ویشالی جامدار اورنگ آباد ایجوکیشن بورڈ کی سیکریٹری ہیں جنہیںکئی بار پوچھ تاچھ کیلئے بلایا گیا مگروہ حاضر نہیں ہوئیں
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 11:25 PM IST | Mumbai
ویشالی جامدار اورنگ آباد ایجوکیشن بورڈ کی سیکریٹری ہیں جنہیںکئی بار پوچھ تاچھ کیلئے بلایا گیا مگروہ حاضر نہیں ہوئیں
جعلی ٹیچرس بھرتی معاملے میں ایک کے بعد ایک اعلیٰ افسران کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ۱۳؍ افراد اس معاملے میں گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ جمعہ کو ریاستی بورڈ آف ایجوکیشن کے ڈیویژنل صدر اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن چنمامن ونجاری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اب ناگپور پولیس نے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن ، ناگپور ڈیویژن، اور اورنگ آباد ایجوکیشن بورڈ کی سیکریٹری ویشالی جامدار کو گرفتار کیا ہے۔ جامدار کو پہلے بھی کئی بار پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا جا چکا ہے۔ تاہم وہ ہر بار مختلف وجوہات بتا کر غیر حاضر رہیں۔
حال ہی میں گرفتار کئے گئے ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن الہاس نرڈ سے پہلے ویشالی جامدار ناگپور کی ڈیویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر تھیں۔ یہ گھوٹالہ منظر عام پر آنے کے بعد تفتیش شروع ہوئی اور ایک شکایت کی بنیاد پر، پولیس نے ویشالی کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئیںلیکن اب گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس سے قبل ۲۲؍مئی کو ناگپور پولیس نے کلیدی ملزم لکشمن منگھم کو گرفتار کیا تھا اور سائبر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ یہ منگھم ہی تھا جس نے ڈپٹی ڈائریکٹر الہاس نرڈ کا پاس ورڈ چرا کر گھر بیٹھے فرضی اسکول آئی ڈی بنائی تھی۔ سابق ڈپٹی ڈائرکٹر آف ایجوکیشن انل پاردھی، کو ۱۲؍مئی کو گرفتار کیا گیا تھا اور فوری طور پر ضمانت دی گئی تھی۔ تفتیش میں انل پاردھی نے ونجاری کا نام لیا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا۔ اس معاملے میں اب تک کل ۱۳ لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جن میں سے ڈیویژنل ڈپٹی ڈائرکٹر آف ایجوکیشن الہاس نرڈ، جعلی ٹیچر پراگ پوڈکے، ماسٹر مائنڈ نیلیش میشرام، سنجے دودھالکر، اور سورج پُنجارام نائیک، حکمہ تعلیم کے پے اینڈ پراویڈنٹ فنڈ سپرنٹنڈنٹ نلیش واگھ مارے، ساگر بھگولے اور شیوداس ڈھولے کے ساتھ بھنڈارہ ضلع کے ارجونی مورگاؤں میں ایک ادارے کے ڈائریکٹر ملزم راجو کیول رام میشرام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جعلی ٹیچرس بھرتی نے ریاست بھر میں کھلبلی مچادی ہے۔اس میں کئی بڑے نام شامل ہیں۔