• Tue, 02 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نتیش رانا کی آل راؤنڈ کارکردگی، ویسٹ دہلی لائینز نےڈی پی ایل خطاب جیت لیا

Updated: September 02, 2025, 1:34 PM IST | Agency | New Delhi

 نتیش رانا (ایک وکٹ اور ۷۹؍رن) کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ویسٹ دہلی لائینز نے سینٹرل دہلی کنگز کو۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر دہلی پریمیر لیگ (ڈی پی ایل) کا خطاب اپنے نام کر لیا۔

West Delhi Lions won the Delhi Premier League trophy with a brilliant performance. Photo: INN
ویسٹ دہلی لائنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی پریمیر لیگ ٹرافی جیت لی۔ تصویر: آئی این این

 نتیش رانا (ایک وکٹ اور ۷۹؍رن) کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ویسٹ دہلی لائینز نے سینٹرل دہلی کنگز کو۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر دہلی پریمیر لیگ (ڈی پی ایل) کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ اتوار کی رات ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میچ میں سنٹرل دہلی کنگز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اوور میں۷؍ وکٹ پر ۱۷۳؍ رن بنائے۔ یُگل سینی نے ۴۸؍گیندوں پر ۶۵؍ رن اور پرانشو وجیرن نے ۲۵؍ گیندوں پر ۵۰؍رنوں کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ آرین رانا (۲۱)، سدھارتھ جون (۱۰) اور جونٹی سدھو (۱۰) نے بھی  تعاون دیا۔
  میچ کے آغاز میں ہی کنگز کا ٹاپ آرڈر دباؤ میں بکھر گیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ایک وقت وہ ۷۸؍رن پر ۶؍وکٹ گنوا چکا تھا اور میچ پر ویسٹ دہلی لائینز کا مکمل دباؤ تھا۔ لیکن یگل سینی اور پرانشو نے ساتویں وکٹ کے لئے ۷۸؍رنوں کی شاندار شراکت داری نبھا کر میچ کا رخ بدل دیا۔
 ویسٹ دہلی لائینز کی جانب سے منن بھاردواج اور شویانک وششتھ نے ۲۔۲؍ وکٹیں لیں جبکہ نتیش رانا، شبھم دوبے اور ماینک گسائیں نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
 ہدف کے تعاقب میں لائینز کو ابتدا میں ہی ۴۸؍رنوں پر۳؍ وکٹ سے مشکلات کا سامنا کیا۔ ایسے میں کپتان رانا نے شاندار بلے بازی کی اور مینک گسائیں کے ساتھ ۴۲؍رنوں کی شراکت سے اننگز کو سنبھالا۔ بعد ازاں ریتک نے رانا کا بھرپور ساتھ دیا۔ ریتک نے ۲۷؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۴۲؍ رن بنائے جبکہ نتیش رانا نے ۴۹؍ گیندوں پر ۷؍ چھکوں اور ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۷۹؍رنوں کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ دونوں کے درمیان ناٹ آؤٹ  شراکت داری نے ٹیم کو ۱۸؍اوور میں ہی۴؍وکٹ پر ۱۷۵؍ رنوںتک پہنچا دیا اور ویسٹ دہلی لائینز نے ۶؍ وکٹ سے فتح حاصل کرلی۔
 سینٹرل دہلی کے لئے سمرجیت سنگھ نے ۲؍ وکٹیں جبکہ ارون پنڈیر اور تیجس بروکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK