کساد بازاری کے خطرے کے پیش نظر اور اخراجات گھٹانے کیلئے عالمی سطح پر کئی کمپنیاں ملازمین کی چھٹنی کرچکی ہیں۔
کسادبازاری کے خطرے کے پیش نظر اور اخراجات گھٹانے کیلئے عالمی سطح پر کئی کمپنیاں ملازمین کی چھٹنی کرچکی ہیں۔ ان میں امریکی کمپنیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ان میں شامل ای کامرس کمپنی امیزون اور ڈِزنی نے اب ایک بار پھر ملازمتیں گھٹانے کا اعلان کیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق ملٹی نیشنل امریکی کمپنی امیزون کا دنیا بھر میں اپنے دفاتر سے مجموعی طور پر ۹؍ہزار ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کا منصوبہ ہے۔ امیزون نے ۲۰؍ مارچ کو اس ضمن میں اعلان بھی کیا ہے ۔ اس سے قبل امیزون نے ماہ جنوری میں تقریباً ۱۸؍ہزار ملازمین کی چھٹنی کی تھی۔ امیزون کے سی ای او اینڈی جسی کے ذریعہ ملازمین کو روانہ کردہ میمو میں کہا گیا کہ کمپنی میں زیادہ تر ملازمتوں میں کٹوتی امیزون ویب سروسیز، پی ایکس ٹی ، ایڈورٹائزنگ اور ٹویچ جیسے شعبوں میں کی جائے گی۔ جبکہ کمپنی اپنے اسٹرٹیجک شعبوں کیلئے نئے ملازمین کی بھرتی کرے گی۔
انٹرٹیمنٹ انڈسٹری کی نامور کمپنی ڈِزنی بھی دوبارہ چھٹنی کی تیاری میں ہے ۔ اس بار کمپنی اپنے ۴؍ہزار ملازمین کو کام سے نکالے گی اس کے پہلے فروری میں ۷؍ہزار ملازمتیں ختم کی گئی تھیں۔ بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے چھٹنی کے ضمن میں منیجرس کو احکامات بھیج دئیے ہیں کہ وہ بجٹ میں کٹوتی کیلئے تجاویز بھیجیں اور آئندہ ہفتوں میں ان ملازمین کی فہرست تیار کریں جنہیں ملازمت سے نکالنا ہے۔ فی الحال ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ چھٹنی ایک ساتھ کی جائے گی یا پھر مرحلہ وار ہوگی ۔ چھٹنی کا باضابطہ اعلان اپریل میں ہوگا۔