکھوں روپے کانقصان ہو رہا ہے ۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’صرف فیشن اسٹریٹ مارکیٹ بند کیاگیاہے جبکہ آزاد میدان سے متصل سی ایس ایم ٹی کی سب وے مارکیٹ، چرچ گیٹ سب وے مارکیٹ اور کراس میدان کے پاس واقع کھائو گلی وغیرہ جاری ہیں ۔ فیشن مارکیٹ کی تقریباً ۳۸۰؍ دکانوں میں ہزاروں سیلزمین اور مزدور کام کرتے ہیں، مارکیٹ بند ہونے سے ان سب کی روزی روٹی متاثر ہوئی ہے ۔ ہم چاہتے کہ مارکیٹ جلد از جلد شروع ہوتاکہ لوگوںکی روزی کاذریعہ جاری رہے ۔‘‘