Inquilab Logo

سفر حج سے متعلق خرچ کا حتمی اعلان ۱۰؍مئی کے بعد

Updated: May 07, 2022, 2:10 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق اس مرتبہ صرف ایک کٹیگری عزیزیہ ہوگی، ایمبارکیشن پوائنٹ کے حساب سے خرچ طے ہوگا اسی لئے خرچ میں کمی بیشی ہوگی

A final decision has not yet been made on how much fare will be charged from the pilgrims. (File photo)
حج پر جانے والوں سے کتنا کرایہ لیا جائےگا اس پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔(فائل فوٹو)

حج بیت اللہ کی ادائیگی کے ایام جیسے جیسے قریب آتے جارہے ہیں اسی حساب سے تیاری میں بھی تیزی آرہی ہے۔اس دفعہ حجاج کو حج خرچ کے طور پر  زائد رقم جمع کروانی ہوگی، یعنی حج مہنگا ہوگا۔اس کی وجہ جہاز کے کرائے میں اضافہ، معلم کی فیس بڑھ جانا اور سعودی حکومت کی جانب سے ویٹ وغیرہ میں کیا گیا اضافہ ہے۔
 حج کمیٹی آف انڈیا انڈیا کے سی ای او یعقوب شیخا  نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ اس دفعہ محض ایک ہی کٹیگری عزیزیہ ہوگی،  یہیں حجاج کو قیام کروایا جائے گا۔انہوںنے یہ بھی بتایا کہ اندازے کے مطابق سفر حج پر خرچ ۳؍ لاکھ ۳۷؍ہزار روپے سے ۴؍ لاکھ  ۷؍ہزارروپے تک ہوگا مگر یہ حتمی نہیں ہے  بلکہ۱۰؍مئی کے  بعد جب ہوائی ایجنسیوں کی جانب سے طے شدہ کرائے کی فہرست موصول ہوجائے گی اس کے  بعد حتمی اعلان کیا جائے گا ۔
  سی ای او سے یہ پوچھنے پر کہ جب ایک ہی کٹیگری ہوگی اور محض عزیزیہ میں  عازمین کو قیام کروایا جائے گا تو خرچ  میں ۶۵؍ہزار روپے سے زائد فرق کس بنیاد پر ہوگا؟ تو انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ یہ الگ الگ ایمبارکیشن پوائنٹ  سے کرائے میں فرق کی بنیاد  پر خرچ میں فرق ہے۔ اسے یوں سمجھا جاسکتا ہے کہ اگر ممبئی سے  جانے والے عازم کو ۷۵؍ہزار روپے کرایہ ادا کرنا ہوگا توگوہاٹی اورکشمیر سے جانے والے عازمین کو اس کا تقریبا ًدو گنا کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ اسی بنیاد پر خرچ بڑھ جائے گا۔ یاد رہے کہ جب سبسیڈی ملتی تھی تب یہ بوجھ عازمین پر نہیں پڑتا تھا۔اب یہ سارا بوجھ حاجی کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔اس صورتحال کے باوجود حکومت غلط بیانی کرتے ہوئے یہ دعویٰ کرتی رہی کہ سبسیڈی ختم کردینے کے باوجود حج سستا ہو گیا‌۔
 حج کے دوران عازمین کے قیام کی مدت کے تعلق سے انقلاب کے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ ۳۵؍دن سے زائد حاجی قیام کر سکیں گے، اس کا حتمی  اعلان اسی وقت کردیا جائے گا۔حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او  کے مطابق وقت کم ہے اس لئے حج سے متعلق تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور عازمین ، جن کا قرعہ اندازی میں انتخاب کیا جا چکا ہے، وہ پیشگی رقم۸۱؍ہزار روپے کی پہلی قسط بھی  جمع کروا رہے ہیں ۔ جیسے ہی  تمام چیزیں طے ہو جائیں گی، منتخب عازمین کو اس سے مطلع کر دیا جائے گا تاکہ ان سب کی روانگی وقت مقررہ پر ہو سکے۔
 خدام الحجاج کی آج سے۲؍روزہ ٹریننگ، 
 اسی سلسلے میں خدام الحجاج کی ۲؍روز ٹریننگ(سنیچر اور اتوار) آج سے شروع ہورہی ہے۔ اس کا افتتاح حج ہاؤس میں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔اس دوران خدام الحجاج کو ٹریننگ اور حج کے دوران ان کو کیا کرنا ہوگا، بتایا اور سمجھایا جائے گا۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK