Inquilab Logo

کورونا کی نئی قسم سے خوف، کچھ ممالک میں سفری پابندیاں

Updated: November 29, 2021, 12:32 PM IST | Agency | London

اسرائیلی وزیر اعظم کے مطابق عوام کی جانوں کی حفاظت کیلئے۱۴؍ دن تک ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ پاکستان نے ۶؍ افریقی ممالک اور ہانگ کانگ کے شہریوں کو اپنے ملک میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ، برطانیہ میں دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر دوبارہ ماسک پہننا لازمی

 London: After wearing the mask again, people are traveling wearing masks. Picture:PTI,AP
لندن : دوبارہ ماسک لازم قرار دیئے جانے کے بعد لوگ ماسک لگا کر سفر کررہےہیں۔۔ تصویر: پی ٹی آئی / اے پی

برطانیہ، جرمنی  ، اٹلی اور دیگر ممالک میں   کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں خوف کا ماحول ہے۔مختلف ممالک میں اس پر قابو پانے کیلئے ضوابط مزید سخت کر دیئے ہیں۔ کئی ممالک نے  سفری پابندیوں کا اعلان کیا ہے ۔  اتوار کو آسٹریلیا میں حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ جنوبی افریقائی ممالک سے سڈنی آنے والے مسافر میں اومیکرون وائرس کی شناخت کی ہے۔جرمنی کی ریاست باویریا کی وزارت صحت نے بھی اومیکرون کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ جنوبی افریقہ سے دو افراد میونخ ایئرپورٹ کے ذریعے داخل ہوئے اور انہوں نے خود کو آئیسولیٹ نہیں کیا تھا۔  برطانیہ میں اومیکرون کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ۔ا س سلسلے میںبرطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے  بتایا کہ ان کا تعلق جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کے ساتھ نکلا۔  اسی دوران برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ آنے والے تمام مسافروں کو اس وقت تک قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت ہوگی جب تک ان کا منفی پی سی آر ٹیسٹ نہیں آ جاتا۔بورس جانسن کے مطابق   برطانیہ  کی دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ  پر دوبارہ ماسک پہننا لازمی قرار دیا جارہا ہے۔   اٹلی کے نیشنل ہیلتھ انسٹیٹوٹ کا کہنا ہے کہ میلان میں موزمبیق سے آنے والے ایک شخص میں اومیکرون کی شناخت ہوئی ہے۔ جمہوریہ چیک کے شہر لیبریک کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہاں کے وزیر اعظم لیڈی بابس نے سنیچر ک کہا کہ ایک خاتون کا اومیکرون  ویرینٹ کا ٹسٹ کیا گیا ہے۔ وہ  نمیبیا  گئی تھی اور جنوبی افریقی اور  متحدہ عرب امارات کے راستے چیک ریپبلک واپس آئی تھی۔ بعد ازاں چیک ٹی وی نے لیبریک اسپتال کے حوالے سے تصدیق کی کہ خاتون اومیکرون وائرس سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون میں بیماری کی ہلکی علامات ہیں۔ اسےقرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔  اسی دوران پاکستان نے کورونا وائرس کی نئی قسم اور ممکنہ طور پر زیادہ خطرناک’اومیکرون‘   کے خطرات کےپیش نظر۷؍ ممالک کے مسافروں پر سفری پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ’این سی او سی‘ کے مطابق۶؍ جنوبی افریقی ممالک لیسوتھو، ایسواتینی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا اور جنوبی افریقہ کے علاوہ ہانگ کانگ کے مسافروں پر بھی اس سفری پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے۔ پاکستان کی وزارت صحت کے مطابق سفری پابندی کا یہ فیصلہ سنیچر کوکیا گیا اور یہ اتوار ۲۸؍ نومبر سے نافذ ہو گیا ہے۔   اسی دوران  اسرائیل نے کورونا وائرس (کووڈ) وباءکی نئی شکل ’اومیکرون‘ کی روک تھام کیلئے دو ہفتوں تک ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر نے یہ اطلاع دی ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق سنیچر کی رات ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں غیر ملکیوں کے لئےتمام سرحدیں ۱۴؍روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے واپس آنے والے اسرائیلی شہریوں کا ہوائی اڈے پر کورونا ٹسٹ کرانا ہوگا۔ پھر ان کیلئے قرنطینہ  بھی ضروری ہو گا، جس کے بعد ان کا دوبارہ ٹسٹ کرانا پڑے گا۔ افریقی ممالک سے واپس آنے والے اسرائیلی شہریوں کو مخصوص ہوٹلوں میں قرنطینہ کی ضرورت ہوگی۔ ان تمام  کی نگرانی کی جائے گی جن کا ’اومیکرون ٹسٹ مثبت آیا ہوگا۔  یادر ہے کہ جمعہ کو اسرائیل میں کورونا وائرس کے ’اومیکرون‘ ویرینٹ کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ کئی دیگر مشتبہ کیسز کی ٹسٹ رپورٹس کی عدم دستیابی کی وجہ سے تصدیق زیر التوا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے مطابق غیرملکیوں پر سفری پابندی۱۴؍ دن کے لئے ہوگی اور یہ فیصلہ اسرائیلی عوام کی جانوں کی حفاظت کے لئے کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK